آفاق حسین ۔۔۔ ایک جگنو جو بجھ گیا )
یادوں کے جگنو
( آفاق حسین ۔۔۔ ایک جگنو جو بجھ گیا )
جانے والے کبھی نہیں آتے
جانے والوں کی یاد آتی ہے
زمانۂ رواں کے کچھ آئینہ دار ایسے بھی ہوتے ہیں جو نہ صرف اپنے دور کی روشنی بلکہ وقت کی سرحدوں سے گزر کر یادوں کے سحر خانے میں جا بسیں ہیں۔ وہ وجود جن کا تذکرہ نہ آوازوں کا محتاج ہوتا ہے نہ جلووں کا، بلکہ جن کی یادیں خود بخود دل کے ایوان میں قندیلوں کی طرح روشن ہو جاتی ہیں۔
آفاق حسین ایسے ہی یکتائے روزگار فرد تھے۔ کم گفت، پرکشش، خوش اخلاق، اور معاملہ فہم۔ جن کی ہمراہی نے لین دین کو رفاقت اور تعلق کو رشتہ داری کا پیرہن عطا کیا۔
فردوس کالونی میں وقت قیام کے لمحات تھے۔ میرا پیشہ فلیکسوگرافک پرنٹنگ سے وابستہ تھا اور چھوٹے ماموں زاد بھائی ناصر جمال شیخ مرحوم کی گلبہار میں، نور مسجد عثمانیہ کالونی کے قائم کارخانے کے سبب، ہمارا کاروباری تعلق مضبوط تھا۔ ہم اپنی اشیا وہیں طباعت کرواتے تھے۔
ایک شام، واپسی کے سفر میں، گھر کے نزدیک ہی ایک نئا کارخانہ نظر آیا، جہاں پی پی میٹریل کی ایکسٹروڈر مشین سے رول تیار ہو رہے تھے۔ جستجو نے راہ دکھائی۔ اندر قدم رکھا تو آفاق حسین اور ان کے برادر خورد سلمان سے شناسائی ہوئی۔ بات چیت کے دوران عرض کیا کہ یہی رول مجھے دور دراز سے بنوانے پڑتے ہیں، حالانکہ آپ کا کارخانہ میری قیام گاہ اور کام کی جگہ کے بہت قریب ہے۔ اگر آپ اس کی ذمہ داری قبول فرمائیں تو میرے لیے بڑی آسانی ہوگی۔
آفاق حسین نے سکون و وقار کے ساتھ فرمایا۔۔۔
کیوں نہیں، ضرور۔
یہ مختصر جواب درحقیقت ایک طویل اور گہری دوستی کا پیش خیمہ ثابت ہوا۔ 1995-96 میں بندھا یہ رشتہ جلد ہی کاروباری حد بندیوں سے نکل کر خاندانی الفت میں ڈھل گیا۔ ہمارے گھرانوں کے افراد ایک دوسرے کے لیے ناآشنا نہ رہے، بلکہ آہستہ آہستہ انس و اعتماد کی فضا قائم ہو گئی۔
وقت نے اپنی گردش جاری رکھی۔ میں نے اپنا کارخانہ گھُنڈو گوٹھ منتقل کر لیا۔ آفاق حسین بھی ناظم آباد نمبر چار سے اپنی دو مشینیں میرے کارخانے کے نزدیک، ایک دوسری گلی میں لے آئے۔ برسوں یہی دستور رہا کہ وہ اپنے معاملات کے لیے آتے تو میرے دفتر میں جلوہ افروز ہوتے، بل ترتیب دیتے، حساب کتاب نمٹاتے۔ گویا یہ دفتر کسی ایک کی ملکیت نہ تھا بلکہ یارانہ محبت کی ایک مشترکہ پناہ گاہ تھا۔
پھر وہ ہیبت ناک دن آیا۔ 21 اپریل 2018۔ اس روز کام کی رفتار سست تھی اور ایک گھریلو مجبوری کے باعث میں کارخانہ قبل از وقت بند کرنے کا ارادہ کر رہا تھا۔ بعد نماز عصر آفاق حسین تشریف لائے۔ شٹر گرتا دیکھ کر فرمایا کہ ۔۔۔۔
آپ بند فرما دیں، فقط دفتر کھلا رہنے دیجیے۔ تالا میرے سپرد کر دیجیے، چند بل تیار کرنے ہیں، میں خود تالا لگا دوں گا۔
میں تالا ان کے حوالے کر کے گھر آ گیا۔ دل میں یہی گمان تھا کہ وہ اپنا کام نمٹا کر روانہ ہو چکے ہوں گے۔ تھوڑی ہی دیر بعد، بعد نماز عشا، سلمان کی جانب سے خبر ملی کہ بھائی گھر آ کر عشاء کی نماز کے لیے گئے اور دورانِ جماعت ان کا انتقال ہو گیا۔
یہ خبر آج بھی عقل پر بار اور دل پر وزں ہے۔ چند گھڑیاں پہلے جو شخص تندرست، مطمئن اور شاداب تھا، وہ اچانک خاموش ہو گیا۔ اللہ تعالی اس ہمارے پیارے کی کامل مغفرت فرمائے اور درجات بلند عطا کرے۔ آمین۔
ایک اور واقعہ یادوں کے خزینے میں محفوظ ہے۔ آفاق حسین کے والدین حجِ بیت اللہ کے ارادے سے روانہ ہو رہے تھے۔ ملاقات کے دوران میں نے نہایت ادب سے ان کے قدم تھام کر عرض کیا کہ روضۂ رسول ﷺ پر حاضری کے شرف کے وقت داڑھی کا اہتمام باعث اطمینان ہوگا۔ یہ بات سچے دل سے کہی گئی تھی۔ اللہ نے اسے اثر بخشا۔ اسی لمحے شیو کا سامان اٹھا دیا گیا۔ اللہ تعالی میرے ان بزرگ کے درجات بلند فرمائے اور میرے اس عمل کو میرے لیے وسیلۂ نجات بنائے۔ آمین۔
ہائی وے پر منعقد ہونے والی وہ کاروباری محفلیں بھی یادوں کا بیش بہا خزانہ ہیں۔ ان محفلوں کے بانی مظفر اقبال تھے ۔۔۔ یہ امر پورے یقین کے ساتھ رقم کرنا ضروری ہے۔ ان مجالس میں، میں اور جاوید، آفاق حسین اور سلمان، ندیم اور وسیم (کارٹن والے)، فاروق، مسرور بھائی، ذوالفقار بھائی (نیٹنگ والے)، حاجی عاشق علی مرحوم اور دیگر احباب شامل ہوتے۔ یہ محفلیں فقط طعام و نوش کے لیے نہ تھیں، بلکہ دلوں کی نزدیکی اور رفاقت کے فروغ کا ذریعہ تھیں۔
وقت کی رفتار جاری رہی۔ کچھ جگنو ایک ایک کر کے بجھتے چلے گئے۔
آج وہ محفلیں باقی نہیں، وہ رونقیں نہیں، وہ آوازیں نہیں۔ جو باقی ہے وہ یاد ہے۔۔۔ اور یادوں میں جلتے بجھتے جگنو۔ آفاق حسین بھی انہی جگنوؤں میں سے ایک تھا۔ جو بجھ تو گیا، مگر دل کی فضا میں اپنی کرن چھوڑ گیا۔
اللہ پاک جو چلے گئے ان تمام مرحومین کو بہت محبت سے اپنی آغوشِ مغفرت اور محبت میں بھر لیں اور سب کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرما۔۔۔۔ آمین
اختر شیخ
اخری میں یہ کلام جو میری تحریر کے لئے دل کی آواز بنا
موت نے وہ جام مدہوشی تجھے بھر کر دیا
خونِ جاری کو رگوں میں جس نے پتھر کر دیا
کھا گئی کس کی نظر عہدِ جوانی میں تجھے
لے گئی موت اُس سمندر کی روانی میں تجھے
جس کی تہ سے ڈوب کر کوئی بشر ابھرا نہیں
کوئی کتنا ہی شناور ہو مگر ابھرا نہیں
حُسنِ رنگیں کار کا اعجاز مردہ ہو چکا
پھول ڈالی پر کھلا، کھل کر فسردہ ہو چکا
کر دیا تقدیر نے باطل فسانہ شوق کا
درہم و برہم ہوا سب کارخانہ شوق کا
بھرتے بھرتے عمر کا پیمانہ آخر بھر گیا
رہ گیا افسوس باقی، مرنے والا مر گیا
ناچتی پھرتی ہیں شکلیں اس تماشا گاہ میں
ہو رہا ہے جشنِ شادی زندگی کی راہ میں
ہنس رہی ہے موت لیکن یہ تماشا دیکھ کر
زندگی اور زندگی کا شور و غوغا دیکھ کر
جانتا ہوں میں زمانے کا یہی دستور ہے
آدمی مجبور ہے تو موت بھی مجبور ہے
برق ہے موجود ہر اک آشیانے کے لیے
اٹھتی ہیں دریا میں لہریں بیٹھ جانے کے لیے
کر رہی ہے ہر سحر پیشین گوئی رات کی
موت کے اجزا سے ہے ترکیب موجودات کی
خشک ہو جاتا ہے دریاؤں میں پانی خود بخود
بند ہو جاتی ہے چشموں کی روانی خود بخود
باغِ ہستی میں عنادل کا ترنم کچھ نہیں
جیبِ غنچہ میں یہاں بیش از تبسم کچھ نہیں
رنگ انساں کیا بدلتا ہے زمانے کی طرح
ایک دن پس جائے گا چکی کے دانے کی طرح
موت کی طغیانیوں میں زندگی رہتی نہیں
آسماں پر جب ہوں بادل چاندنی رہتی نہیں
چار دن کی چاندنی ہے پھر اندھیری رات ہے
ہے اگر قائم ہمیشہ تو اُسی کی ذات ہے
موت کا آنا اٹل ہے عمر کی بنیاد سست
مانتا ہوں میں کہ یہ بھی ٹھیک ہے وہ بھی درست
لیکن اِس سے دل کی کچھ تسکین تو ہوتی نہیں
خاک میں بھی مل گیا موتی تو کیا موتی نہیں
چل دیا تو دل میں تیری یاد باقی رہ گئی
اِس شکستہ ساز میں فریاد باقی رہ گئی
فاخر ہریانوی

Comments
Post a Comment