کراچی، ماضی کا عروس البلاد اور حال کا دار مصائب
کراچی، ماضی کا عروس البلاد اور حال کا دار مصائب
شام کے کچھ پرسکون لمحے میں جب کراچی کی گلیاں ہلکی ہوا کے جھونکوں سے لطف اندوز ہو رہی ہوتی ہیں اور شہر اپنی بے پناہ صلاحیتوں اور کشش کو بے نقاب کرتا محسوس ہوتا ہے تو اپنا ایک پرانا شعر ذہن میں گونجنے لگتا ہے جو اس شہر کے سنہرے ماضی کی داستان سناتا ہے
رتبہ کسی بھی شہر کو ایسا ملا نہیں
اپنا کراچی شہر عروس البلاد ہے
(اختر شیخ)
میرا یہ شعر کراچی کی عظمت کی کہانی بیان کرتا ہے۔ وہ شہر جو کبھی روشنیوں کا شہر تھا جس کی شاہراہیں دنیا بھر کے مسافروں کا استقبال کرتی تھیں، جس کی بندرگاہ ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی تھی۔۔۔۔
یہ ،،عروس البلاد،، کا خطاب بلاوجہ نہیں ملا تھا۔
لیکن صبح کی روشنی کے ساتھ ہی یہ سنہری تصویر دھندلا جاتی ہے، اور ایک دوسرا شعر آج کے شہر کراچی کی کہانی بیان کرتا ہے ۔۔۔
شام کو امن کا بستی میں ہوا تھا چرچا
صبح کو دار پر آویزں کئی سر دیکھے
(اختر شیخ)
میرا یہ شعر ہمارے موجودہ کراچی کی المناک حقیقت ہے۔ شام کا وہ چرچا جو کچھ گھنٹوں کے لیے سکون کا احساس دلاتا ہے، وہ صبح کے سخت حقائق کے سامنے بے معنی ثابت ہوتا ہے۔
صبح کا کراچی ایک ایسے ،،دار،، پر چڑھا نظر آتا ہے جس کی تعمیر میں ہم سب کی لاچاری اور نظام کی نااہلی کا
سیمنٹ استعمال ہوا ہے۔
بچے اسکول جانے کی بجائے کھلے گیڑوں اور ٹوٹی سڑکوں کی قربان گاہ کی بھینٹ چڑھتے نظر آتے ہیں۔ شاہراہیں مقتل گاہ بن جاتی ہیں، جہاں روز کوئی نہ کوئی ڈمپر یا ٹینکر کسی نوجوان کے لیے تختہ دار کا کردار ادا کرتا ہے۔ بزرگ، جنہوں نے اس شہر کو آباد کیا، آج گندے پانی کے تالابوں اور پھسلن بھری پگڈنڈیوں پر اپنی عزت نفس اور کبھی کبھی اپنی صحت گنواتے نظر آتے ہیں۔
سوال یہ ہے کہ کیا یہی تقدیر ہے اس شہر کی جسے کبھی ،،عروس البلاد،، کہا جاتا تھا؟ کیا ہمارا شہر اپنے شاندار ماضی اور موجودہ مشکلات کے درمیان پھنسا رہے گا؟
آج جب عوام مہنگائی اور روزگار کے بحران میں اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کی جنگ ہی لڑ رہی ہو، تو کیا ان سے اس ،،دار،، کو گرا دینے کی توقع رکھنا انصاف ہے؟
کیا اس تختہ دار کو گرانے کی ذمہ داری ان ارباب اقتدار پر نہیں آتی جو اس عروس البلاد کے محافظ ہیں؟
میئر صاحب کراچی اور متعلقہ اداروں کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اس شہر کو اس کا کھویا ہوا رتبہ دلائیں۔ ان گیڑوں کو بند کریں، سڑکیں درست کریں، ٹریفک کے انتظام کو بہتر بنائیں، اور شہریوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کریں۔
ہمارا کراچی اب بھی عروس البلاد بن سکتا ہے، بشرطیکہ حکمران اور منتظم اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور عوام کے ساتھ مل کر کام کریں۔ ورنہ یہ تضاد قائم رہے گا۔ ایک طرف ماضی کا عروس البلاد اور دوسری طرف حال کا دار مصائب۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment