ناظم آباد کی بیٹھک، کورم کم سہی، محفل تو جما ہی لی
ناظم آباد کی بیٹھک، کورم کم سہی، محفل تو جما ہی لی
ناظم آباد کی بیٹھک، محفل ہم نفساں، کم کثرت سے نہ گھبرائیے۔ محفلیں کبھی گنتی کے پیمانے سے نہیں بلکہ خلوص کے ترازو میں تولی جاتی ہیں۔ کچھ مجلسیں عدد کی محتاج نہیں ہوا کرتیں، وہاں چند رخسار ہی گویا سارے شہر کی رونق سمیٹ لیتے ہیں۔ ناظم آباد کی یہ محفل بھی اسی داستان دلنوازی کا ایک باب ہے، جہاں جسمانی حاضری کا حساب چاہے جزوی ہو، مگر قلبی استقرار ہمیشہ اکمل رہتا ہے۔
کل دوپہر (ڈاکٹر) کی خدمت سے سبکدوش ہو کر یونہی جی چاہا کہ ناظم آباد کے کوچے کا ایک طواف کرتا جاؤں۔۔۔۔۔۔
رات کی محفل تو سردی اور عارضۂ مفاصل کے سبب کچھ عرصے سے معطل ہے، سو دل میں ایک ہلکی سی کسک بھی تھی کہ شاید کوئی جان آشنا نظر آ جائے، کوئی حال پرسش ہو، کوئی گفتگو کا دھاگا بنے۔
اسی جستجو میں بیٹھک کے ان ہمدموں سے ملاقات ہو گئی جو یو سی چار، ناظم آباد نمبر ایک، نزد آغا چوس ہاؤس سے وابستہ ہیں۔ ذمہ داریوں کے حصار میں مگر خلوص کے گلستان سے لبریز ۔۔ یوسی چیئرمین برخوردار عمیر اکرم، عبد اللہ بھائی، ایوب بھائی، طاہر میاں اور یوسی سیکرٹری سب حاضر تھے، مگر وہ رات والی محفل کا پورا جم غفیر نہ تھا جس کے ہم عادی ہو چکے ہیں۔
ایوب بھائی کچھ دیر بعد مصروفیت کے تحت رخصت ہو گئے، مگر محفل کا رنگ نہیں پھیکا پڑا۔ گفتگو کا سلسلہ اس طرح جڑ گیا جیسے کبھی منقطع ہوا ہی نہ تھا۔ ناظم آباد کے معاملات، گذشتہ ایام کی یادیں، موجودہ احوال اور وہ عہد و پیماں جو ہمیشہ گفتگو میں زندہ رہتے ہیں، سب موضوع بنے۔
یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ناظم آباد کی بیٹھک محض سیاسی یا علاقائی گفتگو کا مرکز نہیں، بلکہ یہ یادوں کا سنگم ہے۔ یہاں ہر فرد اپنے ساتھ ایک داستان لے کر آتا ہے۔ کوئی پرانے ناظم آباد کا تذکرہ چھیڑتا ہے، کوئی تبدیل ہوتے چہروں کا ذکر کرتا ہے اور کوئی صرف خاموشی سے سن کر اپنی شرکت کا حق ادا کر دیتا ہے۔
رات کی محفل نہ ہونے کا افسوس اپنی جگہ، مگر دوپہر کی یہ غیر رسمی مجلس بھی کم قیمتی نہ تھی۔ کیونکہ اصل محفل کرسیوں کے عدد سے نہیں، دلوں کی گرہ سے بنتی ہے۔ چند لوگ، تھوڑی دیر اور بہت سی باتیں ۔۔۔۔۔۔۔
یہی تو ناظم آباد کی اصل پہچان ہے۔
سو کہہ لیجیے کہ حاضری کم تھی، مگر مجلس پوری تھی۔ لوگ کم تھے، مگر تعلقات گہرے تھے۔ اور ناظم آباد ۔۔۔ وہ تو ہمیشہ کی طرح اپنے نام کی طرح ناظم بھی تھا اور آباد بھی۔
کچھ محفلیں وقت کے پابند نہیں ہوتیں، کچھ بیٹھکیں موسم کی دست نگر نہیں ہوتیں،
اور ناظم آباد کی بیٹھک۔۔۔
وہ تو بس اہل دل کی آماجگاہ ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment