دستور سلطانی۔۔ خاکستر حقیقت پر گلکاری بیانیہ


دستور سلطانی۔۔ خاکستر حقیقت پر گلکاری بیانیہ


الحمد للہ ثم الحمد للہ کہ ہمارے ارباب اقتدار نے ہر حادثے، ہر سانحے اور ہر اجتماعی المیے کو بیان سازی کی ایسی لطیف، نفیس اور نازک کاریگری سے مزین کرنے کا ہنر سیکھ لیا ہے کہ حقیقت کی کرخت اور بدنما صورت خود بہ خود پردۂ نگاہ سے اوجھل ہو جاتی ہے۔ یہاں اگر کوئی عمارت شعلوں کی آغوش میں جا کر راکھ کا تودہ بن جائے تو اس ہمہ گیر تباہی کو نہایت شائستگی سے ’’آگ پر قابو‘‘ کا خوش آئند نام عطا فرما دیا جاتا ہے اور اگر ملبے کی تہوں سے انسانوں کی بے جان لاشیں برآمد ہوں تو اس کربناک مرحلے کو ’’ریسکیو آپریشن‘‘ کا دل فریب اور خوش نما لقب پہنا دیا جاتا ہے۔


اس دیار میں لفظوں کے معنی نہ لغات میں ملتے ہیں، نہ ادب میں۔۔

یہ صرف اقتدار کے اشارۂ ابرو کے تابع ہوتے ہیں۔

یہاں سوال اٹھانا بدتہذیبی نہیں، مگر سیاست ضرور ٹھہرتا ہے۔۔

اور احتجاج، جو آئین کی رو سے حق ہونا چاہیے، یہاں غداری کی صریح اور ناقابل معافی علامت قرار پاتا ہے۔ اگر عوام کی زبان یہ گستاخانہ جسارت کر بیٹھے کہ۔۔۔۔


آگ لگی کیسے؟

ذمہ دار کون ہے؟ 


تو جواب میں فائلوں کو دفتری طواف آخرت پر روانہ کر دیا جاتا ہے۔ تحقیقات کے نام پر ایسی کمیٹیاں تشکیل پاتی ہیں جو وقت کی گرد میں دب کر خود ایک مستقل سوال بن جاتی ہیں۔ یہاں سانحے نہیں ہوتے، فقط واقعات ہوا کرتے ہیں۔۔ 

اور واقعات پر رنج و الم نہیں، محض نوٹس لیا جاتا ہے۔ نوٹس اس مسافر کا نام ہے جو رخصت تو ہوتا ہے، مگر پلٹ کر کبھی خبر نہیں دیتا۔

جو زندہ بچ نکلے، وہ خوش قسمت کہلاتا ہے۔۔

اور جو لقمۂ اجل ہو جائے، وہ اعداد و شمار کی بے روح فہرست میں ایک بے نام عدد بن کر رہ جاتا ہے۔ 

میڈیا کے آئینہ گاہوں میں چمکتے ہوئے چہرے پورے وثوق اور اطمینان سے اعلان کرتے ہیں کہ ’’صورتحال قابو میں ہے‘‘، ’’سب کچھ معمول کے مطابق ہے‘‘، ’’بس چند افسوسناک لمحات تھے‘‘۔ گویا المیے لمحاتی ہوتے ہیں، مگر نظام ہمیشہ معصوم۔


ایسے میں شاعرِ انقلاب، حبیب جالبؔ کی صدائے احتجاج بے اختیار کانوں میں گونج اٹھتی ہے ۔۔۔ 


دیپ جس کا محلات ہی میں جلے

چند لوگوں کی خوشیوں کو لے کر چلے

وہ جو سائے میں ہر مصلحت کے پلے

ایسے دستور کو، صبح بے نور کو

میں نہیں مانتا، میں نہیں جانتا


اس دیس میں آگ بجھتی نہیں، بیانیے بجھا دیے جاتے ہیں۔ دھواں عمارتوں کی چھتوں سے نہیں، اجتماعی یادداشت کے کنوؤں سے اٹھتا ہے۔ اور جب ہر شے خاکستر ہو جائے تو نہایت اطمینان اور وقار سے فرمایا جاتا ہے کہ ’’معاملہ نمٹا دیا گیا ہے‘‘۔ اس کے بعد انتظار کی گھڑی شروع ہوتی ہے ۔۔۔ 

اگلے حادثے کی، اگلی لاشوں کی۔۔

تاکہ ایک بار پھر یہ اٹل حقیقت ثابت ہو سکے کہ یہاں اصل قابو آگ پر نہیں، باتوں پر پایا جاتا ہے۔


فیض احمد فیض تو بہت پہلے اس سرزمین کی گلیوں کا دستور رقم کر گئے تھے ۔۔۔ 


نثار میں تری گلیوں کے اے وطن کہ جہاں

چلی ہے رسم کہ کوئی نہ سر اٹھا کے چلے


یہی وہ رسم ہے، یہی وہ دستورِ بے نور ۔۔ جس میں خاموشی کو اعلی ترین شہری وصف کا درجہ حاصل ہے، اور سوال کرنا سب سے بڑا جرم سمجھا جاتا ہے۔ ہم اسی سایۂ خاموشی میں سانس لے رہے ہیں، جہاں حقیقت کی آگ کو بیانیے کے پانی سے بجھا کر، راکھ پر خوش نما لفظوں اور شگفتہ تعبیرات کی گلکاری کر دی جاتی ہے۔


اور اگر کوئی پوچھ لے کہ اس دستور کی اصل صورت کیا ہے، تو شاید جواب ہمیں اسی صدا میں مل جائے جو ہمارے عہد کی تہہ میں مسلسل گونج رہی ہے ..

 

وہی تاج ہے وہی تخت ہے وہی زہر ہے وہی جام ہے 

یہ وہی خدا کی زمین ہے یہ وہی بتوں کا نظام ہے

 

بڑے شوق سے مرا گھر جلا، کوئی آنچ تجھ پہ نہ آئے گی یہ زباں کسی نے خرید لی، یہ قلم کسی کا غلام ہے

 

یہاں ایک بچے کے خون سے جو لکھا ہُوا ہے اُسے پڑھیں

 تِرا کیرتن ابھی پاپ ہے ابھی میرا سجدہ حرام ہے

 

میں یہ مانتا ہوں مرے دیے تری آندھیوں نے بجھا دیے

 مگر ایک جگنو ہواؤں میں ابھی روشنی کا امام ہے

(بشیر بدر)

 

اختر شیخ

 

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ