"ایک انتظار، جو خاکستر ہو گیا"
"ایک انتظار، جو خاکستر ہو گیا"
کہانی اچانک شروع نہیں ہوئی۔ یہ ایک لمبے انتظار کے بعد آنے والا انجام تھا۔ رات نے جلنے میں جلدی نہ کی، بلکہ گویا وہ کسی طویل عرصے سے چلی آ رہی بے حسی کا منطقی نتیجہ تھا۔ عمارت تیزی سے نہیں، بلکہ اس انداز میں راکھ ہوئی جیسے یہ سب پہلے سے طے شدہ ہو۔
شعلے پھیلے، مگر شہر کے معمولات پر کوئی فرق نہ پڑا۔ نہ کوئی اضطرابی کیفیت، نہ کوئی ہنگامی صورت حال۔ بس وہی روایتی بے حسی، جیسے سب کچھ معمول کے مطابق ہو رہا ہو۔
اس عمارت میں زندگیاں تھیں۔ ہر دکان ایک کہانی تھی۔ کوئی اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی بچانے کی کوشش میں تھا، کوئی چند لمحوں کی خوشی لے کر نکل چکا تھا۔ کچھ لوگ اپنا سب کچھ وہیں چھوڑ آئے، کچھ اپنا سب کچھ ساتھ لے گئے۔
آگ تیزی سے نہ پھیلی۔ ایسا لگتا تھا جیسے وہ بھی جانتی ہو کہ یہاں ہر چیز کے اپنے مقررہ اوقات ہیں۔ پانی موجود تھا مگر پہنچنے میں دیر لگی۔ گاڑیاں موجود تھیں مگر وقت پر نہ پہنچ سکیں۔ رابطے موجود تھے مگر عمل درآمد میں تاخیر ہوئی۔
سب کچھ ایسے ہوا جیسے یہ سب پہلے سے لکھی ہوئی کہانی کا حصہ ہو۔ جیسے ہر کوئی جانتا ہو کہ کیا ہونے والا ہے، مگر کوئی کچھ کر نہ سکے۔
رات گزری، دھواں اٹھا، راکھ جمی۔ نام تاریخ کے صفحات میں دفن ہو گئے۔
تب … جب کچھ بچانے کو نہ رہا…
تب رسمی حرکتیں شروع ہوئیں۔
ایک تلخ مشاہدہ سامنے آیا۔ المیے کی سنگینی کے باوجود صرف ایک ہی سیاسی جماعت کے قائد نے متاثرین سے براہِ راست ملاقات اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہین کے لیے یہ توفیق ممکن نہ ہو سکی۔
ہاں، دیگر جماعتوں کی مقامی قیادت نے اپنے سطح پر کوششیں ضرور کیں، اور مرکزی قیادت کی غیرحاضری کے احساس کو کچھ حد تک کم کرنے کی سعی کی، مگر قومی سطح پر جو یکجہتی، فوری عمل اور جذباتی ہم آہنگی کا تقاضا تھا، وہ پورا نہ ہو سکا۔
شہر خاموش رہا۔ شاید وہ سمجھ چکا تھا کہ یہاں المیے بھی اپنے مقررہ اوقات میں آتے ہیں، اور ہمدردی کے اظہار کے بھی اپنے ہی دائروں ہوتے ہیں۔
سو یہ کہانی محض ایک آگ کی نہیں، بلکہ ان تمام چیزوں کی ہے جو اس آگ کے بعد بھی نہیں بدلیں۔
اور اس میں صرف عمارتیں ہی نہیں جلتیں…
لوگوں کا یہ اعتماد بھی خاکستر ہوتا ہے کہ ان کی تکلیف پر قومی قیادت یکساں طور پر سوگوار ہوگی۔
آخر میں،
ان تمام بے گناہ جانوں کے لیے دعا
جنہیں ہم بچا نہ سکے۔ ان خاندانوں کے لیے دعا، جن کے چراغ گل ہو گئے۔
اور اس شہر لاوارث کے لیے بھی دعا، جس کے لوگ ہر آفت میں سب سے پہلے متاثر ہوتے ہیں،
اور سب سے آخر تک بھی توجہ حاصل نہیں کر پاتے ہیں۔
اللہ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے، ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے، اور ہمیں ایسے واقعات سے سبق سیکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment