ادب اسم محمدﷺ ۔۔ اس عاجز قلم کار کا اعتراف عجز
ادب اسم محمدﷺ ۔۔ اس عاجز قلم کار کا اعتراف عجز
♥️ادب اسم محمدﷺ♥️
کل محترم دوست گرامی کے خلوص آمیز سوال نے تو دل کی گہرائیوں کو چھو لیا۔ آپ نے پوچھا کہ میں اپنی تحریروں میں۔۔۔ (محمد اختر شیخ) کی بجائے صرف اختر شیخ ہی کیوں رقم کرتا ہوں۔ عرض ہے کہ یہ کوئی سہو یا کمی نہیں بلکہ ایک ایسا ادبی احتیاط ہے جس کی جڑیں دل کے عمیق احترام میں پیوست ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اخبارات کا دنیوی دورانیہ مختصر ہوتا ہے۔ آج یہ صفحۂ اول پر چمکتا ہے، کل بازار میں سبزی لپیٹنے یا کوڑے کے ڈھیر کی زینت بن جاتا ہے۔ کبھی کبھار یہی کاغذ ایسی جگہوں اور حالات میں پہنچ جاتا ہے جہاں ادب و احترام کا کوئی تصور باقی نہیں رہتا۔ ایسی صورت میں اگر وہ مقدس و مکرم نام محمد ﷺ، جو ہمارے ایمان کا اصل جوہر اور محبت کا مرکز ہے، ان صفحات پر درج ہو تو یہ خیال ہی روح کو کپکپا دیتا ہے کہ کہیں وہ نام نامی کسی ناشائستہ مقام پر استعمال ہوتے ہوئے، نادانستہ بے حرمتی کا باعث نہ بن جائے۔
میرا نام مختصر کرنا درحقیقت اس اسم پاک کو اس ممکنہ بے حرمتی کے اندیشے سے بچانے کی ایک عاجزانہ کاوش ہے۔ میں اپنی تحریر کو تو خاک راہ سمجھتا ہوں، مگر اس محمد ﷺ کے نام کا وہ مقام چاہتا ہوں جو آسمان ادب میں بھی نایاب ہے۔ یہ کوئی کمی نہیں، بلکہ اس کے شان جلال کے آگے اپنی بے بضاعتی کا اعتراف ہے۔
کیا میرا یہ قلم کیا میری یہ سیاہی، اس ہستی کے نام کو لکھنے کے لائق ہے جس کے نام سے کاتبین تقدیر اور اعمال لکھنے والے فرشتے بھی اپنے اظہار خیال کو ترستے ہیں؟
یہ عمل دراصل حفاظتی ادب اور قلبی تعظیم کا مجموعہ ہے۔ یہ جذبہ ہے کہ نام محمدﷺ کو دنیاوی بے حرمتیوں کے خطرے سے محفوظ رکھا جائے اور یہ اعتراف ہے کہ دل میں اس نام کی عظمت کو اس قدر بلند کر لیا جائے کہ ہر کاغذ اس کو سمیٹنے کے قابل نہ رہے۔
میں اختر شیخ لکھ کر بھی یہی پیغام دینا چاہتا ہوں کہ میری پہچان اسی ایک نام سے ہے، مگر وہ نام میرے دل کے محراب و مینار میں اس طرح محفوظ ہے کہ اسے دنیا کی ہوا بھی چھو نہ سکے۔ خدا کرے یہ عاجزانہ احتیاط، روز محشر میرے لیے سفارش بن جائے۔ شاید میرے رب کے فضل سے، میرا یہ چھوٹا سا عمل، حب رسول ﷺ کا ایک ثبوت ٹھہرے۔
دعا ہے کہ ۔۔۔۔
اللهم صل على سيدنا محمد عدد ما في علمك،صلاة دائمة بدوام ملكك۔
واجعل حبّه لي ذخراً، يوم لا ينفع إلا حبك واتباع سنة حبيبك۔
اے اللہ۔ درود بھیج اپنے حبیب محمدﷺ پر اتنی بار جتنی تیرے علم میں ہے وہ صلوۃ قائم رہے تیری سلطنت کی دوام تک۔ اور ان کی محبت کو میرے لیے ذخیرہ بنا دے اس دن جس دن تیری محبت اور تیرے حبیبﷺ کی سنت کی پیروی کے سوا کچھ کام نہ آئے گا
طالب دعا۔۔۔۔۔۔۔۔۔اختر شیخ
دسمبر ۲۳ ۔۔۔ ۲۰۲۵

Comments
Post a Comment