معتبر شاہجہان پوری کا کلام۔۔۔ اسلوب تقابل کا کلاسیکی و فکری مطالعہ
معتبر شاہجہان پوری، کا کلام۔۔۔ اسلوب تقابل کا کلاسیکی و فکری مطالعہ
اردو سخنوری کے باغ قدیم میں کچھ اسالیب بیان ایسے بھی ہیں جو محض صنعت نہیں رہتے، بلکہ تہذیب نازک کے آئینہ دار اور فکر رسا کے مظہر بن جاتے ہیں۔ اِن ہی میں ایک پرکشش اور دلکش اسلوب "اسلوب تقابل" کا ہے، جس میں شاعر دو امور کو صف آرا کر کے ایک کے مرتبے کو بلند تر ثابت کرتا ہے۔ موجودہ زمانے کے سخنوروں میں جناب معتبر شاہجہان پوری کا یہ کلام اسی فنی روش کا یک تاباں نمونہ ہے، جو زبان کی شائستگی، فکر کی نزاکت اور روایت کی فراست کے سبب توجۂ خاص کا مستحق ہے۔
کلام ملاحظہ کیجئے۔۔۔۔۔
او عشق پیچاں یک طرف زلف پریشاں یک طرف
مہر درخشاں یک طرف خود روئے جاناں یک طرف
کس قیمتِ لعل یمن داند سوائے جوہری
یاقوت و مرجاں یک طرف گوئے گریباں یک طرف
سرقہ، توارد در سخن بس باعثِ آزارِ فن
اوزان و پیماں یک طرف فکر سخنداں یک طرف
تورات و انجیل و زبور کہنہ شریعت مسترد
جملہ صحائف یک طرف اعجازِ قرآں یک طرف
ہر آب نیساں چیستاں یعنی کہ در بطن صدف
گوہر نما شے یک طرف ہر اشکِ جاناں یک طرف
جسم طلسمی، معنی خیز، ملبوسِ اطلس، عطر بیز
خوشبوئے عنبر یک طرف خوشبوئے داماں یک طرف
ترتیب تقدیر امم در دست قدرت معتبر
حال پریشاں یک طرف خوش بخت انساں یک طرف
نثری ترجمہ
اے عشق کی پیچیدہ راہیں ایک سمت، اور محبوب کی بکھری ہوئی زلفیں ایک سمت۔
سورج کی تمام درخشانی ایک جانب، اور جاناں کا چہرہ ایک جانب۔
یمن کے لعل کی قدر جوہری کے سوا کسے معلوم؟ یاقوت اور مرجان سب ایک طرف، اور محبوب کے گریبان کا بٹن ایک طرف۔
کلام میں چوری اور خیال کی اتفاقی موافقت فن کے لیے باعثِ تکلیف ہے۔ وزن اور پیمانے ایک طرف، اور شاعر کی فکرِ نکتہ رس ایک طرف۔
تورات، انجیل، زبور ۔۔ سب پرانی شریعتیں ہیں۔ تمام آسمانی کتابیں ایک طرف، اور قرآن کا اعجاز ایک طرف۔
نیساں کی پانی کی بوند کیا ہے؟ یعنی صدف کے پیٹ میں۔ ہر قیمتی گوہر ایک طرف، اور محبوب کا ہر آنسو ایک طرف۔
جادوئی جسم، معنی خیز، اطلس کا لباس، خوشبو بیز۔ عنبر کی خوشبو ایک طرف، اور دامنِ جاناں کی خوشبو ایک طرف۔
قوموں کی تقدیر کی ترتیب قدرت کے ہاتھ میں معتبر ہے۔ پریشان حال انسان ایک طرف، اور خوش بخت انسان ایک طرف۔
جناب معتبر شاہجہان پوری کا یہ کلام اپنے انداز میں نہایت مربوط اور اپنے مزاج میں گہرا کلاسیکی ہے۔ ہر شعر میں "یک طرف" کی تکرار نہ فقط صوتی موسیقیت پیدا کرتی ہے، بلکہ معنی کو دو نمایاں خانوں میں بانٹ دیتی ہے۔ ایک طرف ظاہر، مادّہ اور عام قدروں کی دنیا ہے، تو دوسری طرف باطن، معنی اور منتخب حقیقت کا دائرہ۔ یہی تقابل اِس کلام کی فکری بنیاد ہے۔
ابتدائی اشعار میں محبوب کا حسن کائناتی مظاہر ۔۔ سورج، جواہر، خوشبو ۔۔ پر سبقت لے جاتا ہے۔ یہ وہی شریفانہ روایت ہے جو ولی دکنی سے ہوتی ہوئی فارسی غزل تک پھیلی، جہاں محبوب محض ایک فرد نہیں بلکہ کائنات کا مرکز ہوتا ہے۔ البتہ معتبر صاحب اس روایت کو دہراتے نہیں، بلکہ اِسے اظہار کی شدت اور یقین کی قطعیت سے نوازتے ہیں۔
فن شاعری سے متعلق شعر میں شاعر کا تخلیقی شعور پوری آب و تاب سے جلوہ گر ہوا ہے۔ "اوزان و پیماں" کو "فکر سخنداں" کے مقابل رکھ کر یہ ثابت کیا ہے کہ شاعری صرف فنی ڈھانچے کا نام نہیں۔ یہاں شاعر اردو تنقید کی اس نفاست پسند روایت سے ہم آہنگ نظر آتا ہے جو معنی اور فکر کو اصل قرار دیتی ہے، فقط صنعت کو نہیں۔
قرآن پاک سے متعلق شعر کلام کو محض عشقیہ یا جمالیاتی سطح سے اُٹھا کر اعتقادی اور تہذیبی بلندی پر لے جاتا ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں اسلوب تقابل ایمانی یقین میں ڈھل جاتا ہے۔ اس پہلو سے یہ شعر علامہ اقبال کی فکر سے معنوی رشتہ جوڑتا ہے، اگرچہ یہاں لہجہ خطیبانہ نہیں، بلکہ وقار اور عقیدت سے لبریز ہے۔
آنسو، دامن اور خوشبو جیسے لطیف عناصر میں شاعر نے جذبات کی نزاکت کو مادی قدروں پر ترجیح دی ہے۔ محبوب کا آنسو گوہر سے زیادہ قیمتی ہے اور اُس کا دامن عنبر سے زیادہ معطّر ۔۔ یہ وہ جمالیاتی شعور ہے جو کلاسیکی غزل کو روحانی بلندی عطا کرتا ہے۔
آخری شعر میں تقدیر امم کا ذکر کلام کو فرد سے اجتماع تک لے جاتا ہے۔ یہاں شاعر قدرت کے نظام پر ایمان کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حال اور نصیب کے فرق کو نمایاں کرتا ہے۔ اِس طرح یہ کلام حسن، فن، ایمان اور تقدیر ۔۔ چاروں دائروں کو ایک ہی فکری لڑی میں پرو دیتا ہے۔
یہ کلام جنابِ معتبر شاہجہان پوری کے کلاسیکی شعور، فکری پختگی اور اسلوبی وقار کا آئینہ دار ہے۔ اِس میں روایت کی پاسداری بھی ہے اور انفرادی آواز کی شان بھی۔ یہی امتزاج اسے موجودہ اُردو شاعری میں ایک بلند مقام عطا کرتا ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment