کراچی کا نوحہ ایک معصوم جان گئی میئر اور ٹاؤن صرف لفظوں کی جنگ لڑتے رہے


 کراچی کا نوحہ ایک معصوم جان گئی، میئر اور ٹاؤن صرف لفظوں کی جنگ لڑتے رہے

جب قبریں کھلتی ہیں تو دفتروں میں قلموں کی جنگ چھڑ جاتی ہے۔ شہر کی پیشانی پر کھلے گٹروں کی بے حیا آنکھیں، فضا میں جھولتے بجلی کے سفاک پھندے اور عمارتوں کے بدن سے گرتے ہوئے ڈھانچوں کی بے وفائیاں، سب مل کر اس خاکدان شہر کو یوں ایک عظیم الشان جنازہ گاہ بنا دیتے ہیں کہ ہر صبح کسی نئے معصوم کی سانس اپنے ہی گھر کی دہلیز پر دم توڑ دیتی ہے۔۔۔۔۔

 تین برس کے ننھے ابراہیم کی مٹی میں دبی ہوئی ہچکیوں نے بھی ایک سوال اٹھایا تھا مگر ہمارے نظام ماتم نے اسے لمحوں میں ایک سادہ سا انتظامی تنازعہ بنا کر فائلوں کی الماری میں بند کر دیا جیسے میئر اور ٹاؤن باڈی کی باہمی الزام تراشی ہی ریاست کا اصل وظیفہ ہو اور ان معصوم کلیوں پر بیتنے والی قیامت محض ایک ڈھلمل پریس کانفرنس کا اسکرپٹ ۔۔۔۔ 

عوام کے پاس سوال ہے مگر جواب دینے والے ہر ہاتھ میں الزام کی دہکتی ہوئی چھری۔

ایک فریق کہتا ہے کہ۔۔۔۔۔ 

دائرۂ اختیار ان کا ہے،

دوسرا اعلان کرتا ہے کہ ۔۔۔۔۔

نگرانی کی ذمہ داری ان پر تھی،


اور دونوں کے درمیان زمین کے حلق میں چپ چاپ اتر جاتی ہے ایک اور معصوم ریحان کی جان۔


یہ کیسا دردناک تماشا ہے کہ کھلے گٹر کو ڈھانپنے سے پہلے اپنے قصور کو ڈھانپ لیا جاتا ہے اور جانیں بچانے سے پہلے اپنی کرسیاں۔۔۔۔۔۔


حقیقت یہی ہے کہ جب عوام کے خون جگر سے منتخب نمائندے ذمہ داری سے فرار کی راہیں تلاشنے لگیں تو پھر نظام نہیں، نظام قتل چل رہا ہوتا ہے۔ ہر حادثے کے بعد پریس کانفرنسوں کا شور نوٹسوں کی بازی گری کمیٹیوں کی خانہ پری ۔۔۔ تحقیقات کے نام پر وقت کی میت پر فاتحہ۔۔۔۔۔۔ 


یہ سب اسی سنگدل اسٹیج ڈرامے کی اقساط ہیں، جس کا اختتام ہمیشہ ایک نئی قبر کے سامنے ہو جاتا ہے۔ کیا ہم نے کبھی سوچا کہ حاکمان شہر جب ایک دوسرے پر بیانوں کے نیزے آزماتے ہیں تو ان کے نشانے پر کس کا دل چھلنی ہوتا ہے؟


جواب بہت سادہ ہے۔۔ اس ماں کا جس کی گود سے ابراہیم کی مسکراہٹ ہمیشہ کے لیے رخصت ہو گئی۔ اُس باپ کا جس نے چھوٹے ریحان کی بچی ہوئی کتابوں کو سینے سے لگا کر خاموش بیٹھ جانا سیکھ لیا۔


اور المیہ یہ ہے کہ ہماری اجتماعی یادداشت کی قبریں بھی انہی کھلے گٹروں کی طرح گہری ہوتی جا رہی ہیں۔۔۔۔۔  

کل ابراہیم فراموش ہو گیا اور آج ریحان، کل کوئی اور ننھا خواب۔۔۔۔

اس اندھیرے میں صرف دو چیزیں روشن رہتی ہیں عوام کی بے بسی اور ارباب اختیار کی بیان بازی۔۔۔۔


وقت آ چکا ہے کہ اس مسلسل ماتم کو تھاما جائے۔ گٹروں کے منہ بند کیے جائیں اور ان دفتروں کے بھی جو ہر روز نئے الزامات اگلتے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ اپنے ووٹ کی تلوار کو صرف انتخاب کے دن نہیں ہر آنے والے دن کے لیے تیز رکھیں۔۔۔۔۔ ہر معصوم کی قبر ایک احتجاج بنے ہر چھوٹی سی لاش ایک سوال۔


ورنہ یہ سلسلہ یوں ہی چلتا رہے گا۔ جس شہر میں موت روزمرہ کی خبر بن جائے وہاں زندگی کا حق کس کے حصے میں رہ جاتا ہے؟ آخر کب تک ہم تماشا دیکھتے رہیں گے کہ ہمارے بچوں کی قبریں بنتی رہیں اور ہمارے حکمراں فائلوں کے سامنے بیٹھ کر اپنی کرسیوں کی حفاظت میں لفظوں کی نئی قبریں کھودتے رہیں؟


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ