فنِ بربادی کا نوبل انعام ۔۔ ایک شائستہ گزارش
فنِ بربادی کا نوبل انعام ۔۔ ایک شائستہ گزارش
جناب وزیر اعظم صاحب، صاحب بصیرت و فراست کے حضور عرض ہے کہ جب سے عالمی سطح پر "فن بربادی" کے نئے نئے معیارات قائم ہوئے ہیں، تو ہمارے ملک کی سیاسی بصیرت بھی کسی سے چھپی ہوئی نہیں۔ آپ نے خود اپنے مخصوص انداز میں عزہ کی صورت حال پر اپنے پسندیدہ آقا کا نام تجویز فرما کر ایک نئی راہ دکھائی تھی۔
اب عوام کی گنہگار گزارش ہے کہ نوبل انعام کا دائرہ صرف عالمی بحرانوں اور جنگوں تک محدود نہ رکھا جائے۔ ہمارے ہاں تو "تہذیب و ترقی" کے ایسے نمونے موجود ہیں جنہیں دیکھ کر بین الاقوامی معیارات بھی شرمندہ ہوں۔ خصوصاً آپ کی پیاری اتحادی جماعت، یعنی
پیپلز پارٹی، نے تو
شہر کراچی میں
"شہری تزئین و آرائش" کے میدان میں ایسے لازوال کارنامے انجام دیے ہیں کہ دیکھنے والی آنکھیں حیران رہ جاتی ہیں۔ بغیر بارود کے، بغیر شعلے کے، محض انتظامی ہنر مندی سے شہر کو ایسی "نئی صورت" بخشی گئی کہ فن تعمیر اور فن تخریب کی سرحدیں ہی مبہم ہو گئیں۔
لہذا اہل کراچی کی گذارش ہے کہ نوبل کمیٹی سے سفارش کی جائے کہ وہ "امن برقرار رکھتے ہوئے ترقیاتی انقلاب" کے زمرے میں ایک نیا ایوارڈ متعارف کروائیں، اور اس کا پہلا مستحق ہماری یہی محترم جماعت ٹھہرے۔ کیونکہ صاحب، یہ کوئی عام کھنڈر سازی نہیں، بلکہ ایک استادانہ کارکردگی ہے جس میں صبر و تحمل کا وہ عالم ہے کہ دیکھنے والا صرف "واہ واہ" کہہ کر رہ جاتا ہے۔
آپ کی نگاہ کرم سے ہی یہ عظیم ہنر عالمی سطح پر سراہا جا سکتا ہے۔ باقی رہی بات انصاف کی، تو وہ تو آپ کے دست بصیرت میں ہے ہی ۔۔ ہم تو صرف امیدوار ہیں
اختر شیخ

Comments
Post a Comment