"یہ “ہوجاتا ہے” کی منطق"


 https://www.facebook.com/share/p/17yPoeLGcD/


"یہ “ہوجاتا ہے” کی منطق"


ظلمت شب سے نہ گھبرا کہ اسے ڈھلنا ہے

تیرگی حد سے بڑھے گی تو اجالا ہوگا


قومی اسمبلی کے فلور پر دیے گئے بعض بیانات محض الفاظ نہیں ہوتے، وہ ریاستی طرز فکر اور حکمرانی کے شعور کی نمائندگی بھی کرتے ہیں۔ 


سانحۂ گل پلازہ پر محترمہ شہلا رضا کا آج قومی اسمبلی کا بیان بھی اسی نوعیت کا ہے، جس میں ایک قومی المیے کو یہ کہہ کر سمیٹ دیا گیا کہ

“یہ آگ ہے، ہو جاتا ہے”۔

مہذب گفتگو کا تقاضا ہے کہ بات شائستگی کے دائرے میں کہی جائے، مگر بعض اوقات نرم لہجے میں کہا گیا طنز سچ کو زیادہ واضح کر دیتا ہے۔ اگر ہر آتش زدگی کو محض یہ کہہ کر نمٹا دیا جائے کہ “یہ تو ہو جاتا ہے”، تو پھر احتیاط، نگرانی، قانون اور ذمہ داری جیسے تصورات آخر کس باب میں رکھے جائیں؟

محترمہ نے مثال نیوزی لینڈ کی دی، جہاں ایک واقعے میں چالیس جانیں ضائع ہوئیں۔ یہ مثال شاید اس تاثر کے لیے دی گئی کہ ایسے سانحات دنیا بھر میں ہوتے ہیں۔ مگر یہ بتانا مناسب نہ سمجھا گیا کہ وہاں ایسے واقعات معمول نہیں اور اگر ہوں بھی تو ریاست جواز پیش کرنے کے بجائے جواب دہی اختیار کرتی ہے۔ ہمارے یہاں مگر المیہ یہ ہے کہ سانحہ ابھی ختم نہیں ہوتا اور بیان آ جاتا ہے، یا بیان پہلے آ جاتا ہے اور سانحہ جاری رہتا ہے۔ گل پلازہ کا دھواں پوری طرح چھٹا بھی نہیں تھا کہ آج نئی سبزی منڈی میں آگ بھڑک اٹھی۔ اسے محض اتفاق کہا جائے یا ایک تسلسل، یہ فیصلہ قاری خود کر سکتا ہے۔


یہ دیس ہے اندھے لوگوں کا

اے چاند یہاں نہ نکلا کر


یہ بھی فرمایا گیا کہ ماضی میں لاہور کے حفیظ سینٹر میں تین بار آگ لگی اور اس پر سیاست نہیں کی گئی۔ سوال مگر سیاست کا نہیں، سبق سیکھنے کا ہے۔ کیا ہر واقعے کے بعد حفاظتی انتظامات بہتر کیے گئے؟ 


اگر ہر حادثے کے بعد یہی کہا جائے کہ “یہ تو آگ ہے”، تو فائر سیفٹی قوانین، عمارتوں کی منظوری اور حفاظتی اقدامات سب محض کاغذی کارروائیاں بن کر رہ جائیں گی۔

بات جب اٹھارویں ترمیم اور صوبوں تک جا پہنچی تو یوں محسوس ہوا کہ جواب دہی کا بوجھ تاریخ اور جغرافیہ کے کندھوں پر رکھ دیا گیا ہے۔ سندھ کی قدامت اس کی مہمان نوازی اور اس کی عظیم تاریخ اپنی جگہ مسلم، مگر سوال یہ ہے کہ کیا ہزاروں سال پرانی تاریخ آج کے شہری کو شعلوں سے بچا سکتی ہے؟ یا ماضی کے حوالوں سے حال کی ذمہ داریوں سے دامن جھاڑ لینا کافی سمجھا جائے گا؟


سم و جاں کو گروی رکھ کر وقت کے ساہو کار

آتی جاتی سانسوں کا کرتے ہیں کاروبار


(افتخار شاہد)


یہاں ایک پہلو ایسا بھی ہے جسے نظرانداز کرنا ممکن نہیں۔ محترمہ شہلا رضا خود ایک ایسے المیے سے گزر چکی ہیں جہاں ان کا لخت جگر برساتی نالے کے ریلے کی نذر ہو چکے ہیں۔ یہ صدمہ کسی بھی ماں کے لیے ناقابل بیان ہے۔ مگر یہی سانحہ اس بات کا تقاضا بھی کرتا تھا کہ وہ ریاستی غفلت، ناقص انتظامات اور “ہو جاتا ہے” کی سوچ کے درد کو دوسروں سے بہتر سمجھ سکتی تھیں۔ بدقسمتی سے، یہ احساس ان کے بیان میں جھلکتا دکھائی نہیں دیتا۔

تلخ حقیقت یہ ہے کہ ایسے بیانات قوم کے زخموں پر مرہم نہیں رکھتے، بلکہ انہیں اور گہرا کر دیتے ہیں۔ جو خاندان اپنے پیاروں کو آگ، دھوئیں یا نالوں میں کھو چکے ہوں، ان کے لیے یہ سننا کہ “یہ ہو جاتا ہے” ایک اور صدمے سے کم نہیں۔


یہ بے حسی، خود غرضی

اللہ بھی دیکھتا ہو گا

تو کیا وہ بس دیکھتا ہو گا ؟

نہیں… وہ دیکھتا ہے سب

تو وہ سب “دیکھ” بھی لے گا



آخر میں بس اتنا عرض ہے کہ ۔۔۔ 


برباد گلستاں کرنے کو بس ایک ہی اُلو کافی تھا

ہر شاخ پہ اُلو بیٹھا ہے، انجامِ گلستاں کیا ہوگا


حادثات دنیا میں ضرور ہوتے ہیں،

مگر ذمہ داری وہاں قبول کی جاتی ہے

جہاں انسان کی جان کو محض ایک خبر نہیں سمجھا جاتا۔


اختر شیخ


Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ