میرا برانڈ پاکستان


 میرا برانڈ پاکستان  ۔۔ قومی صنعت اور خود اعتمادی کی طرف ایک سنجیدہ قدم


پاکستان اس وقت جن معاشی دباؤ، صنعتی جمود اور قومی اعتماد کے بحران سے دوچار ہے، ان کا حل صرف وقتی اقدامات یا بیرونی امداد میں نہیں، بلکہ مقامی صنعت کے فروغ، پاکستانی مصنوعات کی حوصلہ افزائی اور قومی خود اعتمادی کی بحالی میں مضمر ہے۔ ایسے میں ،،میرا برانڈ پاکستان،، محض ایک نعرہ نہیں، بلکہ فکری اور عملی وژن کی صورت اختیار کر چکا ہے۔

،،میرا برانڈ پاکستان،، کے اغراض و مقاصد میں سب سے اہم نکتہ پاکستانی مصنوعات کی حوصلہ افزائی اور معیار پر زور ہے۔ برسوں سے ہم نے غیر ملکی مصنوعات کو معیار کی علامت اور مقامی پیداوار کو کمتر سمجھا، جس سے ہماری صنعتیں کمزور اور معیشت غیر مستحکم ہوئی۔ یہ تحریک اس ذہنیت کو بدلنے کی کوشش ہے کہ پاکستانی برانڈز بھی عالمی معیار پر پورا اتر سکتے ہیں، بشرطیکہ انہیں اعتماد، سہولت اور مارکیٹ تک رسائی دی جائے۔


دوسرا ستون معاشی خود انحصاری ہے۔ کوئی قوم اس وقت تک خود مختار نہیں ہو سکتی جب تک اس کی معیشت اپنی صنعت، اپنی منڈی اور اپنے وسائل پر قائم نہ ہو۔ درآمدات پر حد سے زیادہ انحصار، تجارتی خسارہ اور بیرونی دباؤ ہماری معیشت کے لیے خطرہ ہیں، اور ،،میرا برانڈ پاکستان،، اسی رجحان کے خلاف ایک واضح پیغام ہے۔

یہ تحریک اس بات پر بھی زور دیتی ہے کہ پاکستانی صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جائے۔ جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، معیار، پیکجنگ اور برانڈنگ وہ عوامل ہیں جن کے بغیر عالمی مارکیٹ میں جگہ بنانا ممکن نہیں۔ محض قومی جذبہ کافی نہیں، عملی معیار ناگزیر ہے۔


اسی پس منظر میں جماعت اسلامی کے کردار کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ حافظ نعیم صاحب، امیر جماعت اسلامی کے بیانات میں بارہا یہ بات سامنے آئی ہے کہ ۔۔ قومی صنعت اور مقامی مصنوعات کی حمایت نہ صرف معاشی ضرورت ہے بلکہ قیام پاکستان کے مقاصد کے مطابق ایک قومی فریضہ بھی ہے۔

ان کے مطابق، ایک مضبوط، خود کفیل اور اخلاقی معیشت کی بنیاد مقامی صنعت اور پاکستانی برانڈز کی مضبوطی سے ہی ممکن ہے، جو ،،میرا برانڈ پاکستان،، کے فکری وژن سے ہم آہنگ ہے۔


اسی طرح پاکستان بزنس فورم کراچی نے مقامی صنعت اور تاجروں کے مسائل اجاگر کرنے میں فعال کردار ادا کیا ہے۔ سہیل عزیز صاحب، صدر پاکستان بزنس فورم کراچی، اس سلسلے میں مستند مؤقف رکھتے ہیں کہ ۔۔ پاکستانی برانڈز کو صرف مقامی سطح پر نہیں بلکہ عالمی منڈی میں مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہوگا، اور اس کے لیے ضروری ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کو تسلسل، کاروبار دوست ماحول اور مارکیٹ تک رسائی دی جائے۔ 

سہیل عزیز صاحب 

کے مطابق، جب تک مقامی صنعت کار کو پالیسی کا تسلسل، آسان کاروباری ماحول اور ریاستی سطح پر اعتماد حاصل نہیں ہوگا، تب تک ،،میرا برانڈ پاکستان،، جیسے اقدامات عملی طور پر مؤثر نہیں ہو سکتے۔۔۔۔۔

اسی حوالے سے، 3 تا 4 جنوری کو کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی ،،میرا برانڈ پاکستان،، کی نمائش انتہائی کامیاب رہی، جس نے نہ صرف مقامی صنعتوں کی قابلیت کو اجاگر کیا بلکہ عوام میں پاکستانی مصنوعات پر اعتماد اور دلچسپی بھی بڑھائی۔ اس کامیاب نمائش کے انعقاد پر جماعت اسلامی پاکستان، پاکستان بزنس فورم کراچی کے صدر سہیل عزیز صاحب، دیگر تمام اراکین اور منتظمین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی جاتی ہے، جن کی محنت اور لگن نے اس اقدام کو ممکن بنایا۔


درحقیقت، ،،میرا برانڈ پاکستان،، قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کی طرف واپسی کا شعوری قدم ہے۔۔

وہ مقاصد جن میں ایک خوددار، خود کفیل اور معاشی طور پر مضبوط ریاست کا خواب شامل تھا۔ یہ تحریک ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ اگر ہم خود اپنی مصنوعات پر اعتماد نہیں کریں گے تو دنیا ہم پر کیوں کرے گی؟

آخر میں یہ کہنا درست ہے کہ ،،میرا برانڈ پاکستان،، کی کامیابی صرف کسی سیاسی پارٹی یا تنظیموں کی ذمہ داری نہیں، بلکہ ہر پاکستانی صارف، صنعت کار اور تاجر کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ کیونکہ جب ہم پاکستانی چیز خریدتے ہیں، تو ہم محض ایک شے نہیں خریدتے بلکہ اپنے ملک کے مستقبل میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ