وقار کا فاصلہ


 وقار کا فاصلہ


انسانی رشتوں میں

ایک خاص طرح کا فاصلہ ہوتا ہے۔ نہ ہاتھ بڑھانے سے کم ہوتا ہے، نہ قدم بڑھانے سے۔ یہ فاصلہ رویوں کی سرحدوں پر اپنی جگہ خود بنا لیتا ہے۔ آدمی جب کسی سے ذہناً ایک قدم پیچھے ہٹتا ہے، تو بسا اوقات عملاً پانچ قدم کی دوری اس کی تقدیر بن جاتی ہے۔ یہی انسانی سلوک کا وہ کٹھن اصول ہے جسے تسلیم کر لینا ہی دانش مندی ہے۔ تعلقات زور زبردستی سے نہیں نبھتے، نہ ہی التجا سے دلوں میں جگہ پاتے ہیں۔

یہ بھی ایک صاف ستھری سچائی ہے کہ اگر آپ نے کسی کو باطناً قدر کی نگاہ سے نہ دیکھا، اگر عزت کا ہاتھ خود ہی سمیٹ لیا، تو پھر اس کے واپس ملنے کی آس لگانا محض خود فریبی ہے۔ رشتے جب بکھرتے ہیں تو شور نہیں مچاتے، بس دھیرے دھیرے خاموشی کی تہہ چڑھتی چلی جاتی ہے۔ ایسے میں کسی کے پیچھے بھاگنا اپنی ہی شان کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے۔ جو ساتھ دینے والا ہو، وہ بغیر کہے ساتھ ہوتا ہے اور جس کا مقصد صرف فائدہ اٹھانا ہو، وہ ضرورت پوری ہوتے ہی اپنا رویہ بدل لیتا ہے۔


زندگی کے سفر میں بارہا دیکھنے میں آیا ہے کہ لوگ اس وقت تک ہم راہ رہتے ہیں، جب تک ان کا مفاد ہم سے وابستہ رہتا ہے۔ جیسے ہی ذاتی مقصد پورا ہوتا ہے، ویسے ہی تعلق کی ڈور بھی ڈھیلی پڑ جاتی ہے۔ ایسے موڑ پر اگر انسان اپنی عظمت کو سنبھال لے، خاموشی اور وقار کو اپنا حصار بنا لے، تو یہی تحمل اس کا سب سے زوردار جواب بن جاتا ہے۔


وقار وہ گہنا ہے جو بازار میں خریدا نہیں جا سکتا، نہ کسی کی منت سماجت سے حاصل ہوتا ہے۔ یہ وہ جوہر ہے جو انسان اپنے چال چلن اور کردار سے خود تراشتا ہے۔ باوقار انسان نہ کسی کے آگے جھکتا ہے، نہ کسی کو حقارت کی نظر سے دیکھتا ہے۔ وہ تعلقات میں توازن قائم رکھتا ہے، نہ ضرورت سے زیادہ مانگتا ہے، نہ ضرورت سے زیادہ دیتا ہے۔ یہی میانہ روی اسے دوسروں سے ممتاز کرتی ہے۔

اور پھر ایک ایسا وقت بھی آتا ہے جب انسان سب کچھ چھوڑ دیتا ہے۔

گلے شکوے، بے جا توقعات اور فضول امیدیں۔ تب اس کے پاس صرف اپنی ,,میں,, بچتی ہے۔ مگر یہی ,,میں,, اگر حد سے بڑھ جائے، اگر گھمنڈ اور خود بینی میں بدل جائے، تو یہ، وہ ,,میں,, بن جاتی ہے جو خالق کو بھی ناگوار ہے۔ اصل ہنر یہ ہے کہ آدمی اپنی انا کو وقار میں ڈھالے، غرور میں نہیں۔


زندگی کی خوب صورتی اسی میں ہے کہ آدمی رشتے نبھاتے ہوئے اپنا احترام نہ کھوئے، اور اپنی حفاظت کرتے ہوئے دوسروں کو ٹھیس نہ پہنچائے۔ خاموشی، وقار اور خودداری۔ یہ تینوں مل کر انسان کو اس مقام پر پہنچا دیتے ہیں جہاں نہ شکایت باقی رہتی ہے، نہ پچھتاوا۔ بس ایک سکون، ایک طمانیت، اور دل میں یہ یقین کہ جو تھا، جتنا تھا، اسی میں بھلائی تھی۔


آخر میں یہ عرض کرنا بے جا نہ ہوگا کہ یہ سطریں کسی طویل غور و فکر کا نتیجہ نہیں، بلکہ محترم عرشی بھائی کی فیس بک پر جلوہ گر ایک مختصر سی تصویری پوسٹ نے دل میں یہ جذبہ بیدار کیا اور قلم کو رواں کر دیا۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ