'کراچی کا ماتم اور نظام تماش بینی
'کراچی کا ماتم اور نظام تماش بینی"
آہ!! کراچی پھر شعلہ بار ہوا۔ اور ہمارا نظام حکمرانی پھر تماش بین بن بیٹھا۔ یہ کوئی عمارت نہیں، شہر کا سینہ تھا جو دہک رہا تھا۔ کراچی، جو کبھی روشنیوں کا شہر کہلاتا تھا، آج چنگاریوں میں اپنی داستان الم سناتا ہے۔ یہ آگ صرف دیواریں نہیں، ہمارے اعتماد کے محلات، تحفظ کے قلعے اور ریاستی دعوؤں کے شیش محل بھی خاکستر کر گئی۔ مگر چشم فلک نے وہی پرانا تماشا دیکھا کہ تاخیر کے قافلے، بے حسی کے دستے اور نااہلی کے وہ سینہ زور گھوڑے جن کی باگیں کب کی ٹوٹ چکی ہیں۔
زندگی اب بے حسی کا ہے حوالہ آنسوؤں سے ہچکیوں تک
کوئی تو سن لے ذرا غم کا یہ نالہ آنسوؤں سے ہچکیوں تک
سننے والے کان شاید اب کے بہرے ہو گئے ہیں فی زمانہ
بولنے میں خامشی کا ہے ازالہ آنسوؤں سے ہچکیوں تک
معتبر شاہجہان پوری
کہتے ہیں شہر کی رگوں میں انتظامیہ کا خون دوڑتا ہے۔ یہاں تو پہلا فائر ٹینڈر اس وقت نمودار ہوا جب وقت کی گھڑیال نے خود اپنی گواہی پلٹ دی اور پہنچا بھی ایسے، جیسے رسم ادائیگی کے لیے آیا ہو، نہ کہ فرض انسانی کے لیے۔ پانی تھا نہ رسد، ڈیزل تھا نہ تدبیر۔۔ گاڑیوں نے دم توڑا، اسنارکل نے ہار مان لی اور انہی لمحات میں ایک انسان… موبائل کو مخاطب کر کے تاریخ کو للکارتا رہا، یہاں تک کہ شعلوں نے اس کی آواز کا نوالہ بنا لیا۔ ریاست نے شاید التجا نہ سنی، مگر وقت کی کتاب نے اسے رقم ضرور کر لیا۔
میں کس کے ہاتھ اپنا لہو تلاش کروں
تمام شہر نے پہنے ہوئے ہیں دستانے
مصطفیٰ زیدی
یہ وہی شہر ہے جہاں قبریں کھودنے والے تو حاضر خدمت رہتے ہیں، مگر ذمہ داریاں نبھانے والے غائب۔۔ یہاں ادارے خیر جانوں کے سودے کرتے ہیں، اور محکمے سرکار کاغذوں کے پہاڑوں میں گم۔ یہ محض دو رخی نہیں، یہ نظام کا وہ عریاں چہرہ ہے جس پر نقاب بے حسی ڈال دی گئی ہے۔
سترہ برس کی حکمرانی اگر محض روایت غفلت بن جائے، تو پھر اسے تجربہ نہیں، رسم جاں گداز کہتے ہیں۔ کراچی کو ہر آفت کے بعد یہی جملہ سننے کو ملتا ہے کہ تحقیقات کا اہتمام ہوگا، مگر شہر کا سوال یہ ہے کہ کیا کبھی احتیاط کا انتظام بھی ہوگا؟
یہاں مئیر کراچی کی خاموشی بھی غفلت کا اعتراف ہے اور صوبائی اقتدار کی مسلسل موجودگی بھی سوال در سوال۔۔
دونوں کے مابین جلتا ہوا شہر گواہ ہے کہ تخت حکومت تو محفوظ رہے، مگر عوام کا گھر محفوظ نہ رہا۔ انتظامیہ کے پاس نعرے تھے، نظام نہ تھا، پروٹوکول تھے، پانی نہ تھا۔
اور جب ریاستی اعزازات کا تذکرہ آئے، تو کراچی کو حق ہے کہ وہ اپنا حساب کتاب مانگے۔ تمغے عوام بچانے پر ملتے ہیں، جماعتیں بچانے پر نہیں۔ سندھ کے لوگ، بالخصوص کراچی والے، یہ عہد مانگتے ہیں کہ وفاداریاں آئین سے ہوں، انتظام شہری ہو، اور جواب دہی کا سلسلہ انتخابی میدان تک محدود نہ رہے۔
یہ سطور طعنہ زنی نہیں، آئینہ خانہ ہیں۔ یہ بغاوت نہیں، فریاد ہے۔ کراچی کو نعروں سے نہیں، ساز و سامان سے بچایا جا سکتا ہے۔ تصویروں سے نہیں، تدبیروں سے۔ وعدوں سے نہیں، وقت پر پہنچنے سے۔
شہر آج بھی سلگتا ہے، مگر اس کی یادداشت بھی آتش فشاں ہے۔ وہ ہر شعلے کے ساتھ ایک نام رقم کرتا ہے۔ تاخیر کا، نااہلی کا، اور اس خاموشی کا جو قہقہوں سے زیادہ زہر آلود ہوتی ہے۔
کراچی صرف راکھ نہیں مانگتا۔ وہ انصاف مانگتا ہے۔
اختر شیخ
۱۸ جنوری ۲۰۲۶

Comments
Post a Comment