اجرک، احتجاج اور کراچی کا اصل سوال


 اجرک، احتجاج اور کراچی کا اصل سوال


اجرک سندھ کی تہذیبی تاریخ کا باوقار استعارہ ہے۔ عزت، مہمان نوازی اور شناخت کی علامت، اس پر کوئی اختلاف نہیں ہونا چاہیے۔ اختلاف وہاں سے جنم لیتا ہے جہاں ثقافت کو سیاست کی بیساکھی بنا دیا جائے۔ جہاں ہر اختلاف کو تعصب کا لبادہ پہنایا جانے لگے۔


حال ہی میں جماعت اسلامی کے کراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاج کے دوران، گدھا گاڑیوں اور ان پر آویزاں اجرک والی نمبر پلیٹوں پر جس ردعمل کا اظہار ہوا وہ دراصل ایک بڑے مسئلے سے نظریں چرانے کی کوشش معلوم ہوتا ہے۔

یہ احتجاج ای چالان، پانی کی قلت اور شہری انفراسٹرکچر کی تباہ حالی کے خلاف تھا۔ مگر بحث کا رخ اچانک موڑ دیا گیا۔ اجرک کی بے حرمتی کا ایک نیا ہنگامہ کھڑا کر دیا گیا۔


اب یہ سوال ذہن میں ابھرتا ہے کہ اگر اجرک اتنی ہی محترم ہے تو پھر وہی اجرک کراچی کی گاڑیوں پر نمبر پلیٹ بن کر، گندے پانی میں ڈوبی سڑکوں، کھلے گٹروں اور سیوریج کے چھینٹوں کے درمیان کیوں نظر آتی ہے؟

اس منظر پر کسی کو ثقافت خطرے میں محسوس کیوں نہیں ہوتی؟


خرد کا نام جنوں‌ رکھ دیا  جنوں‌ کا خرد

جو چاہے آپ کا حسن کرشمہ ساز کرے


حقیقت یہ ہے کہ ہم نے عقل کو جنون اور جنون کو عقل بنا دیا ہے۔ علامتیں اسیر ہیں، شعور مفلوج ہے۔


اصل مسئلہ یہ نہیں کہ اجرک کہاں باندھی گئی۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ احتجاج کس لئے ہوا اور کراچی کہاں کھڑا ہے۔

یہ بھی ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ اس ملک میں جس درجہ لسانی اور علاقائی تعصب کو سیاسی سرپرستی ملی، اس میں پیپلز پارٹی کا کردار سب سے نمایاں رہا ہے۔ ثقافتی علامات کو عوامی وحدت کی علامت بنانے کے بجائے انہیں جماعتی شناخت کا نشان بنا دیا گیا۔ نتیجہ یہ کہ آج اجرک ایک ثقافتی علامت کم اور سیاسی ہتھیار زیادہ بن چکی ہے۔

کراچی میں گدھا گاڑی کوئی طنز نہیں، حقیقت ہے۔ یہ اس شہر کے محنت کش طبقے کی علامت ہے جو برسوں سے بوجھ کھینچ رہا ہے۔ 

بجلی کے بل، پانی کے ٹینکر، ٹوٹی سڑکیں اور ٹیکسوں کا دباؤ۔ اگر کسی احتجاج میں اس استعارے کو سامنے لایا گیا تو اسے بے حرمتی نہیں، سماجی آئینہ سمجھا جانا چاہیے۔


زندہ لاشوں کی اک بھیڑ چاروں طرف

موت سے بھی بڑا حادثہ زندگی ہے


بدقسمتی سے ہمارے ہاں آئینے ہمیشہ ناگوار سمجھے جاتے ہیں۔

یہ طرز فکر کہ ہر اختلاف سندھ دشمنی ہے اور ہر احتجاج ثقافت پر حملہ، نہ صرف کراچی کو مزید تقسیم کرتا ہے بلکہ خود سندھ کی تہذیبی روح کے بھی خلاف ہے۔

خرد مندوں کے شہر بے ہنر میں‌

وہ زندہ تھا یہی اس کا ہنر تھا

اجرک کسی ایک جماعت یا بیانیے کی جاگیر نہیں، یہ سب کی ہے اور سب کے لیے ہے۔ اگر واقعی تہذیب کا احترام مطلوب ہے تو بحث کا مرکز اجرک نہیں، شہر ہونا چاہیے۔

ورنہ ہم ثقافت بچاتے بچاتے شہری وقار کھو بیٹھیں گے۔

اور کراچی میں یہ تجربہ نیا نہیں۔

اختر شیخ

دسمبر ۲۵ ۔۔۔ ۲۰۲۵

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ