کراچی کا دکھ اور کراچی کا حل واحد صوبائی حیثیت ہی راستہ ہے


 کراچی کا دکھ اور کراچی کا حل واحد صوبائی حیثیت ہی راستہ ہے۔


حضور والا، کراچی کا المیہ محض سنگ باری نہیں بلکہ یہ ہے کہ اس کے زخموں پر نمک مذاق چھڑکا جاتا ہے۔ یہ شہر جو ملک کی شہ رگ ہے اپنی رگوں سے رستا لہو خود ہی چاٹ رہا ہے۔ کل ثقافت نام کا تماشا محض ایک واقعہ نہیں بلکہ سندھ حکومت کی سرپرستی میں بسیں بھر بھر کر لائے گئے ان ثقافتی سفیروں کا کارنامہ تھا جنہیں تہذیب سکھانے کی بجائے تباہی کرنے کا خصوصی اختیار حاصل ہے۔


کمال کی بات ہے، ایک ہی ملک میں دو طرح کا قانون، ایک جو کراچی کے نوجوان پر پلک جھپکتے نافذ ہو جاتا ہے، دوسرا جو باہر سے آئے ہوئے مہمانوں کے لیے معطل ہو جاتا ہے۔ یہ کوئی معمولی تضاد نہیں بلکہ سرکاری سرپرستی میں ہونے والی اعلانیہ ناانصافی ہے۔ کیا یہی ہے وہ سندھی ثقافت جسے مسلط کرنے کے لیے یہ سب کھیل رچایا جاتا ہے؟؟؟

حیرت ہے کہ اہل کراچی تو خود اس ثقافت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں مگر انہیں ہی ناشکرے ٹھہرایا جاتا ہے ۔۔۔ 


افسوس کہ یہ شہر جنہیں پال رہا ہے

دیمک کی طرح شہر کو کھانے میں لگے ہیں 


عباس تابش صاحب نے تو گویا آج کے دن کو دیکھ کر ہی یہ شعر کہا ہو۔۔۔۔۔

اور رہی پولیس کی خاموش تماشائی کیفیت۔ یہ کوئی حادثہ نہیں بلکہ منصوبہ بندی کا کمال ہے۔ جب ایمبولینس کو ثقافتی نشانہ بنایا جائے اور خواتین پر سنگ باری کو تہذیبی اظہار کہا جائے تو پھر قانون کا کیا کام؟ 

بس تماشا دیکھنا۔ اگر یہی سب کرنا ہے تو اپنے اپنے شہروں میں کیوں نہیں کرتے؟؟

کیونکہ مقصد تو کراچی کو سبق سکھانا ہے نا ۔۔۔


حل تو وہی ہے جو ہر عقل سلیم والے کی زبان پر ہے۔ 


کراچی صوبہ


محض ایک نعرہ نہیں بلکہ نجات کا واحد ذریعہ ہے۔ جب تک یہ شہر سیاسی غلام بنا رہے گا سندھ حکومت کی بسیں یونہی تہذیب کے قافلے لے کر آتی رہیں گی۔ کیا خوب صورتحال ہے کہ ایک طرف تو کراچی پورے ملک کی معیشت کا 68 فیصد پیدا کرے، اور دوسری طرف اسے اپنے بجٹ کا 1 فیصد بھی واپس نہ ملے۔ یہ استحصال نہیں تو اور کیا ہے؟ 


تہذیب کا یہ اظہار عجیب سنگم تھا،

جہاں ڈھول کی تھاپ تھی وہیں ایمبولینس کے سائرن کی فریاد بھی۔ کیا کسی تہذیبی خوان میں ایسے بے جوڑ نغمے سجائے جا سکتے ہیں؟


آج کراچی اپنی آخری جنگ لڑ رہا ہے۔ ہر جلتی گاڑی ہر روتا بچہ، ہر شہری کا لہو اس سوال کا جواب مانگ رہا ہے، کیا ہم محض تماشائی ہیں؟ 


وقت آ گیا ہے کہ کراچی کو وہ حق دیا جائے جو ہر زندہ قوم کا حق ہے۔اپنی قسمت کا مالک بننے کا حق۔

ورنہ یہ سلسلہ یونہی چلتا رہے گا۔ ہر سال ثقافت کے نام پر نئی تذلیل ہر سال تہذیب کے نام پر نئے زخم۔ 


کراچی کو صوبہ بناؤ، 


اور دیکھو کیسے یہ شہر پھر سے روشنیوں کا شہر بن جاتا ہے۔ 

آخری کب تک کراچی کے قلمکار اور دیگر ہم سب خاموش تماشائی بنے رہیں گے

جیسے اب تک بنے ہوئے ہیں۔


آخر میں عرض ہے تہذیب وہ نہیں جو آپ مسلط کریں، تہذیب وہ ہے جو آپ کے اخلاق سے جھلکے۔


اختر شیخ


دسمبر ۸. ۲۰۲۵

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ