شہر لاوارث میں امید کی آواز


 "شہر لاوارث میں امید کی آواز" 


کراچی وہ شہر ہے جس نے ہمیشہ دوسروں کو جینے کا ڈھنگ سکھایا، مگر خود اپنی ہی سانسوں کے بوجھ تلے دب کر رہ گیا۔ یہاں کی گلیاں محنت کشوں کے قدموں کی چاپ سے معمور ہیں، یہاں کی فضا میں رزق کی خوشبو بسی ہے، مگر اس شہر کے مقدر میں محرومیوں کا دھواں کیوں رقم ہے، یہ سوال ہر صاحب بصیرت شہری کے دل میں سلگتا ہے۔


چشم نم، جان شوریدہ کافی نہیں

تہمت عشق پوشیدہ کافی نہیں


آج اگر کراچی کے مسائل پر نگاہ ڈالی جائے تو منظرنامہ خاصا کربناک ہے۔ پانی کے لیے قطاریں، بجلی کے لیے بے بسی، گڑھوں سے بھری سڑکیں، ابلتے ہوئے گٹر، ٹرانسپورٹ کا بحران اور روزمرہ کی زندگی کی وہ تکالیف جنہیں اب لوگ اپنی قسمت سمجھ کر برداشت کرنے لگے ہیں۔ ایسے میں سیاسی دعوے تو بکثرت سنائی دیتے ہیں، وعدوں کے چراغ بھی جلائے جاتے ہیں، مگر شہر کی گلیوں میں روشنی کہیں نظر نہیں آتی۔

یہ بھی ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ جو جماعتیں کراچی کی نمائندگی کا دعوی کرتی رہی ہیں، ان کے طرز عمل نے شہریوں کے دلوں میں مایوسی ہی کو جنم دیا ہے۔ اقتدار کے ایوانوں تک رسائی حاصل کرنے کے بعد ان کی ترجیحات بدل جاتی ہیں۔ شہر کی گلیوں کے مسائل پس منظر میں چلے جاتے ہیں اور مفادات کی سیاست سامنے آ کھڑی ہوتی ہے۔ ایسے میں کراچی کے عام آدمی کے دل میں یہ سوال ابھرنا فطری ہے کہ آخر اس شہر کا حقیقی وارث کون ہے اور کون اس کے دکھوں کو اپنی آواز بناتا ہے۔


آج بازار میں پا بجولاں چلو

دست افشاں چلو، مست و رقصاں چلو


اس پس منظر میں اگر کسی جماعت کی آواز نسبتاً توانا محسوس ہوتی ہے تو وہ جماعت اسلامی اور اس کے امیر حافظ نعیم الرحمن صاحب کی ہے، جو کم از کم شہری مسائل کو مسلسل موضوع سخن بنائے ہوئے ہے۔ سڑکوں پر احتجاج ہو، عدالتوں میں درخواستیں ہوں یا میڈیا کے ذریعے شہر کے دکھوں کا اظہار، ان کی سرگرمیوں نے یہ تاثر ضرور دیا ہے کہ وہ کراچی کے مسائل کو نظر انداز کرنے پر تیار نہیں۔

یہ بھی حقیقت ہے کہ شہر کی سیاست اختلافات اور تقسیم در تقسیم کی داستان بن چکی ہے۔ ہر گروہ اپنے دائرے میں مقید ہے اور ہر جماعت اپنی الگ ناؤ چلا رہی ہے۔ اس کشمکش میں سب سے زیادہ نقصان اسی شہر کے عام شہری کو اٹھانا پڑ رہا ہے، جو نہ کسی ایوان کا حصہ ہے اور نہ کسی مفاد کی سیاست کا۔


ہم دیکھیں گے، ہم دیکھیں گے

لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے


ایسے میں وقت کا تقاضا یہی معلوم ہوتا ہے کہ شہری مسائل کو ذاتی اور جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر دیکھا جائے۔ اگر کوئی آواز مسلسل مسائل کی نشاندہی کر رہی ہے تو اس کا ساتھ دینا محض سیاسی وابستگی کا معاملہ نہیں بلکہ شہری حقوق کی جدوجہد کا تقاضا بھی ہے۔ اس شہر کی بقا اور اس کے مستقبل کا سوال کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ کروڑوں شہریوں کی زندگیوں کا سوال ہے۔

بدقسمتی سے کراچی کے بعض بڑے سیاسی دعویدار ایسے نظر آتے ہیں جو ہر سانحے کے بعد یا تو خاموشی اختیار کر لیتے ہیں یا رسمی بیانات دے کر اپنا فرض ادا سمجھ لیتے ہیں۔ یہ خاموشی دراصل اس شہر کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ جب شہر جل رہا ہو، جب عوام پریشان ہوں، جب ہر طرف بے یقینی اور محرومی کا راج ہو، تو ایسی خاموشی کسی بھی طرح قابل قبول نہیں رہتی۔

کراچی کے عوام کو یہ سوچنا ہوگا کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کس بنیاد پر کرنا چاہتے ہیں۔ اگر وہ اسی روایت کو جاری رکھیں گے جس میں وعدے تو بہت ہوتے ہیں مگر عمل کہیں نظر نہیں آتا، تو محرومیوں کا یہ سلسلہ یونہی چلتا رہے گا۔ لیکن اگر وہ اپنے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر اس آواز کا ساتھ دیں جو ان کے مسائل کو اجاگر کر رہی ہے، تو شاید اقتدار کے ایوانوں کو بھی اپنا رویہ بدلنا پڑے۔


جب ظلم و ستم کے کوہ گراں

روئی کی طرح اڑ جائیں گے

ہم محکوموں کے پاؤں تلے

یہ دھرتی دھڑدھڑدھڑکے گی


یہ شہر لاوارث نہیں ہونا چاہیے۔ یہ شہر ان لوگوں کا ہے جو صبح سے شام تک اس کی سڑکوں پر رزق تلاش کرتے ہیں، جو اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے خواب دیکھتے ہیں اور جو اس دھرتی کو اپنا گھر سمجھتے ہیں۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ان خوابوں کی ترجمانی کرنے والی آواز کو پہچانا جائے اور اس کا ساتھ دیا جائے، ورنہ سیاست کے نام پر مفادات کی یہ دوڑ کراچی اور اس کے باسیوں کو مزید نگلتی رہے گی۔

کراچی کی کہانی ابھی ختم نہیں ہوئی۔ یہ شہر اب بھی زندہ ہے، اس کی گلیوں میں امید کی سانسیں اب بھی رواں ہیں۔ سوال صرف اتنا ہے کہ اس امید کو آواز کون دیتا ہے اور اس آواز کا ساتھ دینے کا حوصلہ کس میں ہے۔


بس نام رہے گا اللہ کا

جو غائب بھی ہے حاضر بھی

جو ناظر بھی ہے منظر بھی

اور راج کرے گی خلق خدا

جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو

لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ