حسرت کتاب میلہ پرواز خیال اور زنجیر جسم
حسرت کتاب میلہ، پرواز خیال اور زنجیر جسم
ہائے رے مجبوری، کراچی میں ایکسپو سینٹر میں میرا پسندیدہ کتابوں کا میلہ سجا ہے، مگر اس دل فریب سماں کو دیکھنے کی حسرت اب صرف آنکھوں میں ہی سما کر رہ گئی ہے۔ گھٹنوں کا یہ درد تو پچھلے چار پانچ سال سے پلٹ کر جاتا ہی نہیں، گویا یہ بے وفا مہمان ہو گیا ہے۔ پارکنگ سے ہال تک کی مسافت اب کوہ ہمالیہ معلوم ہوتی ہے اور ہالوں میں اسٹالوں کے چکر لگانا کتابیں ٹٹولنا۔ یہ سب خواب بن کر رہ گئے ہیں۔ گھٹنوں کی یہ کمزوری کس قدر بے رحم ہے کہ دو تین قدم کی مسافت بھی ہنستے ہنستے طے نہیں ہوتی، ایک سیڑھی بھی آسمان کی بلندی محسوس ہوتی ہے اور دس پندرہ منٹ کھڑے رہنا بھی ممکن نہیں رہا۔
دل میں ایک طوفان اٹھتا ہے، بے بسی کے بادل چھا جاتے ہیں۔ جسم اس جگہ ہے مگر روح تو پر ہوا بن کر وہاں اڑ جانے کو بیتاب ہے، جہاں کاغذ کے پنوں کی خوشبو فضا میں تیر رہی ہوتی ہے۔ کاش کوئی جادو ہو کوئی سحر کہ جسم کی یہ زنجیر ٹوٹ جائے اور میں اپنے محبوب میلے میں جا پہنچوں۔
کیونکہ یہ بات سچ ہے کہ ۔۔۔۔
جب کتابوں سے میری بات نہیں ہوتی ہے
تب میری رات میری رات نہیں ہوتی ہے
اور پھر اکثر یہ خیال بھی ستاتا ہے کہ ۔۔۔
کتاب شوق و محبت جو ایک حصّہ تھی
پڑی ہے گرد اب اس پر کئی زمانوں سے
ذکیہ شیخ
بس، اب تو صرف یادیں ہی ساتھ ہیں۔ آنکھیں بند کر کے ہی سہی، پرانے میلے کی رونقیں تازہ کر لیتا ہوں۔ کتابوں کی خوشبو، صفحات کی سرسراہٹ دوستوں سے ملاقات کی ہنسی۔ یہ سب ذہن کے اسٹال پر سجے ہیں۔ مگر ہائے، یہ مجبوری کس قدر بے رحم ہے کہ اپنے پاؤں پر وہاں تک پہنچ کر اس ہجوم میں کھڑے ہو کر اپنی ہاتھوں سے کتابوں کے ورق پلٹنا بھی ممکن نہیں رہا۔
ہائے کیا بے بسی ہے کہ وہاں تک پہنچنے کا راستہ ہی نہیں ہے۔ یہی تو المیہ ہے، منزل سامنے ہے راستہ بھی ہے، مگر پاؤں میں اتنی طاقت نہیں کہ اس راستے پر چل سکیں۔
اختر شیخ
دسمبر ۲۱ ۔۔۔ ۲۰۲۵

Comments
Post a Comment