رسمیں بدلتی ہیں، مگر مرتی نہیں


  رسمیں بدلتی ہیں، مگر مرتی نہیں

آج کل کے اس دوڑتے بھاگتے دور میں جب ہر چیز عارضی اور ہر رشتہ سطحی ہوتا جا رہا ہے، اچانک موبائل پر ایک مختصر سی ویڈیو نے مجھے روایات کے اس گہرے سمندر میں غوطہ لگوا دیا جہاں صدیوں کی خوشبوئیں سانس لیتی ہیں۔ معاملہ کچھ یوں پیش آیا کہ دو روز قبل ہفتے کے دن چھوٹی بہن کی آمد اور بھانجے بھانجیوں کی قلقل نے گھر کے ساکت ماحول میں ایسی زندگی پھونک دی کہ ہر دیوار سے مسکراہٹیں ٹپکنے لگیں۔ کہیں قہقہوں کی گونج کہیں معصوم شرارتوں کی جھنکار اور گھر اپنی روزمرہ کی ویرانی بھول کر ریشمی دبیز تہذیب کے ایک جلوہ خانے میں بدل گیا۔


اسی شورش خوشی کے بیچ خدا جانے کس سمجھ بوجھ کے لمحے ہماری چنچل بھانجی سامیہ حفیظ نے میرے ننھے سے پان دان کی ایک ویڈیو بنا ڈالی اور آج بڑے فخر و اہتمام سے اسے ایڈٹ کر کے بھیج دی۔


وہ پان دان جو محض ایک برتن نہیں بلکہ ہماری خان داری شان کا ایک باب ہے۔ والدہ ماجدہ کے ہاتھوں پالش ہوتا بزرگوں کی انگلیوں کی حرارت سے منور، اور نجانے کتنی محفلوں کی خاموش گواہ۔۔۔

اس کی چمک میں زمانے کی کہانیاں سما گئی ہیں اور ڈھکن اٹھاتے ہی ایک پورا عہد سامنے آ جاتا ہے۔ کبھی رسم و تکلف کے لمحے اسی کے کھلنے سے شروع ہوتے کبھی مہمان نوازی کی ابتدا اسی کی جانب اٹھتی نظر سے ہوتی۔ پان کا پیش کرنا محض ایک رسم نہ تھا، یہ تو دلوں کا رشتہ مضبوط کرنے، گفتگو کو

خوشبودار بنانے اور احترام کو خوشبو میں تبدیل کر دینے کا ہنر تھا۔


پرانی گھروں میں پان دان ایسی جگہ رکھا جاتا تھا جیسے تہذیب کی مہر تصدیق۔ نہ بے موقع کھلتا نہ بے محل بند رہتا۔ شادی ہو یا تعزیت خوشی ہو یا گھریلو مجلس اس کی موجودگی ہر بات کو وقار عطا کرتی۔ سچ پوچھیے تو بہت سی پراسرار باتیں، بہت سے راز کے فسانے، پان کی گِلوری میں لپٹ کر ہی زبان پر آتے تھے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ اردو کے ایک شاعر نے کہا تھا۔


پان نے راہِ گفتگو آسان کر دی

دل کی گہرائی کو لب یار تک پہنچا دیا


اب وقت نے پلٹا کھایا ہے۔ رسمیں بدلی ہیں، طور طریقے نئے ہوئے ہیں۔ مگر میرا یہ پان دان آج بھی اسی شان سے میزیں زینت بناتا ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ اب یہ محفل کا مرکز کم اور یادوں کا ایک خزانہ زیادہ بن گیا ہے۔ لطیفہ یہ کہ جس پان دان تک پہنچنے کے لیے کبھی عمریں درکار تھیں، آج وہ بچوں کے موبائل اسکرین میں سما کر نئی نسل سے ہم کلام ہو رہا ہے۔ گویا روایت نے ٹیکنالوجی سے مصافحہ کر لیا ہو۔


یوں محسوس ہوتا ہے جیسے یہ پان دان آج بھی خاموشی سے یہی ترانہ سنا رہا ہے


رسمیں مرتی نہیں، بس پوشاک بدل لیتی ہیں

اور اگر نئی پوشاک پر پرانی مہک ہو

تو یہی تو تہذیب کی روانی ہے۔


(اختر شیخ)


Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ