اختیار کی حدیں، ذمہ داری کا سوال


 اختیار کی حدیں، ذمہ داری کا سوال


یہ شہر، جس کی گلیوں میں کبھی تہذیب کا چراغ جلتا تھا، آج کھلے گٹروں کی تاریکی میں اپنے بچوں کو نگلتا دیکھ رہا ہے۔ پانچ دسمبر سے آج تک، اور یہ محض ایک تاریخ نہیں، ایک مسلسل نوحہ ہے، ہر ہفتے کسی نہ کسی بچے کے گٹر میں گرنے کی خبر آتی ہے۔ خبر نہیں، خبرنامۂ بے حسی، اور ہر خبر کے ساتھ انتظامی زبانوں پر ایک ہی پرانا ورد۔ الزام در الزام، ذمہ داری در ذمہ داری۔

مگر انجام صفر۔

کہا جاتا ہے کہ یہ کے ایم سی کا دائرہ ہے، جواب آتا ہے کہ نہیں، ٹاؤن کی حد میں آتا ہے۔ یہ بحث اپنی جگہ، مگر حقیقت یہ ہے کہ عام شہری کے لیے یہ تفریق غیر متعلق ہو چکی ہے۔ اسے نہ دائرہ اختیار سے غرض ہے، نہ فائلوں کی گردش سے، اسے صرف اتنا دکھائی دیتا ہے کہ گٹر کھلا ہے اور خطرہ موجود ہے۔ یوں حد بندی کا یہ انتظامی کمال کاغذ پر تو مکمل ہے، مگر زمین پر ادھورا۔

مسئلہ کسی ایک شعبے یا ایک دفتر تک محدود نہیں، بلکہ اس مجموعی نظم سے جڑا ہوا ہے جو شہر کو چلانے کی ذمہ داری سنبھالتا ہے۔ جب واضح خطرات کے باوجود حفاظتی اقدامات نظر نہ آئیں، تو یہ محض کسی ماتحت سطح کی لغزش نہیں رہتی، بلکہ نگرانی کے نظام پر سوال بن جاتی ہے۔ اور نگرانی کا نظام جتنا بلند ہوتا ہے، جواب دہی بھی اتنی ہی ہمہ گیر ہو جاتی ہے۔

عوام کا مطالبہ نہ جذباتی ہے نہ غیر معمولی۔ وہ صرف یہ جاننا چاہتی ہے کہ جس ذمہ داری کا اعلان کیا گیا تھا، وہ عملاً کہاں نبھائی جا رہی ہے۔ نام کے ساتھ، عہدے کے ساتھ اور واضح احتساب کے ساتھ۔ تاکہ انصاف صرف زبانی یقین دہانی نہ رہے، بلکہ عملی اعتماد میں ڈھل سکے۔ کیونکہ جب مثال قائم نہ ہو تو غفلت رفتہ رفتہ معمول بن جاتی ہے۔

یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ شہر کی قیادت سے وابستہ ہر بیان امید تو دلاتا ہے، مگر حادثات کا تسلسل ان امیدوں کو کمزور کر دیتا ہے۔ کمیٹیاں بنتی ہیں، وعدے دہرائے جاتے ہیں، مگر گلی کے کنارے کھلا گٹر اپنی جگہ موجود رہتا ہے۔ ایسے میں عوامی اضطراب کو محض تلخی سمجھ لینا شاید مسئلے کی گہرائی کو کم کر کے دیکھنا ہے۔

شہر کے نظم و نسق کی سربراہی ایک اعزاز بھی ہے اور ایک بھاری ذمہ داری بھی۔ اس ذمہ داری کا تقاضا یہی ہے کہ انتظامی اختلافات سے اوپر اٹھ کر ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔ کیونکہ تاریخ کسی ایک محکمے کا نام نہیں لکھتی، وہ مجموعی کارکردگی کو یاد رکھتی ہے۔۔۔

اور اسی نسبت سے فیصلے محفوظ کرتی ہے۔

جب تک ذمہ داری واضح نہ ہوگی، اور جواب دہی کا نظام مؤثر نہ بنایا جائے گا، ایسے سانحات محض خبروں کی صورت میں آتے رہیں گے۔ اور ان خبروں کا بوجھ ہمیشہ وہی اٹھائیں گے جن کے پاس نہ اختیار ہے، نہ آواز۔۔

صرف نقصان ہے


اختر شیخ


جنوری ۳.. ۲۰۲۶

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ