حق احتجاج دہشت گردی، قاتل لٹیرے معزز


 

"حق احتجاج دہشت گردی، قاتل لٹیرے معزز"


جب کسی مملکت میں ایوان اقتدار کی سیڑھیوں پر جیل اور قید و بند کے تذکرے تمغۂ افتخار کی طرح سجائے جانے لگیں، تو سڑک پر اپنے حق کی صدا بلند کرنا یقیناً بغاوت اور دہشت کا نام پائے گا۔ پھر وہی ہوتا ہے جو کل اس شہرِ کراچی میں ہوا کہ جو اپنے دکھ اور مسائل کی داد رسی کو نکلے، اس کے حصے میں دفعات، مقدمات اور حوالات کے دروازے آئے۔ ایسے میں بے اختیار محسن نقوی کا یہ سوال فضا میں گونجتا محسوس ہوتا ہے۔ 


سب جرم میری ذات سے منسوب ہیں محسن

کیا میرے سوا شہر میں معصوم ہیں سارے؟


اور جو شب کے پردے میں لٹیرے بن کر گلیوں کی عزت لوٹیں، جو 

دن دہاڑے ایک موبائل کے عوض کسی بے گناہ شہری کی جان لے لیں، وہی صبح کے اجالے میں معزز اور باوقار ٹھہرتے ہیں،  گویا اس شہر میں جرم کا معیار الٹ دیا گیا ہو اور انصاف کی میزان کسی تنگ الماری میں پڑی ہوئی لغت کے بوسیدہ ورقوں کے بیچ سو رہی ہو۔ تب حکیم منظور کا طنز بھی حقیقت کا آئینہ بن کر سامنے آ کھڑا ہوتا ہے۔۔۔


شہر کے آئین میں یہ مد بھی لکھی جائے گی

زندہ رہنا ہے تو قاتل کی سفارش چاہیئے


ایسے عالم میں اہل شہر کے پاس سوائے اس کے اور کیا چارہ رہ جاتا ہے کہ وہ زمین کے درباروں سے مایوس ہو کر آسمان کی طرف نگاہ اٹھائیں، اور دست دعا بلند کر کے عرض کریں کہ اے پروردگار عالم!!! اس سر زمین پر اپنی خاص رحمت کی چھاؤں فرما، اور اسے ان انسان نما درندوں کے پنجۂ ظلم سے نجات عطا کر، کہ یہاں زمین والوں کے فیصلے اب عدل کی تمثیل نہیں، ایک تلخ مذاق بن چکے ہیں۔ اور دل کے کسی کونے سے قتیل شفائی کی صدائے احتجاج بھی ابھرتی ہے


کون اس دیس میں دے گا ہمیں انصاف کی بھیک

جس میں خونخوار درندوں کی شہنشاہی ہے


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ