ویران درس گاہ سے روشن گلستاں تک


ویران درس گاہ سے روشن گلستاں تک
 

ناظم آباد نمبر ایک کے اردو بازار کے پہلو میں واقع شہید راشد منہاس سیکنڈری ایجوکیشن اسکول مدتوں تک گزرے زمانوں کی ایک خاموش مگر باوقار نشانی بنا کھڑا رہا۔ اس کی دیواروں پر وقت کی دھول جمی تھی اور ہر اینٹ جیسے اپنی عمرِ رفتہ کا نوحہ پڑھتی محسوس ہوتی تھی۔ ساٹھ ستر برس کی کہانی اس عمارت کے در و دیوار میں یوں رچی بسی تھی کہ ہر گوشہ ماضی کا مرقع دکھائی دیتا تھا۔

ٹوٹی پھوٹی کرسیاں، بے رونق واش روم، پنکھوں کی خاموش گردشیں، روشنی کی مدھم سانسیں اور وہ کلاس روم جن کی دیواروں نے کبھی آسائشوں کا لمس نہ پایا تھا۔ یہ سب اس درس گاہ کی سچی مگر دل گرفتہ تصویر تھے۔ بچے مشکلات کے جھونکوں میں بھی علم کے چراغ جلاتے اور اساتذہ تنگ دامنیِ وسائل کے باوجود اپنے فرض کی شمع روشن رکھتے۔

ایسے میں یہی صدا دل میں گونجتی تھی:

قوموں کا ہے عروج و زوال اس پہ منحصر

حاصل کسی بھی طرح سے تعلیم کیجئے

مگر اب منظر کی فضا بدل چکی ہے۔ جس عمارت پر کبھی گردِ بے اعتنائی چھائی رہتی تھی، وہی آج نئی آب و تاب کے ساتھ جگمگا رہی ہے۔ کلاس روم روشن و منور، فرش صاف و شفاف، نئی کرسیاں اور ڈیسک قرینے سے سجے ہوئے، پنکھوں اور لائٹس کا مکمل انتظام، واش روم چمکتے ہوئے آئینوں کی مانند، بچوں کے لیے رنگ و نکہت سے بھرپور سرگرمیوں کے میدان، جھولوں سے آراستہ پلے ایریا اور اندر ایک پرسکون و روح پرور مسجد۔۔۔ یہ سب اس خوشگوار انقلاب کے روشن نشانات ہیں۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ مدتوں کی بے نوری کے بعد کسی دیدہ ور نے اس گلشن کی آبیاری کی ہے

ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے

بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا

آج اس درس گاہ میں ایک ہزار سے زائد طلبہ و طالبات علم کی دولت سمیٹ رہے ہیں۔ میرٹ پر داخلہ اور سو فیصد حاضری اس بات کی دلیل ہے کہ والدین کا اعتماد بحال ہو چکا ہے اور تعلیم و تربیت کا چراغ پوری آب و تاب سے روشن ہے۔

یہ دل آویز تبدیلی جماعتِ اسلامی کی قیادت، خصوصاً حافظ نعیم الرحمٰن کی سرپرستی، اور ناظم آباد ٹاؤن کے چیئرمین و ان کی پوری ٹیم کی انتھک محنت کا ثمر ہے۔ ناظم آباد ٹاؤن انتظامیہ نے جس سنجیدگی، خوش سلیقگی اور مستعدی سے اس ادارے کو سنوارا، وہ بلاشبہ باعثِ تحسین ہے۔ ان کی مسلسل توجہ اور دانشمندانہ منصوبہ بندی نے ایک خستہ حال درس گاہ کو ایک مثالی تعلیمی مرکز کا روپ دے دیا ہے۔

ایسے مواقع پر یہی خیال دل میں ابھرتا ہے:

اگر مطلوب ہو دنیا تو سجدہ بھی سیاست ہے

مفادِ قوم کی خاطر سیاست بھی عبادت ہے

آج ناظم آباد کا یہ اسکول اس حقیقت کا جیتا جاگتا استعارہ ہے کہ جب نیت پاک ہو اور قدم استقامت سے اٹھیں تو سرکاری ادارے بھی نجی درس گاہوں سے بڑھ کر وقار حاصل کر سکتے ہیں۔ ناظم آباد ٹاؤن کے چیئرمین اور ان کی ٹیم اس شاندار کارنامے پر بجا طور پر مبارکباد کی مستحق ہے کہ ان کی کاوشوں نے ایک پرانی عمارت میں نئی روح پھونک دی ہے اور ایک ویران آنگن کو پھر سے گلشن بنا دیا ہے۔

اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ