تہذیب نو کا تماشا، شہر آشوب کی صدا


 بسم اللہ الرحمن الرحیم

محترم میاں صاحب۔

السلام علیکم و رحمۃ اللہ

آپ کا مرقومہ ملا۔ کراچی کی روداد پڑھ کر دل دہل سا گیا۔ ارے ہم زخم پر مرہم رکھتے ہیں یہاں تو زخم پر نمک چھڑکا جاوے ہے۔ یہ شہر جو ملک کی شہ رگ ہے، اس کی رگ جاں سے لہو ٹپکے ہے تو کوئی پوچھتا نہیں مگر جب اس لہو پر ثقافت کا رنگ چڑھایا جاوے ہے تو سب تالیاں بجاوے ہیں۔

آپ کہتے ہیں سنگ باری ہوئی۔ میں کہتا ہوں میاں سنگ باری تو معمولی بات ہے۔ اصل المیہ تو یہ ہے کہ یہاں قانون دو رنگ دکھے ہے۔ ایک رنگ کراچی کے نوجوان کا چہرہ دھو ڈالے ہے، دوسرا رنگ باہر سے آئے ہوئے مہمانوں کے ہاتھوں میں مہندی بنا جاوے ہے۔ یہ کیسا انصاف ہے کہ ایک ہی ملک میں ایک ہی شہر کے دو حصے؟ 

ایک حصہ دے ہے دوسرا لے جاوے۔ ایک حصہ پیدا کرے ہے، دوسرا کھاوئے۔ کمال ہے نا؟


عباس تابش صاحب نے کیا خوب فرمایا۔


 افسوس   کہ   یہ   شہر  جنہیں   پال   رہا  ہے

دیمک کی طرح شہر کو کھانے میں لگے ہیں 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اور رہی پولیس کی خاموش تماشائی کیفیت میاں یہ کوئی حادثہ نہیں بلکہ منصوبہ بندی کا کمال ہے۔ جب ایمبولینس کو ثقافتی نشانہ بنایا جاوے اور خواتین پر سنگ باری کو تہذیبی اظہار کہا جاوے ہے، تو پھر قانون کا کیا کام؟

بس تماشا دیکھا جاوے۔ اگر یہی سب کرنا ہے تو یہ اپنے اپنے شہروں میں کیوں نہیں کرے ہیں؟ چونکہ مقصد تو کراچی کو سبق سکھانا ہے نا۔

حل تو وہی ہے جو ہر عقل سلیم والے کی زبان پر ہووے۔

کراچی صوبہ؟

محض ایک نعرہ نہیں بلکہ نجات کا واحد ذریعہ ہے۔ جب تک یہ شہر سیاسی غلام بنا رہے گا، سندھ حکومت کی بسیں یونہی تہذیب کے قافلے لے کر آتی رہیں گی۔ کیا خوب صورت حال ہے کہ ایک طرف تو کراچی پورے ملک کی معیشت کا اڑسٹھ فیصد پیدا کرے، اور دوسری طرف اسے اپنے بجٹ کا ایک فیصد بھی واپس نہ ملے۔ یہ استحصال نہیں تو اور کیا ہووے؟

تہذیب اور تمیز کا یہ اظہار ڈھول کی تھاپ اور ایمبولینس کی فریاد عجیب سنگم تھا، جہاں ڈھول کی تھاپ تھی وہیں ایمبولینس کے سائرن کی فریاد بھی۔ کیا کسی تہذیبی خوان میں ایسے بے جوڑ نغمے سجے کبھی دیکھے؟ 

آج کراچی اپنی آخری جنگ لڑ رہا ہے۔ ہر جلتی گاڑی، ہر روتا بچہ، ہر شہری کا لہو اس سوال کا جواب مانگے ہے، کیا ہم محض تماشائی ہیں؟

وقت آ گیا ہے کہ کراچی کو وہ حق دیا جاوے جو ہر زندہ قوم کا حق ہے، اپنی قسمت کا مالک بننے کا حق۔

ورنہ یہ سلسلہ یونہی چلتا رہے گا۔ ہر سال ثقافت کے نام پر نئی تذلیل ہر سال تہذیب کے نام پر نئے زخم۔

کراچی کو صوبہ بناؤ،

اور دیکھو کیسے یہ شہر پھر سے روشنیوں کا شہر بن جاوے گا۔

آخری کب تک کراچی کے قلمکار اور ہم سب خاموش تماشائی بنے رہیں گے،

جیسے اب تک بنے ہوئے ہیں؟

آخر میں عرض ہے تہذیب وہ نہیں جو آپ مسلط کریں، تہذیب وہ ہے جو آپ کے اخلاق سے جھلکے۔


بندہ

غالب

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ