نوحۂ شہر سمندر، چراغ امید کی کرن اور روشنیوں کا سوال
نوحۂ شہرِ سمندر، چراغ امید کی کرن اور روشنیوں کا سوال
دلی جو ایک شہر تھا عالم میں انتخاب
رہتے تھے منتخب ہی جہاں روزگار کے
اس کو فلک نے لوٹ کے برباد کر دیا
ہم رہنے والے ہیں اسی اجڑے دیار کے
میر تقی میر کا یہ نوحہ آج کراچی پر صادق آتا ہے۔ یہ شہر جو کبھی روشنیوں کا مسکن تھا، آج اپنے ہی دامن میں تاریکیاں سمیٹے بیٹھا ہے۔ اس پر مسلط انتظامی ڈھانچے پر اٹھائے گئے سوال نئے نہیں، مگر آج ان کی گونج میں ایک نئی تیزابی حقیقت ہے۔ یہ آئینہ ہے جس میں ہمارے بندوبست کا اصل چہرہ دکھائی دیتا ہے۔ ایسا بندوبست جو تعمیر سے نہیں، تخریب سے محبت رکھتا ہے۔ کراچی کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ گندگی کا سرچشمہ کہاں ہے، اور صفائی کی ذمہ داری بھی اسی پر عائد ہوتی ہے جو گندگی پھیلاتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن امیر جماعت اسلامی پاکستان کی باتوں میں وزن ہے۔ یہ ماننے میں کوئی حرج نہیں۔ اس وقت اس لاوارث شہر میں جو بھی آواز، خواہ کسی درجہ میں ہی سہی، کراچی کے حق میں اٹھے، اسے اختلافات کو پس پشت ڈال کر سہارا دینا چاہیے۔ کیونکہ دوسری طرف تو وہ خرید و فروخت کے ماہر بیٹھے ہیں جنہوں نے سب کو اپنے دام تزویر میں جکڑ رکھا ہے۔ وہ جو پریس کانفرنس کر کے خانہ پری کرتے ہیں اور پھر خاموشی سے اگلے اشارے کا انتظار کرنے لگتے ہیں۔
انہی ضمیرفروشوں کے سبب سندھ حکومت کا رویہ کراچی کے ساتھ انتقامی کارروائی بن چکا ہے۔ انسانی قتل، معاشی قتل، حادثاتی قتل۔۔۔
یہ سب کراچی والوں کے روزمرہ کا حصہ بنا دیے گئے ہیں۔ اور سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ اس پر کوئی یکجہتی والی آواز نہیں اٹھتی۔
تیمور حسن کے الفاظ میں
مجھ کو کہانیاں نہ سنا شہر کو بچا
باتوں سے میرا دل نہ لبھا شہر کو بچا
میرے تحفظات حفاظت سے ہیں جڑے
میرے تحفظات مٹا‘ شہر کو بچا
تو اس لیے ہے شہر کا حاکم کہ شہر ہے
اس کی بقا میں تیری بقا شہر کو بچا
تو جاگ جائے گا تو سبھی جاگ جائیں گے
اے شہریار جاگ ذرا شہر کو بچا
اگر ہم نے اپنی اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنائی رکھی، اگر ہر شخص اپنے پارٹی، اپنی جماعت کے خول میں محدود رہا، تو پھر ہمیں یہی کچھ سہتے رہنے کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے۔ کراچی کسی ایک کی جاگیر نہیں، اور اس کی نجات بھی کسی ایک کے بس کی بات نہیں۔ یہ تبھی ممکن ہے جب یہ شہر اجتماعی شعور کی آماجگاہ بنے۔
تو چاہتا ہے گھر ترا محفوظ ہو اگر
پھر صرف اپنا گھر نہ بچا‘ شہر کو بچا
کوئی نہیں بچانے کو آگے بڑھا حضور
ہر اک نے دوسرے سے کہا: شہر کو بچا
تاریخ دان لکھے گا تیمور یہ ضرور
اک شخص تھا جو کہتا رہا‘ شہر کو بچا
یاد رکھیے ۔۔۔۔۔۔ جس شہر کی بنیاد ہی سمندر کی وسعتوں اور دل کی گہرائیوں پر رکھی گئی ہو، اسے تنگ نظر سیاست کے حصار میں نہیں قید کیا جا سکتا۔ کراچی اب بھی سانس لے رہا ہے، اب بھی امید کی کرن اس کے آسمان پر موجود ہے۔
زندہ ہیں بہت سے سر کٹانے والے
آواز صداقت کی اٹھانے والے
تاریخ بتاتی ہے کہ مٹ جاتے ہیں
خود نعرہ تکبیر دبانے والے
کراچی کو بچانے کی جدوجہد محض ایک شہر کی بقا کا مسئلہ نہیں، بلکہ پورے خطے کی انسانی وقار کی جنگ ہے۔ بس ضرورت ہے تو ایک ایسے ہم آہنگ جذبے کی جو اس کے زخموں پر مرہم رکھ سکے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment