تاج تو ہمارے سر، الزام تمہارے نام سندھ میں اقتدار اور احتساب کا المیہ
تاج تو ہمارے سر، الزام تمہارے نام سندھ میں اقتدار اور احتساب کا المیہ
سندھ کی سیاست کا یہ المیہ ہے کہ تاج حکمرانی تو ایک ہی سر پر سجا رہتا ہے، مگر الزامات کے سارے تیر کسی اور کے نام پر چلائے جاتے ہیں۔ جب کراچی کی بدحالی کا ذکر ہو تو فوراً بتایا جاتا ہے کہ یہ ایم کیو ایم، جماعت اسلامی یا کسی نہ کسی اتحادی کی کارستانی ہے۔ اور جب ملیر میں سڑکیں ادھوری ہوں، اسپتالوں میں دوا ناپید ہو، تو ووٹ دینے والوں کو ہی مورد الزام ٹھہرا کر کہہ دیا جاتا ہے کہ چونکہ انہوں نے فلاں جماعت کو ووٹ دیا تھا، اس لیے یہ سب ان کی اپنی بدقسمتی ہے۔
سندھ سیکریٹریٹ میں بیٹھے افسران ہوں یا پولیس کے رشوت خور اہلکار، واٹر بورڈ کی نااہلی ہو یا ٹریفک کے بگڑے ہوئے نظام کا نوحہ۔ ہر خرابی کے پس منظر میں کسی نہ کسی سیاسی جماعت کا نام گونجنے لگتا ہے۔ کبھی جماعت اسلامی کو ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے، کبھی ایم کیو ایم کو، اور کبھی دیگر حزب اختلاف کو۔ یوں حکمران جماعت کے لیے ایک نہایت سہل فارمولا وجود میں آ چکا ہے کہ ہر ناکامی کی ذمہ داری کسی اور کے کندھوں پر ڈال دو۔
عجب تماشا یہ ہے کہ جو جماعت اٹھارہ برس سے اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہے، وہ ایسے طرز عمل کا مظاہرہ کرتی ہے گویا حکومت اسے اٹھارہ دن پہلے ملی ہو۔ مسائل ان کے سامنے پرانی فائلوں کی صورت رکھے ہیں، مگر حل پیش کرنے کے بجائے ہر بحران کا فوری ردعمل یہی ہوتا ہے کہ یہ ہماری نہیں، بلکہ فلاں جماعت کی سازش ہے۔
کچے کے علاقوں میں امن ناپید ہو، کچے میں سرگرم منظم جرائم پیشہ عناصر اور ڈاکوؤں کا مسئلہ ہو، یا بالائی سندھ میں برادریوں کے درمیان خونریزی جاری ہو۔ ہر سانحے کے پیچھے کبھی سرداروں کا ہاتھ بتایا جاتا ہے، کبھی مخالف سیاسی قوتوں کا۔ حالانکہ امن و امان قائم رکھنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، کسی سیاسی مخالف کی نہیں۔سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ضرور ہے، مگر مستقل الزام تراشی حکمرانی کا متبادل نہیں بن سکتی۔ عوام اب یہ سوال اٹھانے پر مجبور ہیں کہ اگر ہر خرابی کے ذمہ دار دوسرے ہیں تو پھر اقتدار میں بیٹھے لوگ کس لیے ہیں؟ اور اگر اختیارات مکمل طور پر آپ کے پاس ہیں تو جواب دہی سے یہ گریز کیوں؟
یہ تحریر جناب منصور زبیری کی تحریر سے متاثر ہو کر قلم بند کی گئی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment