وفا کے سودائی اور امانتوں کا قرض


 

وفا کے سودائی اور امانتوں کا قرض


تاریخ کے اوراق نے پھر سرگوشی کی، وہ منظر یاد آیا جب ایک عشق جنوں پیشہ مہاجر، ابو الحسن اصفہانی، نے اپنی عمر بھر کی کمائی قومی ائیر لائن کے نام کی، نیت صاف خواب وسیع اعتماد بے لوث، مگر وہ امانت جو سنبھالی جانا تھی لٹ گئی۔ یہاں تک کہ نیلامی تک پہنچی، وقت گواہ ہے کہ امانت لوٹنے والے کثیر اور اس کی لاج رکھنے والے قلیل۔ آج اسی روایت کا تسلسل ایک اور مہاجر سودائی، عارف حبیب، سامنے آیا۔ بے غرض بے طمع۔ بس اس مٹی کا قرض چکانا جو اس پر ہجرت کرنے والوں کا حق ہے۔ یہ محض روپیہ نہیں، نسبت کی تجدید ہے۔ ایک خاموش اعلان کہ وطن سے وفا زندہ ہے۔

سوال یہ ہے کہ سوداگری میں دینے والا مہاجر ہی کیوں ہوتا ہے؟ شاید اس لیے کہ ہجرت جغرافیہ ہی نہیں، مزاج بدل دیتی ہے۔ جنہوں نے سب کچھ داؤ پر لگا دیا، وہ صرف امانت کی بے حرمتی سے ڈرتے ہیں۔

حنیف اسعدی کا شعر اس کیفیت کو سمیٹتا ہے

تمام دیرینہ نسبتوں سے گریز کرکے

نئے وطن کو وطن کہیں گے یہ طے ہوا تھا


یہ طے ہوا تھا اور نبھایا بھی گیا، مگر قیمت چکائی گئی۔ قربانیاں محض تاریخ نہیں بنتیں، سوال بن کر نسل در نسل آتی ہیں۔ روزگار میں زبان کی پرچی، تعلیم میں نسل کی چھان بین، یہ ہجرت کے بعد بھی پیچھا کرتی ہیں۔ احسان نہیں گنوائے جاتے، مگر فراموش بھی نہیں ہونے چاہئیں۔

یہ ملک جن ہاتھوں سے بنا سنبھالا بھی انہی سے جانا چاہیے۔ مگر حساب کا پلڑا اکثر ایک ہی طرف جھکا رہا، اس لیے دل سے دعا بھی نکلتی ہے اور تنبیہ بھی ۔


رہے گی سادہ کتاب کب تک کبھی تو آغاز باب ہوگا

جنہوں نے بستی اجاڑ ڈالی کبھی تو ان کا حساب ہوگا


یہ وقت کا اعلان ہے، امانتیں لوٹانے اور حساب لینے کا موسم آتا رہتا ہے۔

یہ سفر ہجرت سنگ رہ گوارا کرنے، ہر سراب کو منزل سمجھنے، رہزنوں سے تنگ آ کر راستے بدلنے کا نام ہے۔ یہ دامن وفا کے دھجیاں اڑ جانے کے باوجود اس پیراہن کو جسم سے نوچ نہ سکنے کا داستان ہے۔ یہ گھر سے بے وفائی کا تصور تک نہ کر سکنے کی روایت ہے۔

سودائی تو ہر دور میں آتے رہیں گے۔ خواب دیکھنے والے، سب کچھ داؤ پر لگانے والے۔ مگر تاریخ کا فیصلہ اُنہی کے حق میں ہوتا ہے، جو امانت کی حرمت کو ہاتھوں کی لکیروں کی طرح سنبھالے رکھتے ہیں۔ وہی جو دیتے ہیں بے حساب اور جن کا حساب بھی تاریخ کے پاس آ کر رہتا ہے۔ 

اور پھر یہ سفر ہجرت اپنی پوری رنگا رنگی میں ایک نظم بن کر سامنے آتا ہے۔ زخم بھی، مرہم بھی، آزمائش بھی، یقین بھی۔

ظہیر احمد ظہیر کا کلام ،،ترک وطن،، اس داستان کو الفاظ کا پیرہن عطا کرتا ہے


مرہموں کی صورت میں زہر بھی ملے ہم کو

نشتروں کے دھوکے میں وار بھی ہوئے اکثر

منزلوں کی لالچ میں راستے گنوا ڈالے

رہبروں کی چاہت میں خوار بھی ہوئے اکثر


ہر فریب ِتازہ کو مسکرا کے دیکھا تھا

دل کو عہدِ رفتہ کے طور ابھی نہیں بھولے

چشم ِخوش گماں گرچہ تیرگی میں الجھی تھی

خواب دیکھنا لیکن ہم کبھی نہیں بھولے


چُور ہوگئے بازو اک نبر د ِ پیہم سے

دامن ِ رواداری ہاتھ سے نہیں چھوڑا

اک بھرم رہا جب تک اِس سفید پوشی کا

دردکی امانت سے ہم نے منہہ نہیں موڑا


سنگِ رہ گوارا تھے ، ہر سراب تھا منظور

رہزنوں سے تنگ آکر راستے بدل ڈالے

یوں نہیں کہ کھو بیٹھے ہم یقین ِ منزل کو

بس وہاں رسائی کے واسطے بدل ڈالے


دشتِ ترکِ الفت سے ہجر نے پکارا تھا

ہم تمام زنجیریں توڑ کر چلے آئے

کاروبارِ نقدِ جاں ، داستانِ حسن ِ و عشق

سب کو درمیاں میں ہم چھوڑ کر چلے آئے


کسبِ نان ِ سادہ میں دن کو کرلیا مصروف

شام ہم نے کر ڈالی وقفِ یادِ دلداراں

دل کو رکھ دیا ہم نے رہنِ آشنا دشمن

دھڑکنیں کسے کرتے نذر بعدِ دلداراں


اک تضادِ جسم و جاں ہے دیارِ ہجرت میں

کوبکو ہیں سرگرداں، موسموں کو گنتے ہیں

ہر نئے مسیحا سے باندھ کر امیدیں ہم

عہدِ زخم داری میں مرہموں کو گنتے ہیں


تہمتیں سہی ہم پر ہاں گریز پاِئی کی

سست گام ہیں مانا ، پر سفر تو جاری ہے

ہاں نہیں رہے شامل کارواں میں ہم ،لیکن

مرکزِ یقیں اب بھی آرزو ہماری ہے


دامنِ وفا گرچہ دھجیاں ہوا کب کا

جسم سے یہ پیراہن نوچ بھی نہیں سکتے

ہم جہاں نوردوں میں لاکھ عیب ہیں لیکن

گھر سے بے وفائی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔


یہی وہ سفر ہے جس میں سودائی کم نہیں ہوتے۔ ہر دور میں کوئی نہ کوئی ابو الحسن اصفہانی، کوئی عارف حبیب آتا رہے گا۔ اپنی کمائی اپنی محبت، اپنی امانت اس وطن کے نام کرنے۔ تاریخ کا فیصلہ انہی کے حق میں ہوتا ہے جو دیتے ہیں بے حساب اور جن کی امانتوں کا حساب تاریخ کے پاس آ کر رہتا ہے۔

سچ یہ ہے کہ یہ ملک انہی سودائیوں کی امانتوں سے آباد ہے۔ باقی سب تو حساب کتاب ہے۔ جس کا موسم بھی آتا رہے گا۔

اختر شیخ

دسمبر ۲۴ ۔۔۔ ۲۰۲۵

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ