درد کی چھاؤں کا
برادر عزیز، احمد مہناج صاحب کے لیے چند سطور
آپ کے مجموعۂ نظم ۔۔۔ درد کی چھاؤں۔۔۔ کے مطالعے کے بعد دل نے چاہا کہ ایک قاری کی حیثیت سے اپنے تاثرات اور فکری احساسات قلم بند کروں۔ یہ تحریر نہ کسی دعوے کے ساتھ ہے اور نہ تنقیدی حکم کے طور پر، بلکہ ایک خاموش مطالعے کے بعد دل میں اترنے والی کیفیت کا بیان ہے۔ اگر یہ مضمون آپ کے نزدیک مناسب ہو تو اسے قبول فرمائیں۔
سحر سخن
درد کی چھاؤں کا مرقع معنی
جناب احمد مہناج کا مجموعۂ کلام
(درد کی چھاؤں) درحقیقت روح انسانی کے اس خاموش باطنی سفر کا مرقع ہے جو ہنگامۂ دنیا سے الگ ہو کر خلوتِ ذات کے صحرا میں طے ہوتا ہے۔ یہ نظمیں قاری پر اپنے مفاہیم کا بوجھ نہیں ڈالتیں بلکہ شبنم کی مانند دل کی زمین پر آہستہ آہستہ اترتی اور سرایت کر جاتی ہیں، گویا تیز دھوپ کے دامن پر کوئی بے آواز سایۂ رحمت لمحہ بھر کو ٹھہر جائے۔ احمد مہناج کی شاعری کا اصل جوہر یہی ہے کہ وہ نعرہ زنی اور بلند دعوؤں کے بجائے دل کی سچائی کی پاسبانی پر قائم ہے۔ یہاں لفظ نمائش کے لیے بے تاب نہیں، جذبہ بے ساختگی سے جلوہ گر ہوتا ہے اور تجربۂ ذات آہستہ آہستہ تجربۂ کل میں ڈھل جاتا ہے۔
نظم، درد کی چھاؤں
اس چمکیلی تیز دھوپ میں
میں، شجر تھا جو کھڑا رہا
تم بشر ہو تم بھی گزر جاؤ گے
پھر بھی اے مسافر
صرف تیرے سکون کے لیے
چھاؤں کو مبتلائے اذیت کیا
جو رات سے پہلے ہی تھک کے سو جاتی ہے
کہ صبح پھر انتظار کرنا ہے
ایک منزل جاناں کے مسافر کا
جو کچھ دیر کو تو ٹھہرے گا
کہ آگے اس کی راہ میں
نہ بشر ہے نہ شجر کوئی
یہ چھاؤں، جو تیرے انتظار میں
جبیں کو خاک پہ ملتی ہے
یہ چھاؤں میری اپنی ہے
اس کے بھی پاؤں جلتے ہیں
اس نظم میں شجر محض سایہ دینے والا وجود نہیں بلکہ ایک ایسا باشعور اور صاحب احساس استعارہ بن جاتا ہے جو خود جل کر بھی مسافر کے سکون کی خاطر کھڑا رہتا ہے۔ دھوپ، چھاؤں اور انتظار یہاں محض مناظر نہیں بلکہ ایثار، خاموش قربانی اور داخلی کرب کی علامتیں ہیں۔ شاعر نے اس نظم میں انسانی رشتوں اور رویوں کی وہ پرت کھولی ہے جہاں سہارا دینے والا خود سب سے زیادہ آزمائش میں ہوتا ہے۔
اسی فکری تسلسل کے ساتھ ،،نظم زندگی،، چند مختصر سطروں میں انسانی حیات کے تضادات کو نمایاں کرتی ہے، گریز اور طلب ٹھہراؤ اور حرکت دنیا سے فرار اور دنیا ہی کی جستجو، یہ سب متضاد کیفیات دراصل زندگی کی وہی ازلی تصویر ہیں جو ہر صاحب دل کے مشاہدے میں آتی ہے۔
نظم۔ نظم زندگی
دنیا میں دنیا سے بھاگ رہا ہے
دنیا کو چھوڑ کے
دنیا کے پیچھے
ایک نئی دنیا کا متلاشی
اپنی پرانی باتوں سے
دنیا کو دل جلا رہا ہے
دنیا رک رہی ہے
دنیا چل رہی ہے
اسی کا نام زندگی ہے
یہ نظم اپنی سادگی میں گہری معنویت رکھتی ہے۔ کسی فلسفیانہ اصطلاح کے بغیر زندگی کے پیچیدہ تضادات کو اس طرح سمیٹ لیتی ہے کہ قاری کو اپنے وجود اور طرز زیست پر غور کرنا پڑتا ہے۔
رہی بات (انتظار) کی، تو اس نظم میں شام کی آخری کرن، چراغوں کی لو، بارش میں بھیگی پلکیں محض منظر نگاری نہیں بلکہ امید و یاس اور دعا کی لطیف علامتیں بن جاتی ہیں۔ انتظار یہاں کسی ایک فرد تک محدود نہیں رہتا بلکہ ایک ہمہ گیر کیفیت کی صورت اختیار کر لیتا ہے، ایک ایسی بندگی جو کھلنے کے لیے بے قرار رہتی ہے۔
نظم ۔۔۔۔ انتظار
کبھی کبھی جب شام ڈھلے
سورج کی وہ آخری کرن
مجھ سے باتیں کرتے کرتے
اکثر سو جاتی ہے
چاندنی راتوں میں
جب دیے جلتے ہیں
کسی کا انتظار ہوتا ہے
ایک امید ہوتی ہے
جو اکثر ٹوٹ جاتی ہے
اور پھر ویرانے میں
ایک ہلکی سے آہٹ ہوتی ہے
بارش میں وہ بھیگی پلکیں
اس طرح جھک جاتی ہیں
ایک بند کلی جیسے
کھلنے کے لیے بے قرار رہتی ہے
جناب احمد مہناج کی فنی بصیرت کا ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ وہ قاری کو کسی حتمی نتیجے تک پہنچانے کے بجائے سوچ کے سفر پر چھوڑ دیتے ہیں۔ وہ سوال کو زندہ رکھتے ہیں، فضا قائم کرتے ہیں اور خاموشی کو معنی عطا کرتے ہیں۔ یہی سبب ہے کہ ان کی نظموں میں توقف، سادگی اور ان کہی باتیں بھی بامعنی ہو جاتی ہیں۔
درد کی چھاؤں دراصل جذبوں کے اظہار سے بڑھ کر ان کے احترام کا درس ہے۔ یہ مجموعہ یاد دلاتا ہے کہ اصل درد وہ نہیں جو شور بن کر ابھرے بلکہ وہ ہے جو سایہ بن کر دھوپ میں جلتا رہے اور پھر بھی مسافر کے سکون کی دعا کرے۔ احمد مہناج کی شاعری اسی خاموش تڑپ اور سچی تمنا کی آئینہ دار ہے اور یہی اس کی ادبی عظمت کا اصل راز ہے۔
یہ مجموعہ اولین سنہ 2023ء میں محبوب پریس، کراچی سے شائع ہوا۔ اس کی ترتیب و آرائش میں ابن آس محمد، شاہانہ خٹک، ثروت غوری، نادر شاہ خان، جاوید اختر اور شوکت علی گرافکس کے علاوہ دیگر اہل ذوق اور دوستوں نے حصہ لیا، جس کے نتیجے میں کتاب کی فکری معنویت اور ظاہری حسن کے درمیان ایک نازک اور خوشگوار توازن قائم ہو سکا۔
یہ تحریر خلوص مطالعہ کا ایک ادبی اعتراف ہے، اگر کہیں معنی کی کمی یا لفظ کی لغزش ہوئی ہو تو اس کے لیے معذرت، اور جو کچھ بھی دل تک پہنچا وہ یقیناً درد کی چھاؤں کی اپنی تاثیر ہے۔
اختر شیخ
دسمبر ۱۹ ۔۔ ۲۰۲۵

اختر شیخ صاحب نے جس طرح درد کی چھاؤں کی پزیرائی کی ہے ۔ ۔ ۔ بہت ہی قابلِ احترام الفاظ کے ساتھ احمد منہاج کو جو عزت بخشی ہے وہ انتہائی لائق تحسین ہے ۔
ReplyDeleteدرد کی چھاؤں ایک کیفیت کا نام ہے ۔ ۔ ۔
ایک ایسی کیفیت جو قاری کے دل سے ہوتی ہوئی روح میں اُترتی ہے ۔ ۔ ۔
شکریہ برادر من احمد منہاج صاحب، آپ کے محبت بھرے الفاظ میرے لیے باعث مسرت ہیں۔ درد کی چھاؤں وہی کیفیت ہے جو دل سے روح تک اترتی ہے، اور یہ جان کر خوشی ہوئی کہ یہ کیفیت آپ تک پہنچی۔ ♥️♥️♥️
ReplyDelete