شہر روشنی، وعدے اور ایمانداری برائے فروخت





 شہر روشنی، وعدے اور ایمانداری برائے فروخت


کراچی ۔۔ جسے کبھی شہر روشنی کہا گیا۔ پاکستانی سیاست کے افق پر ہمیشہ ایک مہر تاباں کی طرح چمکتا رہا ہے۔ یہ وہ شہر ہے جس نے محبت بھی بے حساب دی، اعتماد بھی بے مثال کیا اور امیدوں کے چراغ بھی پوری شدت سے روشن کیے۔ عمران خان کی سیاست میں بھی کراچی ایک ایسا ہی ستارہ تھا جس نے اپنی روشنی سے راہیں منور کیں، مگر المیہ یہ ہے کہ اسی روشنی کو خود اسی کے ہاتھوں دھندلا دیا گیا۔

اس شہر حسیں کے باسیوں نے اپنی آغوش محبت میں اسے وہ مقام عطا کیا جو دل کی آخری گہرائیوں سے نکلتا ہے۔ خلوص کے چراغ جلائے گئے، اعتماد کے گل کھلے، محبت کے موتی پروئے گئے۔۔

مگر صلے میں ہاتھ آیا تو محض سیاسی اصولوں کی چھنی ہوئی خاک۔


صرف بھاشن ہیں میرے سب وعدے

جیت کر سب میں بھول جاتا ہوں


(اتباع ابرک)


کراچی نے اپنی محبت کا سارا خزانہ نچھاور کر دیا، مگر اس کی قدر پیمائی ہوئی تو سرمایۂ سیاست کے پلڑوں پر، اور وفاؤں کا مول لگا تو سودے بازی کے ترازو میں۔

سیاسی مصلحتوں کے اس کھیل میں امیدوں کے چراغ ایک ایک کر کے بجھتے گئے اور عشق کے چمن میں وعدوں کے وہ پھول کھلے جو پل بھر میں مرجھا گئے۔

یہ محض سنا ہی نہیں گیا، دیکھا بھی گیا کہ کراچی میں قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ کے ٹکٹ اصولوں کی دکان پر نہیں بلکہ دولت کے بازار میں فروخت ہوئے۔ نمائندگی جیسے مقدس فریضے کو غیر مقامی جاگیرداروں کے ہاتھوں میں دے دیا گیا۔۔ ایسے ہاتھ جو نہ اس شہر کی روح سے واقف تھے، نہ اس کے دکھوں سے، نہ اس کے زخموں کی حدت سے۔


اپنے اپنے دائرے میں دیکھ لو

حسب طاقت ہر کوئی فرعون ہے


(عابی مکھنوی)


پھر وہ وقت بھی آیا جب وزارتِ عظمی کا تاج سر پر رکھا گیا۔ مگر اس تاج کے زیر سایہ کراچی کے لیے کوئی ایسا کارنامۂ عظیم وجود میں نہ آ سکا جو اس کے زخموں پر مرہم رکھتا۔ گیارہ ارب روپے کے کراچی پیکیج کا اعلان ضرور ہوا، گویا ایک خوش نما خواب دکھایا گیا، مگر عمل کی زمین پر اس خواب کے قدم نہ پڑ سکے۔ وعدے کی گونج سنائی دی، تکمیل کی صدا خاموش رہی۔

چند سرسری دورے بھی ہوئے، مگر اس قلبی وابستگی کی کوئی جھلک نظر نہ آئی جو ایک رات کے قیام سے بھی ظاہر ہو جاتی ہے۔ یوں کراچی وعدوں کی فہرست میں تو ہمیشہ نمایاں رہا، مگر ترجیحات کے طومار میں اس کا نام ڈھونڈنے والے ہاتھ خالی ہی رہے۔


اور پھر اسی داستان کا وہ باب کھلتا ہے جہاں ایمانداری برائے فروخت ایک باقاعدہ اصول بن کر سامنے آتی ہے۔

جتنی ضرورت، اتنے فروخت۔

کراچی میں میئر نشست کے لیے جب بتیس ووٹ درکار تھے، تو نہایت دیانت داری کے ساتھ بتیس ہی فروخت ہوئے۔

نہ ایک کم، نہ ایک زیادہ۔

کشمیر میں ضرورت نو کی تھی، تو سودا بھی نو پر ہی طے پایا۔

اور سینیٹ میں چونکہ فقط ایک ووٹ درکار تھا،

تو دیانت نے کمالِ ضبط دکھایا ۔۔ ایک ہی بکا۔

یہ ہے وہ ایمانداری جس پر واقعی فخر کیا جا سکتا ہے۔

ایسی پاکدامنی، ایسی اصول پسندی، ایسی عین ضرورت کے مطابق کارکردگی شاید پاکستان کی کسی اور سیاسی جماعت میں ممکن نہیں۔ دوسری جماعتوں میں تو اکثر ایسا ہو جاتا ہے کہ لوگ ایک ساتھ بک جاتے ہیں، یا کم پڑ جاتے ہیں، یا وقت سے پہلے ہی بازار میں آ نکلتے ہیں۔

مگر یہ وہ جماعت ہے جو بکتی بھی ہے تو پورے نظم و ضبط کے ساتھ۔

نہ اوور سیلنگ پر یقین، نہ انڈر سپلائی کا خطرہ۔

یہ ہے نیا پاکستان کا کاروباری ماڈل۔۔

جہاں نظریے کی نہیں، نمبروں کی درست گنتی کی قدر ہے۔

جہاں ضمیر فروشی بھی توازن کے ساتھ ہوتی ہے۔

نہ کم، نہ زیادہ،

بالکل ضرورت کے مطابق۔


یہی انداز تجارت ہے تو کل کا تاجر

برف کا باٹ لیے دھوپ میں بیٹھا ہو گا


یہ ہے ایمانداری کی نئی تعریف ۔۔۔

جتنی ضرورت، اتنے بکتے۔

نہ ایک کم، نہ ایک زیادہ۔

اور ماننا پڑے گا،

یہ اصول پسندی،

یہ توازن، یہ شفافیت، یہ عین ضرورت کے مطابق بکنے کی صلاحیت

پاکستان کی کسی اور جماعت میں نہیں۔

کیونکہ اگر اس ملک میں کوئی جماعت پوری دیانت داری سے بکتی ہے، تو وہ صرف اور صرف

تحریکِ انصاف ہے۔

یہ شکوہ نہیں، نہ احتجاج ۔۔

یہ تو شہر روشنی کے باسیوں کی طرف سے ایک خاموش نوحہ ہے،

ایک آہ سرد،

جو آج بھی توجہ چاہتی ہے،

انصاف مانگتی ہے

اور خلوص کی طالب ہے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ