موسم، بل اور عوام


  موسم، بل اور عوام 


شرع و آئین پر مدار سہی

ایسے قاتل کا کیا کرے کوئی


قابل احترام صاحبان اقتدار و اختیار !!!! جب سے یہ سنا ہے کہ مہنگائی کے خاتمے کی نوید سنائی گئی تھی، تو بس یوں لگتا تھا جیسے بیمار کو خواب میں شربت فرحت رساں کی سوندھی سوندھی خوشبو آئی ہو۔ مگر جب آنکھ کھلی تو دیکھا کہ نسخہ تو محض کاغذ کی مرہم پٹی تھی، اور زخم روز بروز پھیلتا جا رہا ہے۔


اب تو حال یہ ہے کہ جو ٫٫سفید پوش٫٫ طبقہ کبھی عزت کی چادر اوڑھے پھرا کرتا تھا، آج اس کی وہی چادر قسطوں میں اتر رہی ہے۔ یہ سفید پوشی اب کوئی شرف نہیں رہی، بلکہ ایسا بوجھ بن گئی ہے جسے اٹھائے تو زندگی دکھ اور گرائے تو آبرو جاتی رہے۔


صاحبان اختیار کی عوام دوستی کا معاملہ بھی نرالا ہے۔ کاغذات میں تو یہ ایسے سجی ہیں جیسے گلشن میں بہار آ گئی ہو، مگر جب یہ ہوائیں عوام کے آنگن میں اترتی ہیں، تو پتہ چلتا ہے کہ یہ تو آندھی ہے جو جھونپڑے اڑا لے جاتی ہے۔


موسم کی تو گردش ہے، مگر محترم منتظمین کی عنایات کی گردش اس سے بھی تیز ہے۔ گرمی آئی تو بجلی کا بل ایسا نازل ہوا جیسے کوئی آسمانی عذاب ٹوٹ پڑا ہو۔ لوگ سوچتے ہیں کہ سردی میں کچھ سکون ملے گا، مگر جیسے ہی ہوا نے ٹھنڈک پکڑی، گیس کا نیا خط استوار آ پہنچا۔ گویا فرمان جاری ہے کہ آپ کے گھر میں موسم ہم لائیں گے، اور اس کی قیمت بھی آپ ہی ادا کریں گے۔


پہلے وقتوں میں تو گیس والے ادارے پر رحم کھا کر کہا جاتا تھا،

 ارے بھئی، یہ تو ابھی کچھ نرم دل ہیں۔

مگر اب تو وہ بھی مکمل سرکاری رنگ میں رنگ گئے ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ کہیں بجلی کا جھٹکا ہے، تو کہیں گیس کی دھیمی چتا۔ انجام ایک ہی ہے۔ جیب جل کر راکھ ہو جانا۔


یہ سب کسی اچانک آفت کا کھیل نہیں ہے۔ یہ تو گویا باقاعدہ ایک ٫٫تماشا٫٫ ہے جس میں شائقین (یعنی عوام) کو پہلے شیریں بیانوں سے خوش کیا جاتا ہے، پھر انہی کے جیب پر ڈاکے ڈالے جاتے ہیں۔ سوال صرف یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر اس تماشے کا ٫٫ٹکٹ٫٫ کب تک ادا کرتے رہیں گے؟ 

کیا موسم بدل بدل کر ہماری قوت برداشت ہی کی آزمائش لے گا؟


تم کو حق بات جو کہنے کی بہت عادت ہے

تختہ دار پر جانے کا ارادہ ہے کیا


اختر شیخ


نوٹ۔ اشعار، نامعلوم شعرا کے ہیں 

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ