,,عید گاہ گراؤنڈ میں شبِ سخن: لفظ، خوشبو اور داد سے مہکتی ایک ادبی محفل,,


,,عید گاہ گراؤنڈ میں شبِ سخن: لفظ، خوشبو اور داد سے مہکتی ایک ادبی محفل,,


رات کا وقت، سرد موسم میں دلوں کو گرماتی ہوئی ایک ادبی فضا اور لفظوں کی خوشبو سے مہکتا ہوا ایک وسیع میدان ۔۔ یہ منظر خود بتا رہا تھا کہ محض ایک تقریب نہیں، ادب کی باقاعدہ محفل آراستہ ہے۔

شب سخن کے عنوان سے دوسرا سالانہ فیملی مشاعرہ اور پھولوں کی نمائش، مورخہ 10 جنوری بروز ہفتہ، رات آٹھ بجے، عیدگاہ گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ اس ادبی نشست کا اہتمام ناظم آباد ٹاؤن اور نارتھ ناظم ٹاؤن کے اشتراک سے کیا گیا تھا، جس میں ذوق سخن اور شائستگیِ محفل دونوں نے ایک ساتھ جلوہ دکھایا۔۔۔۔ 

مشاعرے کی صدارت جناب سحر انصاری نے فرمائی۔ ان کی موجودگی خود ایک وقار، ایک تسلسل روایت کا استعارہ محسوس ہوئی۔ نظامت کے فرائض جناب شکیل خان نے اس سلیقے، شگفتگی اور ضبط کے ساتھ انجام دیے کہ مشاعرہ رسمی کارروائی کے بجائے ایک مربوط ادبی تجربہ بن کر سامنے آیا۔

اس محفل کی دلکشی کا ایک پہلو یہ بھی تھا کہ صرف شہر ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی شعراء کرام نے شرکت کی۔ یوں یہ نشست مقامی دائرے سے نکل کر ایک ہمہ گیر ادبی محفل کا روپ دھار گئی۔

شعرا نے اپنے اپنے رنگ میں کلام پیش کیا۔ کہیں فکر کی گہرائی، کہیں لفظوں کی چمک، کہیں ترنم کی روانی۔۔۔ اور حاضرین محفل نے بھی دل کھول کر داد دی۔ داد جو محض تالیاں نہیں، بلکہ شعر فہمی کا اعتراف تھی۔

یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ شہر کراچی کے نمایاں مشاعروں میں اس مشاعرے نے بھی اپنی جگہ بنائی۔ انتظامات مجموعی طور پر خوش اسلوب تھے، نظم و ضبط موجود تھا، محفل کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش واضح تھی۔

البتہ مہمانوں کے حوالے سے معمولی سی انتظامی کمزوری محسوس ہوئی، اگرچہ پچھلے سال کے مقابلے میں اس بار یہ کمی خاصی کم تھی۔ اسی نکتے پر محترمہ عنبرین حسیب عنبرین نے دوران کلام نہایت شائستہ مگر واضح انداز میں اظہار خیال بھی کیا، جو محفل کی زندہ دلی اور بے ساختگی کی علامت تھا۔

مجموعی طور پر دیکھا جائے تو کلام کا معیار، سامعین کی تعداد، داد و تحسین کا تسلسل اور محفل کی فضا ۔۔۔ سب مل کر ایک کامیاب اور یادگار مشاعرے کی تصویر پیش کرتے ہیں۔

اس عمدہ اہتمام پر ناظم آباد اور نارتھ ناظم ٹاؤنز کے چیئرمین صاحبان، جناب سید محمد مظفر صاحب اور جناب عاطف علی خان صاحب، نیز منتظمین اور تمام متعلقہ اراکین دلی مبارک باد کے مستحق ہیں۔

ایسی محفلیں نہ صرف ادب کی آبیاری کرتی ہیں بلکہ شہر کے تہذیبی چہرے کو بھی روشن رکھتی ہیں۔ اور یہی ان کی اصل کامیابی ہے۔


اور جب رات اپنی حد سے آگے بڑھنے لگی، لفظ تھکن کے باوجود مسکراتے رہے اور سامعین کی آنکھوں میں سنجیدگی کے ساتھ ایک عجیب سی طمانیت اتر آئی۔۔۔

تو یوں محسوس ہوا کہ یہ محفل محض ختم نہیں ہوئی، بلکہ دلوں میں منتقل ہو گئی ہے۔

یہ وہ لمحہ تھا جب شعر اپنی قرات سے آزاد ہو کر یادداشت کا حصہ بن جاتا ہے، اور محفل ایک تقریب کے بجائے روایت کہلانے لگتی ہے۔

ایسی نشستیں وقتی سرگرمی نہیں ہوتیں، یہ شہر کی تہذیبی سانسوں کا تسلسل ہوتی ہیں۔ یہاں لفظ اپنا وقار پہچانتا ہے، سامع اپنی پہچان پاتا ہے، اور ادب اپنے اصل منصب پر فائز نظر آتا ہے۔

شب سخن کی یہ محفل بھی اسی تسلسل کی ایک روشن کڑی ثابت ہوئی۔ جہاں شعر نے ہاتھ تھاما، داد نے حوصلہ دیا، اور خاموشی نے بھی بہت کچھ کہا۔

یوں یہ رات، اپنے ساتھ خوشبو، آواز اور معنی سمیٹے، تاریخ کی کسی غیر مرئی فائل میں محفوظ ہو گئی۔ 

اس یقین کے ساتھ کہ جب بھی شہر میں ادب کا ذکر آئے گا، اس شب سخن کا حوالہ خود بخود زبان پر آ جائے گا۔


اختر شیخ

 

Comments

  1. ماشاءاللہ ماشاءاللہ بہت عمدہ مشاعرہ تھا ۔ آپ کا جامع تبصرے نے چار چاند لگا دئیے ماشاءاللہ

    ReplyDelete

Post a Comment

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ