"بے حسی کے دور میں، آنسوؤں سے ہچکیوں تک کا سفر"


 "بے حسی کے دور میں، آنسوؤں سے ہچکیوں تک کا سفر"


کبھی یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہم ایک ایسے عہد کے مسافر ہیں جہاں زندگی شروع ہونے سے پہلے ہی موت کی امانت ہمارے ہاتھ میں تھما دی جاتی ہے۔ ہم گھر سے نکلتے ہیں تو واپسی کی کوئی ضمانت ساتھ نہیں ہوتی۔ گل پلازہ کی گری ہوئی اینٹیں ہوں یا بلدیہ ٹاؤن کی جلی ہوئی سلاخیں ۔۔ یہ محض حادثات نہیں، یہ ہمارے اجتماعی ضمیر پر ثبت وہ خون آلود نشان ہیں جو بار بار ہمیں آئینہ دکھاتے ہیں۔ مگر ہم ہیں کہ انہیں دیکھ کر بھی نظر چرا لیتے ہیں۔

یہ اموات کسی ایک لمحے کی لغزش کا نتیجہ نہیں ہوتیں۔ یہ لاکھوں چھوٹی بڑی غفلتوں، لالچوں اور بددیانتیوں کے شور میں وقوع پذیر ہونے والے منظم قتل ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ یہاں قاتل کوئی ایک فرد نہیں، پورا نظام ہوتا ہے۔ اور مقتول ہم سب۔۔۔

ایک نوجوان ڈمپر کے نیچے آ جاتا ہے۔ چند دن سوشل میڈیا پر شور اٹھتا ہے، تعزیتیں ہوتی ہیں، پھر خاموشی۔ کیا کبھی ہم نے سنجیدگی سے یہ سوال اٹھایا کہ اس ڈمپر کے ڈرائیور کے پاس لائسنس تھا یا نہیں؟ گاڑی فٹ تھی یا نہیں؟ ٹریفک قوانین محض کتابوں کی زینت کیوں بنے ہوئے ہیں؟


ایک بچہ نالے میں گر کر جان سے جاتا ہے۔ چند بیانات آتے ہیں، وعدے ہوتے ہیں، اور پھر وہی پرانا منظر۔ کیا کبھی نالوں کے ڈھکن چرانے والوں، نکاسیٔ آب کے بجٹ میں خردبرد کرنے والوں اور ہر بار اگلی بار کا وعدہ کرنے والے افسروں سے واقعی کوئی حساب مانگا گیا؟

یہ نظام کبھی ایک جان لیتا ہے، کبھی سینکڑوں۔ مگر ہماری اجتماعی حرکت ہر بار صرف تعزیت تک محدود رہتی ہے۔۔ گویا یہی ہماری آخری ذمہ داری ہو۔


زندگی اب بے حسی کا ہے حوالہ آنسوؤں سے ہچکیوں تک

کوئی تو سن لے ذرا غم کا یہ نالہ آنسوؤں سے ہچکیوں تک


(معتبر شاہجہان پوری)


حقیقت یہ ہے کہ ہم ایک ایسے نظام میں سانس لے رہے ہیں جس کی بنیادیں ہی کھوکھلی ہیں۔ یہاں اصول نہیں، تعلقات بولتے ہیں، احتساب نہیں، چشم پوشی راج کرتی ہے، اور انسانی جان کی قدر عددی شماروں میں بدل دی گئی ہے۔ یہ نظام نہ انسان کو بخشتا ہے، نہ حیوان کو۔ امیر ہو یا غریب، بوڑھا ہو یا جوان ۔۔ سب اس کی بھٹی میں یکساں ایندھن ہیں۔

المیہ یہ نہیں کہ یہ نظام ایسا ہے، اصل المیہ یہ ہے کہ ہم نے خود کو اس کا ایک بے حس پرزہ بنا لیا ہے۔ بے عمل، بے آواز، اور محض انتظار کرنے والا۔۔۔ ہم مصلحت کو دانش مندی اور خاموشی کو شرافت سمجھنے لگے ہیں، حالانکہ یہ دونوں مل کر ظلم کو دوام دیتی ہیں۔

اسی مقام پر میرے قلم نے بھی مصلحت سے انکار کیا اور دل کی بات شعر میں یوں ڈھل گئی۔ جو میرے جذبات کی ترجمان ہیں ۔۔۔۔ 


جب چلی مصلحت شورشِ حالات کی بات

اور مجھے جذبۂ بیباکیِ اظہار ملا


یہ محض ایک شعر نہیں، خاموشی کے خلاف ایک اندرونی بغاوت ہے۔


سننے والے کان شاید اب کے بہرے ہو گئے ہیں فی زمانہ

بولنے میں خامشی کا ہے ازالہ آنسوؤں سے ہچکیوں تک


(معتبر شاہجہان پوری)


ہم انتظار کرتے ہیں۔ اگلا پلازہ کب گرے گا؟ اگلا بچہ کس نالے میں ڈوبے گا؟ اگلی گولی کس بے گناہ کو نشانہ بنائے گی؟ ہماری زندگیاں ایک ہولناک “حادثاتی کیلنڈر” میں بدل چکی ہیں، جہاں ہر تاریخ کسی نئے المیے کی گواہ ہے۔

اب وقت آ گیا ہے کہ اس کیلنڈر کو پھاڑ دیا جائے۔ اس کے لیے چند باتوں پر سنجیدگی سے غور ضروری ہے۔ 

اول، “حادثہ” کی اصطلاح کو رد کیا جائے۔ ہر ایسے واقعے کو اس کے درست نام سے پکارا جائے۔۔ انتظامی غفلت، بدعنوانی کا نتیجہ، یا اجتماعی قتل۔

دوم، بازپرس کا عمل علامتی نہیں، حقیقی ہو۔ محض ایک افسر کی معطلی کافی نہیں؛ پورے نظام، پورے عمل اور تمام ذمہ داروں کا احتساب ناگزیر ہے۔

سوم، ہماری آواز صرف احتجاجی نعروں تک محدود نہ رہے۔ قانونی، انتظامی اور سیاسی سطح پر مستقل اور بامعنی دباؤ پیدا کیا جائے، جو بنیادی اصلاحات پر منتج ہو۔

یاد رکھیے، نالے میں گرنے والا بچہ، ڈمپر کے نیچے آتا نوجوان، یا فیکٹری میں جلنے والا مزدور ۔۔ یہ سب ہمارے ہی اجتماعی بدن کے اعضا ہیں۔ جب ایک عضو زخمی ہو تو پورا جسم بے چین ہو جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہمارا اجتماعی بدن واقعی بے چین ہوا ہے؟

اسی سوال نے میرے قلم کو ایک اور تلخ مگر سچا سوال عطا کیا۔۔ یہ بھی جذبات کا اظہار ہے اور براہ راست ہمارے اجتماعی ضمیر سے مکالمہ کرتے ہیں۔۔۔


کب تک پیو گے دیس کے ان مفلسوں کا خون

آئے گی کیسے جوش میں غیرت، جواب دو


خاموشی کوئی معصوم کیفیت نہیں، ایک انتخاب ہے۔ اور اس انتخاب کی قیمت ہمیشہ کسی بے گناہ کی جان ہوتی ہے۔ ہر وہ لمحہ جب ہم خاموش رہتے ہیں، ہم اس قتل گاہِ نظام کی ایک اینٹ میں اپنا حصہ ڈال دیتے ہیں۔

فیصلہ اب بھی ہمارے ہاتھ میں ہے۔

یا تو ہم اگلے حادثے کا انتظار کرتے رہیں،

یا پھر اس نظام کو بدلنے کا پہلا “حادثہ” خود بن جائیں۔

سوچیے۔

اور پھر … صرف سوچنے پر اکتفا نہ کیجیے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ