وفا پر تہمت، سگِ وفا اور کم ظرف کا المیہ
وفا پر تہمت، سگِ وفا اور کم ظرف کا المیہ ۔۔۔۔
عزیزان گرامی،
آج کل فیس بک کی دیواروں پر ہر طرف ایک عجیب محاورہ اور جملہ سوار نظر آ رہا ہے۔
“کمالو کتا” کا نعرہ بلند ہو رہا ہے اور ہر سمت “ہائے ہائے” کی صدا گونج رہی ہے۔
عوام کا غصہ بالکل برحق ہے مگر اس غصے کا رخ ذرا سا درست کرنے کی ضرورت ہے۔
کیا واقعی وفا کا وہ پیکر۔۔ جو تاریخ میں “سگ وفا” کے نام سے امر ہو چکا ہے۔ اس طعن کا مستحق ہے؟
یا پھر اصل مجرم وہ کم ظرف، بے وفا ہے جس کی مثال اس آئینۂ زنگ آلود سے دی جا سکتی ہے جو نہ چہرہ دکھاتا ہے نہ عکس، محض دھندلاہٹ پیش کرتا ہے۔
بقدر ظرف ہے ساقی خمار تشنہ کامی بھی
جو تو دریائے مئے ہے تو میں خمیازہ ہوں ساحل کا
موصوف ۔۔ جن کی حرکتیں عوام کے دل پر نقش ہو چکی ہیں۔۔۔۔ درحقیقت پیکر بے حسی ہیں، ان کی مثال اس گدھے سے دی جا سکتی ہے، جو نہ سامان اٹھاتا ہے، نہ سواری کے کام آتا ہے بلکہ محض چارے پر پلتا ہے اور راستہ گندا کرتا ہے۔ یا پھر وہ دیمک زدہ تختہ ہے جو نہ دیوار سنبھال سکے نہ چارپائی۔۔۔۔
موصوف۔۔ دراصل کردار کے کفن میں لپٹا ہوا ایک بے عمل جسم ہیں۔
تنہا گزار لیں گے سفر زندگی کا ہم
کم ظرف کو مگر نہ بنائیں گے ہم سفر
(سبینہ سحر)
ان کی حالت اس کھوکھلے درخت کی سی ہے جو نہ پھل نہ پھول دیتا ہے، نہ سایہ۔ بس اس کے نیچے بیٹھنے والے کو کوؤں کی بیٹ کے سوا کچھ نصیب نہیں ہوتا۔ ان کی فطرت میں وہی کجی ہے جو اس ٹیڑھے آئینے میں ہوتی ہے جو ہر چہرے کو بگاڑ کر دکھاتا ہے۔ بلکہ یہ اس گل پژمردہ کی مانند ہیں جس میں نہ خوشبو ہے نہ رنگ اور نہ تازگی۔
محض کانٹوں کی نوک باقی ہے۔
نہیں ہے اپنا مزاج ایسا کہ ظرف کھو کر انا بچاتے
وگرنہ ایسے جواب دیتے کہ پھر نہ پیدا سوال ہوتے
عوام نے جو کہا، سو کہا۔ مگر یہ طعنہ تو ان کرداروں پر زیادہ صادق آتا ہے جو بالفعل ناشائستگی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ انہیں مرقع بے رونق کہہ لیجیے، یا ساز بے سُر ۔۔۔ کیونکہ ان کی ذات میں نہ وفا کی کوئی سریلی دھن ہے، نہ شرافت کا کوئی رمق
کتا اگر وفا کا استعارہ ہے تو کمالو بے حسی کا پتلا ہے۔ کتا اگر مالک کے قدموں کی دھول ہے تو یہ مٹی کا وہ ڈھیر ہے جس میں نہ بیج اگتے ہیں، نہ پھول کھلتے ہیں۔
سو، اے اہل زبان و قلم۔۔ اگر طنز کی تابانی چاہتے ہو تو اس ذات بے مایہ پر ڈالو جو نہ انسانیت کی شرافت رکھتی ہے، نہ حیوانیت کی وفا۔۔ اس روح فرسودہ کو نشانہ بناؤ جس میں نہ انصاف کی تپش ہے، نہ شرافت کی ٹھنڈک۔
میرا یہ ظرف ہے جو خاموش ہوں اب تک
ورنہ تو تیرے عیب بھی معلوم ہیں سارے
کتے کو اس کے مقام وفا پر رہنے دو ۔۔ اور اپنی تلخیاں ان قلب و نظر کے فقیروں پر انڈیلو جنہوں نے انسان ہو کر بھی انسانیت کو شرمسار کیا ہے۔
یہی ادب کا ادب ہے
اور یہی انصاف کا انصاف۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment