خاموشی کا وقار، فاصلے کی شائستگی


 خاموشی کا وقار، فاصلے کی شائستگی


آج کے اس معاشرے میں جہاں ہر چیز کا توضیح طلب ہے۔ خاموشی کی بھی، تو پھر کیا کیا جائے۔ کوئی اگر ذرا سا پیچھے ہٹے بات چیت میں اعتدال برتے یا خود کو فضول کے جھمیلوں سے بچائے تو یہی سمجھ لیا جاتا ہے کہ تعلق میں سرد مہری آ گئی۔ حالاں کہ اکثر ایسا نہیں ہوتا۔

کبھی کبھی فاصلے تعلق توڑنے کے لیے نہیں بلکہ تعلق کو بے رنگی سے بچانے کے لیے رکھے جاتے ہیں۔ جب ہر بات کی تشریح دینی پڑے، جب ہر لفظ دفاع بن جائے تو آدمی شور مچانے کے بجائے خاموشی کو ترجیح دیتا ہے۔ یہ خاموشی بے حسی نہیں بلکہ خودداری کا ایک پیرایہ ہے۔

اسی کیفیت کو عبدالہادی کاوش نے یوں کہا ہے ۔ 


جسم کا ریشہ ریشہ مچلے درد محبت فاش کرے

عشق میں کاوش خاموشی تو سخنوری سے مشکل ہے


مشکل یہ ہے کہ لوگ فاصلہ تو دیکھ لیتے ہیں مگر اس کے پیچھے کار فرما اسباب کو نہیں پرکھتے۔ انہیں نظر نہیں آتا کہ مسلسل بے التفاتی، غیر ضروری تنقید یا لہجے کی درشتی نے متکلم کو کس موڑ پر لا کھڑا کیا۔ ایسی صورت میں خاموش ہو جانا عیب نہیں بلکہ اپنی ذہنی عافیت کا خیال رکھنا ہے۔

دوری کو اکثر سمجھ لیا جاتا ہے سزا، حالاں کہ یہ سزا نہیں ایک وقفہ ہے۔ ایسا وقفہ جس میں آدمی خود کو سنبھالتا ہے اپنی ترجیحات کا ازسر نو جائزہ لیتا ہے اور طے کرتا ہے کہ کہاں ٹھہرنا ہے اور کہاں نہیں۔ بسا اوقات پیچھے ہٹ جانا، آگے بڑھنے سے کہیں زیادہ ضروری ہو جاتا ہے۔ یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ خود کی طرف لوٹنا، دوسروں سے روگردانی کے برابر نہیں۔ یہ صرف اتنا ہے کہ انسان اپنی عزت نفس کو مقدم رکھے۔ بغیر شور و غوغا کے، بغیر شکایت کے۔۔۔۔۔

اور یہی رویہ درحقیقت شائستگی کی دلیل ہے۔

خاموشی اگر اختیار کی گئی ہے تو اسے بے رخی نہ سمجھا جائے۔ ممکن ہے وہ صرف اپنی حد بندی کر رہا ہو۔ اور حدود کا قائم کرنا اگر حکمت و سلیقے سے کیا جائے تو یہ بھی ایک مہذب عمل ہے۔

یاد رکھیے، ہر فاصلہ بے تعلقی کی علامت نہیں ہوتا۔ کبھی یہ محض اتنا سا اعلان ہوتا ہے کہ انسان نے خود کو ہجوم بے قدری سے نکال لیا ہے۔ خاموشی کا یہ انتخاب نہ کڑواہٹ ہے، نہ انکار۔ یہ صرف اس بات کی دلیل ہے کہ آدمی نے شور کے بجائے وقار کو برگزیدہ راستہ دیا ہے۔

بیدم شاہ وارثی کا یہ شعر پوری معنویت کے ساتھ اختتام پر آتا ہے ۔


میں ساز حقیقت ہوں دم ساز حقیقت ہوں

خاموشی ہے گویائی گویائی ہے خاموشی


جو لوگ اسے سرد مہری سمجھتے ہیں وہ شاید یہ نہیں جانتے کہ خودداری ہمیشہ بلند آواز میں نہیں بولتی، بسا اوقات وہ خاموش رہ کر ہی اپنی بات کہہ جاتی ہے۔ اور یہی خاموشی اگر تدبر سے برتی جائے تو انسان کو ٹوٹنے سے بچا لیتی ہے۔

اختر شیخ

دسمبر ۔۔ ۲۶ ۔۔ ۲۰۲۵

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ