ابنِ صفی ۔۔۔ اردو جاسوسی ادب کا وہ مایۂ ناز نام
ابن صفی ۔۔۔ اردو جاسوسی ادب کا وہ مایۂ ناز نام جس کی خوشبو آج بھی دلوں کو معطر کرتی ہے
اردو ادب کے ہزار رنگ گلستان میں اگر کوئی ایسا خوشبودار پھول ہے جس نے تفریحی ادب کی فضاؤں کو لطافت، شائستگی اور وقار سے مہکا دیا تو وہ نام ابن صفی ہی کا ہے۔ صاحب طرز ادیب صاحب مذاق سخن ور ۔ اور اپنی نوعیت کے یکتا، ان کی ذات گویا اردو ادب میں اس چراغ کی مانند ہے جو بجھ کر بھی اپنی روشنی پیچھے چھوڑ جاتا ہے۔
ابن صفی کا اصل نام اسرار احمد تھا۔ 26 جولائی 1928ء کو الہ آباد کے نارا قصبے میں پیدا ہوئے۔ ابتدا ہی سے طبیعت میں سنجیدگی انداز میں متانت اور فکر میں نرمی پائی جاتی تھی۔ آگرہ یونیورسٹی سے بی اے کے امتحان سے فارغ ہو کر 1952ء میں پاکستان کا رخ کیا اور کراچی کو اپنا مستقل آشیانہ بنایا۔
1951ء کے اواخر میں ایک ادبی نشست میں یہ گفتگو چھڑی کہ اردو میں محض فحش نگاری ہی کا چرچا ہو سکتا ہے۔ ابن صفی جیسے پاکیزہ ذوق رکھنے والے شخص کے لیے یہ گفتگو ایک چنگاری بنی۔ ان کے دل نے گویا پکارا کہ اردو کی زمین بد ذوقی کی محتاج نہیں اور اسی پکار نے انہیں پاکیزہ معیاری اور شائستہ تفریحی ادب تخلیق کرنے پر آمادہ کیا۔ عباس حسینی کی رائے سے سلسلہ جاسوسی دنیا وجود میں آیا اور اس کا پہلا ناول "دلیر مجرم" مارچ 1952ء میں شائع ہوا۔ یہی وہ لمحہ تھا جب تفریحی ادب کو گویا نئی زندگی ملی۔
28 برس کے عرصے میں انہوں نے تقریباً 250 ناول تحریر کیے۔ "جاسوسی دنیا" اور "عمران سیریز" ان کی ادبی شان و شوکت کے دو روشن مینار ہیں۔ فریدی، حمید، عمران، قاسم، جولیا یہ سب محض کردار نہیں بلکہ اردو کے حافظے میں محفوظ وہ زندہ پیکر ہیں جو آج بھی اسی آب و تاب سے قاری کے دل و دماغ پر جلوہ افروز ہوتے ہیں۔
ابن صفی کی تحریروں میں جہاں ذہانت برجستگی اور نفسیاتی بصیرت ملتی ہے وہیں سائنسی تصورات کی لطیف جھلکیاں بھی دکھائی دیتی ہیں۔ وہ اپنے زمانے سے گویا ایک قدم آگے چلتے تھے۔ ان کے پلاٹس مضبوط زبان شستہ، جملے نفیس اور واقعات کا ربط ایسا کہ قاری پل بھر کے لیے بھی غافل نہیں ہو سکتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے ناول تھکے ماندے ذہن کے لیے نہیں بلکہ ذوق و شوق کے لیے لکھے گئے محسوس ہوتے ہیں۔
ان کی شہرت کی وسعت کا یہ عالم تھا کہ پاکستان و ہندوستان ہی نہیں بلکہ افغانستان اور بنگلہ دیش میں بھی ان کے ناول ہاتھوں ہاتھ لیے جاتے تھے۔ روایت ہے کہ بنگلہ دیش کے ایک صاحب نے صرف ابن صفی کو سمجھنے کے لیے اردو سیکھی۔ اس سے بڑھ کر اردو زبان کی اشاعت میں کسی ادیب کا حصہ کیا ہو سکتا ہے؟
1957ء میں انہوں نے اسرار پبلیکیشنز کے نام سے اپنا ادارہ قائم کیا۔ 1958ء میں ناظم آباد منتقل ہوئے۔ اور پھر 26 جولائی 1980ء کو اسی ناظم آباد کی فضاؤں سے ہمیشہ کے لیے رخصت ہو گئے اور کراچی ہی کے پاپوش نگر کے قدیم قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے، جہاں آج بھی ان کے چاہنے والے عقیدت سے حاضری دیتے ہیں۔
مگر وہ ایسا ادبی چراغ چھوڑ گئے جو وقت کے کسی جھونکے سے مدھم نہیں ہوا۔
ان کے فرزند احمد صفی نے نہایت خلوص سے اپنے بزرگ کا ادبی سرمایہ سنبھالا ہے۔ اعلی تعلیم یافتہ صاحب ذوق اور صاحب ہنر، انہوں نے ابن صفی کی یاد کو نئی نسلوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
رئیس امروہوی نے جو درد بھری بات کہی تھی آج بھی دل پر نقش ہے۔
ہم نے کس بےشرمی اور سنگ دلی سے ایک باکمال ہم عصر کو نظر انداز رکھا تھا۔
مگر ادب کا انصاف ہمیشہ وقت کرتا ہے اور وقت نے ابن صفی کو وہ مقام عطا کیا جس کے وہ بجا طور پر مستحق تھے۔
ابن صفی کا نام اردو کے آسمان پر آج بھی ایک جگمگاتے ستارے کی مانند ہے۔ ان کا قلم خاموش ہوا مگر ان کا فن آج بھی زندہ ہے، اور رہے گا جب تک اردو پڑھنے والے موجود ہیں۔
اختر شیخ
نومبر ۲۵...۲۰۲۵

ابن صفی کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ان کی کتابیں اج بھی اتنی ہی تازہ ہے جتنی کہ پہلی دفعہ لکھی گئی تب تھی اور ان کو پڑھ کے ابھی اتنا ہی مزہ اتا ہے جتنا کہ اس وقت ایا کرتا ہوگا ہمارے بڑوں کو اور پھر ہم کو اور اب ہمارے بچوں کو بھی ان کو کتابوں کو پڑھ کے بہت اچھا لگتا ہے اور ایک دفعہ زیارتین کے پروگرام میں جب ان سے سوال کیا گیا اپنے صفی سے کہ اپ کی کتابیں تو کسی شیلف میں نظر نہیں اتی تو انہوں نے کہا تھا میری کتابیں سرہانے اور تکیوں کے نیچے ملتی ہیں شیلف میں سجائی نہیں جاتی بلکہ پڑ ہی جاتی ہیں
ReplyDeleteسہیل بھائی، بالکل درست فرمایا آپ نے۔ ابن صفی صاحب کا اصل کمال یہی ہے کہ ان کی تحریریں وقت کی گرد سے بے نیاز رہیں۔ جو لطف ہمادے بڑوں نے لیا، وہی ذائقہ ہمیں ملا اور اب وہی سرشاری ہماری نئی نسل کو بھی نصیب ہو رہی ہے اور یہ بات کہ ان کی کتابیں شیلف میں نہیں بلکہ سرہانے اور تکیوں کے نیچے ملتی ہیں۔ یہ دراصل کسی ادیب کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔ ابن صفی صاحب پڑھے جانے کے لیے لکھتے تھے سجائے جانے کے لیے نہیں، اسی لیے وہ آج بھی زندہ ہیں مسکراتے ہیں اور قاری کے ساتھ سانس لیتے ہیں۔
ReplyDelete