ادب، چائے اور گفتگو
ادب، چائے اور گفتگو
موضوع:--- داستان اور ڈیجیٹل عہد
چند روز قبل فیس بک کی ایک ادبی محفل کی ویڈیو نظر سے گزری، جہاں جناب طارق رئیس فروغ اور جناب زیب اذکار دھیمی گفتگو، گرم چائے اور ادب کی معطر فضا میں داستان کے قدیم مگر ہمیشہ تازہ موضوع پر کراچی کی ادبی روایت سے مانوس شستہ اور بے تکلف انداز میں ہم کلام تھے۔ یہ کوئی طے شدہ یا بوجھل انداز گفتگو نہ تھا، بلکہ اہل دل کی ایک مانوس اور بے تکلف بیٹھک تھی۔ جس میں حرف و معنی، یاد و خیال اور فکر و احساس آپس میں گھل مل گئے تھے۔ یہی وہ سماں تھا جس نے سنتے ہی قلم کو مائل کیا اور تحریر میں ڈھلنے کی تحریک دی۔
اس گفتگو میں ایک نہایت اہم استفسار زیر بحث آیا۔
کیا اس تیز رفتار، ڈیجیٹل اور اسکرین زدہ دور میں داستان جیسی صنف کے لیے گنجائش باقی رہ گئی ہے؟
اسی اشکال کے جواب میں زیب اذکار نے مختصر مگر نہایت پرمغز روشنی ڈالی۔ فرمایا کہ داستان محض ماضی کا احسان نہیں، اگر اس میں فکری تازگی اور اسلوبی جدت سمائی جائے تو یہ آج کے قاری سے بھی نئے سرے سے رشتہ قائم کر سکتی ہے۔ اسی تسلسل میں انھوں نے انتظار حسین صاحب کے اسلوب کی طرف نہایت موزوں اشارہ کیا، جنہوں نے داستانی فضا، علامتی پیرایہ اور قصہ گوئی کی روایت کو اپنے جدید ناول اور افسانے میں اس طرح جذب کر لیا کہ وہ محض قصہ نہ رہ کر تہذیبی حافظے اور اجتماعی لاشعور کی صورت اختیار کر گئی۔
بے شک اردو ادب میں نظم کا دور بہت توانا دکھائی دیتا ہے، مگر نثر، خصوصاً داستان، اپنی وسعت، رنگا رنگی اور تخیل کی بلند پروازی کے باعث ہمیشہ ایک منفرد مقام رکھتی رہی ہے۔ اس میں دیومالائی طلسمات ہیں، عشقیہ مرقعے ہیں، اور وہ حالات و واقعات بھی ہیں جو حقیقت اور تخیل کے درمیان ایک پل کا کام دیتے ہیں۔ داستان کی بنیاد قصہ گوئی، دلکش بیانیے اور تخلیقی حریت پر قائم ہے، جہاں دلیل و ثبوت سے زیادہ تخیل اور رمزیت کو اولیت حاصل رہی۔ فارسی مثنوی ہو، پنجابی قصے ہوں یا سندھی بیت، یہ سب کسی نہ کسی طور پر داستانوی دھارے ہی میں شامل رہے ہیں۔
اردو کی اولین داستانوں میں
٫٫داستان امیر حمزہ٫٫ کو فخر حاصل ہے، جس کے طلسمات آج بھی حیرت زدہ کر دیتے ہیں۔ میر تقی خیال کی ٫٫بوستان خیال٫٫ نے اس روایت کو فکری اور اسلوبی جلا بخشی۔ بیشتر داستانیں انیسویں صدی میں صفحۂ قرطاس پر جلوہ افروز ہوئیں۔ طارق رئیس فروغ اور زیب اذکار کی گفتگو کا اصل کمال یہ تھا کہ انہوں نے داستان کو ایک بند باب کے بجائے وقت کے ساتھ مکالمہ کرتی ہوئی ایک زندہ روایت کے طور پر دیکھا۔ یہی احساس اس امید کو تقویت دیتا ہے کہ اگر انتظار حسین جیسے ادیب داستان کو جدید پیرہن میں ڈھال سکتے ہیں تو موجودہ ڈیجیٹل دور بھی اس کے لیے قطعاً نامانوس نہیں۔ یہ محض ایک ویڈیو نہ تھی، بلکہ ایک دعوتِ فکر تھی. ادبی فضا میں اپنے ورثے سے دوبارہ رشتہ جوڑنے کی ایک پراثر تمہید۔
آخر میں ان دونوں محترم حضرات کا دلی شکریہ واجب الادا ہے، جن کی سادہ مگر فکر انگیز گفتگو نے قلم کو حرکت بخشی اور ذہن کو داستان کی طرف پلٹنے پر آمادہ کیا۔ اس دور میں جب رفتار اور اختصار نے مطالعے کے ذوق کو محدود کرنے کی کوشش کی ہے، ان کی آواز نے یہ احساس دلایا کہ داستان آج بھی حیات تازہ رکھتی ہے۔ بشرطیکہ اسے فہم و شعور اور محبت کے ساتھ برتا جائے۔ اگر اس تحریر میں فکری جنبش، یاد کی لرزش یا کوئی سوالیہ چنگاری محسوس ہو تو اسے اسی محفل ادب، چائے اور گفتگو کا فیض سمجھئے گا، جہاں سے قصہ گوئی کی روایت نے ایک بار ادبی فضا میں قلم سے ہم کلام ہونے کی جسارت کی۔
اختر شیخ
بعض اہم داستانوں اور کتابوں کے حوالہ جات۔۔۔۔۔۔
داستان امیر حمزہ (حمزہ نامہ) مترجم و مرتب نامعلوم (قدیم فارسی/عربی روایت)
بوستان خیال۔۔۔
میر تقی خیال (1760ء)
باغ و بہار ۔۔۔۔
میر امن دہلوی (1803ء)
مذہب عشق ۔۔۔
نہال چند لاہوری
آرائش محفل۔۔۔۔۔۔
حیدر بخش حیدری
گلزار چین۔۔۔۔
خلیل علی خان اشک
نو طرز مرصع۔۔۔
میر حسین عطا خان تحسین
نو آئین ہندی۔۔۔
(قصۂ مالک محمود و گیتی افروز)
مہر چند کھتری
جذبۂ عشق۔۔۔
شاہ حسین حقیقت
طلسم ہوش ربا۔۔۔۔
سید محمد حسین جاہ (فارسی از میر بابا ابن میر عبدالکریم بیانی شیرازی، اردو ترجمہ و توسیع)
نوٹ۔۔۔۔
اس تحریر میں مذکور بعض حوالہ جاتی معلومات مختلف مستند آن لائن ادبی و تحقیقی ذرائع سے اخذ کی گئی ہیں۔

بہت پر مغز مضمون ۔ انتظار حسین نے ہی کہا تھا کہ چائے کی پیالی میں طوفان اٹھا یا جا سکتا ہے نہاری کی پلیٹ میں نہیں۔ ادبی گفتگو ہو یا کتب بینی چائے کے ساتھ ہی مزا دیتے ہیں۔ جب تک باتوں میں قصہ گوئی رہے گی۔ داستان بھی ژندہ رہے گی۔
ReplyDelete