سانحوں کا مداوا معطلی نہیں بلکہ نظام کا علاج ہے ۔
سانحوں کا مداوا معطلی نہیں بلکہ نظام کا علاج ہے ۔
نیپا چورنگی کا دل خراش سانحہ اور پھر اس پر سماعتوں کو خوش کر دینے والی معافیوں اور کاغذی معطلیوں کا وہ سلسلہ جس نے پورے شہر کو ایک گہرے سوال میں ڈال دیا ہے۔ ایک طرف معصومیت کا پیکر خاک و خون میں نہا رہا ہے تو دوسری طرف سرکاری کاغذات پر دستخطوں کے تبادلے کا وہ رسمی تماشا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری ترجیحات میں انسانی جان کی کوئی حیثیت نہیں۔
کیا میئر کی معافی یا چند افسران کی بطورِ نمائش معطلی کسی المیے کا حل ہے؟ یا یہ محض عوامی غیظ و غضن کو وقتی طور پر سرد کرنے کی وہ روایتی تدبیر ہے جسے ہر سانحے کے بعد دہرا دیا جاتا ہے؟ حقیقت تو یہ ہے کہ یہ سب سطحی مرہم پٹی ہے، زخم کی تہہ میں سرایت کر جانے والی عفونت کا علاج نہیں۔
اصل مسئلہ تو وہ نظامی غفلت ہے جو ہمارے شہر کی رگوں میں دوڑ رہی ہے یہ وہی غفلت ہے جو بے ہنگم ٹریفک میں نظر آتی ہے کھلے گٹروں کی بدبو میں پنہاں ہے بے ڈھکن نالوں سے ابلتی گندگی میں نمایاں ہوتی ہے،
بے قاعدہ ڈرائیونگ میں جلوہ گر ہوتی ہے اور سرکاری اہلکاروں کی بے حسی میں اپنا اظہار کرتی ہے۔ یہ کوئی ایک شخص کا قصور نہیں یہ تو پورے نظام کی بے حسی کا مجموعہ ہے۔
جب تک اس غفلت کے حقیقی مجرموں کو ان کی ذمہ داری کا احساس نہ دلایا جائے جب تک کسی کو یہ نہ بتایا جائے کہ اس کی کوتاہی سے کسی ماں کی گود سوگوار ہوئی ہے، تب تک ایسے سانحات کا سلسلہ رکنے والا نہیں۔
انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ تحقیق کا ہر دروازہ بے خوف و بے لاگ کھولا جائے۔ ہر چھوٹے بڑے عہدے کو اس کی گرفت سے بالاتر رکھا جائے اور جب قصور وار ثابت ہو جائے تو اسے ایسی سزا ملے جو نہ صرف مظلوم کے آہوں کا مداوا ہو بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی عبرت کا نشان بن جائے۔
یاد رکھیے، معصوم لاشیں معافی کے کاغذات سے زندہ نہیں ہوتیں نہ ہی عہدوں کی عارضی معطلی سے شہر محفوظ ہوتے ہیں۔ اگر حقیقتاً شہر کو ایسے سانحات سے بچانا ہے تو انصاف کو محض تقریروں اور قراردادوں سے نکال کر میدان عمل میں لانا ہوگا۔ وہ انصاف جو نہ صرف فیصلہ سنائے بلکہ نظام کی بنیادیں ہلا دے۔
یہی وہ راستہ ہے جو کسی سوگوار باپ کو اس کے آنسوؤں کا بدلہ دے سکتا ہے اور اس شہر کو آنے والے خونی سانحوں سے بچا سکتا ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment