اردو، لفظوں میں رچی ہوئی شائستگی، ہماری زباں ہماری پہچان ہمارا تہذیبی


اردو، لفظوں میں رچی ہوئی شائستگی، ہماری زباں ہماری پہچان ہمارا تہذیبی ورثہ


اردو محض الفاظ کا ذخیرہ نہیں، بلکہ تہذیب کے سینے میں دھڑکتے دل کی آواز ہے۔ یہ ایک ایسا نفاست آمیز احساس ہے جو لہجے میں رچا ہوا ہے، ایک ایسا وقار جو گفتگو کی روح میں بسا ہوا ہے۔ یہ زبان جملوں کے ہجوم میں نہیں، لہجوں کی نزاکت اور الفاظ کے سلیقے میں پہچانی جاتی ہے۔ یہ وہ روایت ہے جو گفتگو کو شائستگی عطا کرتی ہے، اختلاف کو تہذیب سکھاتی ہے اور خاموشی کو بھی معنی پہنا دیتی ہے۔


یہ زبان بازار کی ہلچل میں بھی سنجیدہ رہتی ہے اور درس گاہ کی فضاء میں بھی نرم خو۔۔۔۔۔۔ 

اس کے لفظوں میں سمندر کی سی وسعت ہے اور اس کے لہجے میں ساحل جیسا ٹھہراؤ، نہ بے جا شور نہ کھردرا پن بس سلیقہ توازن اور اثر۔۔۔۔۔ 

یہی وہ زبان ہے جو اس شہر میں بولی ہی نہیں جاتی، نبھائی بھی جاتی ہے۔


اردو ازخود اعلی تہذیب کی اسیر اور علمی ثقافت کی سفیر رہی ہے۔ اس نے علم کو قابل فہم بنایا، احساس کو شائستہ پیرایہ دیا، اور تاریخ کو اجتماعی حافظے میں محفوظ کیا۔ یہ زبان کسی تعصب کی پیداوار نہیں، بلکہ رواداری کی پروردہ ہے۔ اس کا مزاج چیخنے کا نہیں، سمجھانے کا ہے، اس کا ہنر الزام نہیں، مکالمہ ہے۔


اسی تہذیبی اعتماد اور فکری وقار کو داغؔ نے ہمیشہ کے لیے یوں محفوظ کر دیا ۔۔۔۔


اردو ہے جس کا نام ہمیں جانتے ہیں داغؔ

سارے جہاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے


اور یہ بھی کہ اردو کوئی وقتی مشق نہیں، یہ عمر بھر کی ریاضت ہے جو آہستہ آہستہ لہجے میں اترتی ہے۔۔۔۔


نہیں کھیل اے داغؔ یاروں سے کہہ دو

کہ آتی ہے اردو زباں آتے آتے


یہی اردو ہمارے رویوں میں زندہ ہے، ہماری گفتگو میں بولتی ہے اور ہمارے شعور میں تہذیب کی صورت محفوظ ہے۔ مگر آج اسی زبان کو شناخت کے خانوں میں بانٹنے کی کوشش کی جاتی ہے، حالانکہ اس کی سرشت میں کسی ایک دائرے میں قید ہونا کبھی شامل ہی نہیں رہا۔


یہی اردو ہے جس نے ہمیں پہچان دی، مگر کبھی ہم سے شناخت کا مطالبہ نہیں کیا۔ یہ زبان نہ کسی ایک طبقے کی جاگیر ہے، نہ کسی ایک عقیدے کی ترجمان۔ یہ دل کی زمین پر اگتی ہے شعور کی روشنی میں پنپتی ہے اور تہذیب کے سائے میں سانس لیتی ہے۔ جو اسے تعصب کے دائرے میں قید کرنا چاہتا ہے، وہ دراصل اس کی روح سے ناواقف ہے۔ اردو نے ہمیشہ جوڑنا سکھایا ہے، بانٹنا نہیں، سنوارنا سکھایا ہے، مٹانا نہیں۔


اگر آج بھی ہم نے اس کے وقار کو سمجھ لیا، تو یہی زبان کل ہماری تہذیب کی آخری گواہی نہیں، آنے والی نسلوں کی روشن پہچان بنے گی۔


اقبال اشعر کہتے ہیں ۔۔۔۔۔


اردو ہے میرا نام، میں خسرو کی پہیلی

میں میر کی ہمراز ہوں، غالب کی سہیلی


دکن کے ولی نے مجھے گودی میں کھلایا

سودا کے قصیدوں نے میرا حسن بڑھایا

ہے میر کی عظمت کہ مجھے چلنا سکھایا

میں داغ کے آنگن میں کھلی بن کے چنبیلی


غالب نے بلندی کا سفر مجھ کو سکھایا

حالی نے مروّت کا سبق یاد دلایا

اقبال نے آئینۂ حق مجھ کو دکھایا

مومن نے سجائی مری خوابوں کی حویلی


ہے ذوق کی عظمت کہ دیے مجھ کو سہارے

چکبست کے الفت نے میرے خواب سنوارے

فانی نے سجائے مری پلکوں پہ ستارے

اکبر نے رچائی مری بے رنگ ہتھیلی


کیوں مجھ کو بناتے ہو تعصب کا نشاں تم

میں نے تو کبھی خود کو مسلماں نہیں مانا

دیکھا تھا کبھی میں نے بھی خوشیوں کا زمانہ

اپنے ہی وطن میں ہوں مگر آج اکیلی


اختر شیخ


یکم جنوری ۲۰۲۶

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ