سلطنت ڈھکن ۔ اوپر تخت نیچے گٹر …
سلطنت ڈھکن ۔ اوپر تخت نیچے گٹر … اور بیچ میں پستا انسان ۔۔۔۔۔
جب ریاست کے ایوانوں پر ڈھکنوں کی نسل نو قابض ہو جائے
تو پھر گٹر کا ڈھکن کون دیکھے گا؟
جو خود اقتدار کے منہ پر بیٹھے ہوں
وہ سڑک کنارے پڑے کھلے گڑھوں کی فکر کیوں کریں؟
خلق خدا چاہے ٹانگیں تڑوائے زندگیاں گنوائے
لیکن حکومت کے ڈھکنوں کو کیا۔
ڈھکنوں کے حصے میں نہ احساس آتا ہے نہ شرم نہ حرکت۔۔۔۔۔
مرتے انسان رہیں
کیونکہ یہاں انسان کی قیمت کم اور ڈھکن کی کرسی زیادہ قیمتی ہے۔
ڈھکنوں کی کتاب میں صرف دو چیزیں اہم ہوتی ہیں۔۔۔۔
تخت کے پیچ اور اقتدار کے نٹ بولٹ۔
باقی سب عوام بچے بزرگ سڑکیں، گٹر۔۔۔۔۔۔
سب غیر ترقیاتی اخراجات میں شمار ہوتے ہیں۔
احساس؟
یہ تو جمہور کی صفت ہے۔
ڈھکنوں کا تو نصب العین ہی یہ ہے کہ
اوپر بیٹھے رہو
نیچے کچھ بھی سڑتا رہے ۔۔۔۔۔
ذمہ داری گٹر کی قصور عوام کا
اور چہرہ دھونے کا پانی بھی ناکافی۔
اور جب صوبے کیا پورے ملک میں اوپر تک ڈھکن ہی ڈھکن لگ جائیں
تو نیچے کی گندگی کا زخم پھر کس کے ماتھے پر لکھا جائے؟
گٹر کا منہ کھلا رہے تو رہے ۔۔۔۔
ڈھکنوں کو کیا خبر
کہ نیچے ہر دن کتنے خواب ڈوبتے ہیں۔
کتنے گھر پستے ہیں۔
اور کتنی زندگیاں اس ڈھکن زدہ ترقی کے نیچے
خاموشی سے کچلی جاتی ہیں۔
آخر میں حقیقت صرف اتنی ہے کہ
جب قومیں ڈھکنوں کو بادشاہ بناتی ہیں۔۔۔۔
تو پھر گٹر نہیں۔۔
انسان بہتے ہیں۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment