یوم ملاقات و یاد و پیوند


 

یوم ملاقات و یاد و پیوند۔۔۔


یہ سطریں میرے لیے محض تحریر نہیں، بلکہ دل کے آئینے میں اترے ہوئے چند خوشنما عکس ہیں۔ ایک معمولی سی ملاقات کی تمنا نے کِیا ہی کچھ نہیں کیا ۔۔ پرانی یادوں کے دھانے کھول دیے، عزیز تر چہروں کی جلوہ گری کرا دی، اور برسوں کے بعد وہ نایاب خوشیاں عطا کیں جو گویا روح کے لیے شبنم سحر ثابت ہوئیں۔ میں نے یہ سب لمحے قلمبند کرنے کا قصد کیا ہے، تاکہ قاری کے دل پر بھی وہی کیفیت طاری ہو جو میرے وجود میں اس روز چراغاں کرتی رہی۔


دو چار روز پیشتر برادر گرامی قبلہ سہیل عزیز سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ چونکہ معلوم تھا کہ ان کے زیر سایہ ایکسپو سینٹر کراچی میں وطن عزیز کے کاروباری نشانوں کی دو روزہ نمائش برپا ہونے والی ہے، اور وہاں کا قصد دفتر کی آمد و رفت کی نسبت زیادہ سہل اور قریب تر تھا، سو یہی مقرر ہوا کہ ملاقات نمائش ہی کے دیوان خانے میں ہو۔


سہیل عزیز کا پیغام دعوت ملا کہ ہفتہ سوم جنوری تشریف لے آئیے، میں پورے دن وہیں حاضر رہوں گا۔ بلکہ اسی روز شام کے پہر ہال نمبر یک میں جسارت فیملی کا مشاعرہ بھی ہے۔ جو مرحوم اجمل سراج کی یاد میں  آراستہ ہے۔ مناسب یہی ہے کہ آپ بھی اس محفل میں شریک ہوں، تاکہ میرے ساتھ ساتھ آپ کی آپ کے شاعر احباب سے بھی ملاقات ہو جائے۔ میں نے کہا، بہتر، 


میں نے اپنے فرزند ارجمند احمد شیخ سے عرض کی، بیٹا، آپ کے بغیر میرا سفر ناممکن سی بات ہے۔ اس نے بلا تامل آمادگی ظاہر کی اور ہمارے بھانجے اشفاق کو بھی اطلاع دے دی کہ کل جناب کا بھی ہمراہ ایکسپو جانا مقصود ہے۔ یوں تینوں ہستیوں کا قافلہ رخت سفر باندھ کر ایکسپو سینٹر کے لیے روانہ ہوا۔ مشاعرہ ہال میں پہنچ کر برادر سہیل عزیز سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ در اصلی کے قریب واقع ہال میں موجود ہیں۔ ہم نے راہ لی اور ملاقات ہوئی۔ اسی موقع پر میں نے فرزند کا تعارف کراتے ہوئے عرض کیا، سہیل، یہ میرا دوسرا نمبر کا فرزند ہے۔ بات ابھی پوری بھی نہ ہوئی تھی کہ سہیل مسکراتے ہوئے بول اٹھے، اور یہ اشفاق صاحب ہیں۔


میں اور اشفاق ایک دوسرے کی طرف دیکھ کر ساکت رہ گئے۔ ماشاءاللہ، چالیس پینتالیس سال کے بعد بھی چہرے اور نسبتوں کو پہچان لینا محض حافظے کی قوت نہیں، بلکہ رب کریم کی ایک خاص عنایت ہے۔ لب اظہار پر یہ التجا آئی کہ خدائے ذوالجلال اس نعمت غیر مترقبہ کو تاقیامت قائم و دائم رکھے۔ 


اسی مجلس میں معلوم ہوا کہ آقا بھائی (خالد عزیز) بھی مشاعرہ ہال میں موجود ہیں۔ آقا بھائی، جو سہیل کے برادر اکبر ہیں، اور جن سے ملنے کی تڑپ دل میں عرصے سے موجزن تھی۔ ان کے سعودی عرب تشریف لے جانے کے بعد قریباً چالیس پینتالیس سال گزر چکے تھے اور کوئی موقع ملاقات میسر نہ آیا تھا۔


مشاعرہ ہال کی جانب رخ کرنے سے قبل سہیل نے فرمایا کہ۔۔۔۔۔۔

ذرا انتظار کیجیے، بڑی آپا کے فرزند ارجمند عاطف میاں  بھی یہیں ہیں، ان سے مل کر چلیں گے۔ یہ سارا انتظام دراصل عاطف میاں ہی کے زیر سعی ہے۔


عاطف میاں سے ملاقات ہوئی تو وقت گویا جامد سا ہو گیا۔ انہیں آخری بار اس وقت دیکھا تھا جب وہ دوم یا سوم جماعت کے طالب علم تھے، اور آج ان کے موئے سرمایہ میں سفیدی کی جھلک نمایاں تھی۔ ان کی اہلیۂ محترمہ اور دختر نیک اختر سے بھی ملاقات ہوئی۔ ہم نے دونوں کے سر پر دست شفقت رکھا تو دل ایک مانوس سی فرحت سے لبریز ہو گیا۔


کچھ دیر ہم سب کی شیرین گفتگو جاری رہی۔ ابھی مشاعرہ ہال کی جانب رخ کرنے کا ارادہ ہی تھا کہ۔۔۔ طارق فارغ بھائی کے فرزند ارجمند ارسلان میاں سے ملاقات ہو گئی۔ ارسلان میاں نے نمائش کے حوالے سے چند سوالات کیے اور جوابات کی فلم بندی بھی فرمائی۔


ارسلان سے رخصت ہوتے ہی ناظم آباد نمبر ایک کے یو سی چیئرمین محترم عمیر اکرم اور طاہر نظر آ گئے۔ میں نے ان کا تعارف برادر سہیل عزیز سے کرایا۔ مختصر سی مراسم کے بعد نماز میں تاخیر کے باعث یہ دونوں حضرات ادائے فرض کے لیے روانہ ہو گئے۔


میں نے سہیل کو اطلاع دی اور (خالد عزیز) یعنی آقا بھائی سے ملاقات کے لیے مشاعرہ ہال کا قصد کیا۔ سہیل نے کہا

آپ تشریف لے جائیے، آقا بھائی سے مل لیجیے، میں ذرا بعد میں حاضر ہوتا ہوں۔


ہم ہال میں داخل ہوئے اور برسوں بعد آقا بھائی کو ایک نگاہ میں پہچان لیا۔ دل پر ایک عجب سی دھیمی سی لہر دوڑ گئی۔ آقا بھائی نے وہی بچپن والی شفقت، وہی محبت آمیز التفات اور وہی گھریلو اپنائیت عنایت فرمائی۔


اسی دوران شعرائے عظام کی آمد بھی جاری تھی۔ عبد الرحمن مومن، سیمان نوید، نجیب ایوبی، جاوید صبا، فاضل جمیلی، خالد معین، فاروق عرشی، ابن عظیم فاطمی، شاہنواز فاروقی اور دیگر احباب گرامی سے ملاقاتیں ہوئیں۔


چونکہ مشاعرہ مقررہ وقت سے تاخیر کا شکار تھا، اور سردی کی شدت کے ساتھ ساتھ جسمانی عارضہ بھی مزيد تکلیف دہ ہو رہا تھا، اس لیے ہم دوبارہ درِ اصلی کی طرف برادر سہیل کے پاس لوٹ آئے اور وہاں سے اجازت لے کر خانہ کی راہ لی۔


یہ دن محض ایک روز نہ تھا۔ یہ ملاقاتوں، یادوں اور رشتوں کی پہچان کا دن تھا۔ ایسا دن جو دل کے نہاں خانوں میں دیر تک چمکتا رہے گا۔


اے ذوق کسی ہمدم دیرینہ کا ملنا

بہتر ہے ملاقات مسیحا و خضر سے

شیخ ابراہیم ذوق


از: اختر شیخ

جنوری ۴...۲۰۲۶

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ