"عوام کے خواب اور حکومت کی بدلتی پالیسیوں کا سفر
"عوام کے خواب اور حکومت کی بدلتی پالیسیوں کا سفر"
کبھی اقتدار کے ایوانوں میں ایسی تدبیریں تراشی جاتی ہیں کہ عام آدمی انہیں اپنی نجات کا راستہ سمجھ بیٹھتا ہے۔ وعدوں کے چراغ اس انداز سے جلائے جاتے ہیں کہ ہر گھر کو روشنی کی امید ہونے لگتی ہے۔ یہی حال اُس وقت ہوا جب سی این جی کو ترقی کا نیا استعارہ بنا کر پیش کیا گیا۔ لوگوں کو بتایا گیا کہ اب ایندھن سستا بھی ہوگا، صاف بھی ہوگا اور سہولت بھی دے گا۔ گلی گلی سی این جی اسٹیشن بننے لگے، گاڑیوں میں کٹس لگوانے کی دوڑ شروع ہو گئی، اور عوام نے اپنی جیب سے پیسے نکال کر اس نئے نظام کو قبول کر لیا۔
مگر ابھی اس خواب کی چمک پوری طرح ماند بھی نہ پڑی تھی کہ حقیقت کا دوسرا چہرہ سامنے آ گیا۔ کبھی گیس کی کمی کا اعلان، کبھی لوڈشیڈنگ، کبھی پمپ بند، کبھی راشن بندی..گویا وہی نظام جسے کل تک ترقی کی علامت کہا جا رہا تھا، آج بوجھ بن کر عوام کے کندھوں پر رکھ دیا گیا۔ گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی رہ گئیں اور لوگ قطاروں میں اپنی باری کے انتظار میں کھڑے سوچتے رہے کہ آخر یہ فیصلہ کس بنیاد پر کیا گیا تھا۔
پھر وقت نے ایک نیا موڑ لیا۔ اس بار سورج کو امید کا مرکز بنا کر پیش کیا گیا۔ کہا گیا کہ بجلی کی قلت کا واحد حل سولر ہے۔ لوگوں نے گھروں کی چھتوں کو چمکتے ہوئے پینلوں سے سجا دیا، کسی نے جمع پونجی لگا دی، کسی نے قرض اٹھا لیا، بس اس یقین کے ساتھ کہ اب بجلی کا بحران ان کے دروازے تک نہیں آئے گا۔ چند برس گزرے ہی تھے کہ اس کہانی کا رخ بھی بدلنے لگا۔ نرخوں کے حساب بدلے، اصولوں کی تشریح بدلی، اور وہی سولر جسے کل تک نجات دہندہ کہا جا رہا تھا، آج نئی پالیسیوں کی زد میں آتا دکھائی دینے لگا۔
یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہر چند سال بعد ایک نیا خواب عوام کے سامنے رکھ دیا جاتا ہے۔ کبھی سی این جی کے نام پر، کبھی سولر کے نام پر، اور ہر بار عوام اپنی جیب سے اس خواب کی قیمت ادا کرتے ہیں۔ جب خواب کی تعبیر بدلتی ہے تو حساب کتاب بھی انہی کے حصے میں آتا ہے۔ سوال مگر وہی رہتا ہے کہ کیا منصوبے بناتے وقت آنے والے کل کی صورت نہیں دیکھی جاتی، یا پھر ہر بار حقیقت کا ادراک عوام کی قربانیوں کے بعد ہی ہوتا ہے۔
یہی سوچ دل میں ایک دھیمی سی تشویش پیدا کرتی ہے کہ اگر پالیسیوں کا رخ یوں ہی بدلتا رہا تو عوام آخر کس وعدے پر یقین کریں گے، اور کس خواب کو اپنا مستقبل سمجھ کر اس میں سرمایہ لگائیں گے۔
اختر شیخ
فروری ۱۱ ۔۔۔۔ ۲۰۲۶

Comments
Post a Comment