ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں
ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں
آج کا دن اگر کسی بات کی وجہ سے یادگار ٹھہرا، تو وہ فقط ایک ملاقات تھی ۔۔ اپنے عزیز برادر اور اسکول کے ساتھی برادر سہیل احمد سے۔
رات گئے سہیل بھائی کو واٹس ایپ پر پیغام بھیجا کہ ناظم آباد میں آپ کے گھر پر ملاقات ممکن ہو تو سعادت نصیب ہو۔ جواب آیا کہ تشریف لانے سے قبل فون پر رابطہ کر لیجیے گا۔
اج دوپہر کے وقت، جب میں ناظم آباد ہی میں یوسی آفس میں موجود تھا۔ جو ان کی قیام گاہ سے محض چند قدم کے فاصلے پر ہے۔ میں نے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ گھر پر ہی ہیں۔ یوں میں عبداللہ الیاس بھائی کے ساتھ ان کے دولت کدے پر حاضر ہوا، محض ملاقات کے لیے نہیں، بلکہ ایک معذرت کے بوجھ کے ساتھ، جو دل پر بار بن کر ٹھہری ہوئی تھی۔
گزشتہ ہفتے براڈوے پیزا گلشن اقبال میں دوستو کی ایک نشست سہیل بھائی کے اعزاز منعقد ہوئی تھی، جس میں، میری گھریلو مصروفیات کے سبب شرکت ممکن نہ ہو سکی۔ یہ معذرت اس لیے بھی زیادہ اہم تھی کہ سہیل بھائی ان دنوں آئرلینڈ سے کراچی آئے ہوئے ہیں اور جمعرات کو پھر اسی سرسبز دیس کی جانب روانہ ہو جائیں گے۔ دل نے گواہی دی کہ ایسی معذرت نہ خط سے ادا ہوتی ہے، نہ فون سے ۔۔ ہم مکتب رفاقت میں تو عذر بھی روبرو ہی قبول ہوتے ہیں۔
یوں آج کی ملاقات دراصل ایک ہفتہ پہلے چھوٹ جانے والی محفل کی تاخیر سے ادا کی گئی معذرت تھی۔
سہیل بھائی سے مل کر یوں محسوس ہوا جیسے وقت نے پلٹ کر کسی روشن صفحے پر قدم رکھ دیا ہو۔ بیٹھک میں پرانے ناظم ابادی احباب کا ذکر خیر، اسکول کی یادیں، اور بے تکلف گفتگو ۔۔ سب کچھ ازخود بہتا چلا گیا۔ باتوں کے دوران یہ احساس گہرا ہوا کہ گھریلو مصروفیات اگرچہ کسی ایک پروگرام سے محروم کر دیں، مگر دوستوں کی محبت سے کبھی محروم نہیں کر سکتیں۔
جب جمعرات کی روانگی کا تذکرہ آیا تو محفل پر ایک مختصر سی خاموشی اتر آئی۔ یوں لگا جیسے فاصلہ محض زمینوں کے بیچ نہیں، دلوں کے بیچ بھی کھنچ جاتا ہے۔۔ وہ فاصلہ جو ملاقاتوں کے وقفے سے جنم لیتا ہے۔ واپسی کی تیاریوں کا ذکر ہوا تو ایسا محسوس ہوا جیسے سہیل بھائی ایک طویل عرصے کے لیے یادیں ہمارے حوالے کر کے جا رہے ہوں۔
یہ ملاقات بظاہر ایک الوداعی ساعت بھی تھی۔۔۔
نہ کوئی باقاعدہ اہتمام، نہ کوئی ریزرویشن، نہ کوئی خاص تیاری۔۔مگر اسی بے ساختگی میں اس کی اصل خوبصورتی پنہاں تھی۔ کبھی کبھی ایسی غیر متوقع ملاقاتیں طے شدہ محفلوں سے کہیں زیادہ دیرپا نقش چھوڑ جاتی ہیں۔
برادر عزیز، آئرلینڈ کی فضاؤں تک ہمارا محبت بھرا سلام پہنچائیے گا۔
اللہ آپ کے سفر کو آسان فرمائے، ہر قدم پر اپنی رحمت کے سائبان میں رکھے، اور جلد ہی پھر ملاقات کی توفیق عطا کرے۔
اختر شیخ

ا پڑھ کر بہت اچھا لگا اور میرے لیے بھی وقت ویسے ہی ٹھہرا جیسے اپ کے لیے ٹھہر گیا تھا اور دوستوں سے مل کے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے اور خاص طور سے اسکول کے دوست جن سے کوئی پردہ نہیں ہوتا میں ائرلینڈ جاؤں گا تو اپ کی یادیں بھی میرے ساتھ جائیں گی اور وہاں جا کر بھی میں بتاؤں گا کہ پرانے دوست سے ملے تو کیسا لگتا ہے
ReplyDeleteسہیل بھائی، آپ کا پیغام پڑھ کر دل خوش ہو گیا۔ واقعی پرانے دوست اور اسکول کے دن ہمیشہ دل کے کسی خاص کونے میں رہ جاتے ہیں۔ ائرلینڈ جائیں، یادیں ساتھ لے جائیں، اور پھر بتائیں کہ پرانے دوست سے ملنا کیسا لگا—کیونکہ وہ لمحے ہمیشہ یاد رہ جاتے ہیں۔
ReplyDelete