بیٹیاں ہر گھر میں کہاں ہوتی ہیں
"بیٹیاں ہر گھر میں کہاں ہوتی ہیں"
کچھ رشتے وقت کے ساتھ کمزور پڑ جاتے ہیں، مگر بیٹی وہ نسبت ہے جو عمر بھر اپنی آنچ برقرار رکھتی ہے۔
اسی دوام محبت اور خاموش عظمت کی کہانی یہ تحریر اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔
خالق کائنات نے رشتوں کے معجزوں کے سفوف میں جو لطافت اور معنی ودیعت کیے ہیں، ان کا سب سے نازک اور عمیق اظہار بیٹے اور بیٹی کے فرق میں جلوہ نما ہوتا ہے۔ بیٹا اپنی نسبت اور نام کے ساتھ خانۂ پدری میں قدم رکھتا ہے، مگر اس کی حیثیت وقت کی ایک عارضی رقم ہوتی ہے۔ جب تک وہ بیٹا ہے، جب تک اس کے نام کے ساتھ شوہر کا لقب نہیں جڑ جاتا۔ اس کے بعد وہ اپنے نئے خانوادے کی تعمیر میں اس طرح مصروف ہو جاتا ہے کہ آہستہ آہستہ پہلی دہلیز سے قدم اکھڑنے لگتے ہیں۔ ہر ایک کا یہ حال نہ سہی، مگر ہر معاشرے کے آئینے میں ایسا ایک پیکر ضرور نظر آ جاتا ہے جو اس عمومی سچائی کی گواہی دیتا ہے۔
یہی وہ نازک موڑ ہے جہاں باپ کا دل اندیشوں سے بھر جاتا ہے اور سچ بھی ڈرتے ڈرتے زبان پر آتا ہے۔
باپ سچ بات بتاتے ہوئے گھبراتا ہے
اس کو یہ خوف کہ بیٹا کہیں ناراض نہ ہو
بیٹی کی سرشت اس سے سراسر جدا ہے۔ وہ اگر بیٹی ہے تو عمر بھر بیٹی ہی رہتی ہے۔ والدین کی آغوش شفقت میں ہو یا اپنے گھر کی ملکہ بن جائے، اس کی نسبتیں کبھی پرانی نہیں پڑتیں، اس کے دل کی ڈور کبھی منقطع نہیں ہوتی۔ اس کا بیٹی ہونا کوئی عارضی درجہ نہیں بلکہ ایک دائمی نسبت ہے، جو نبض کی تپش کی طرح ہمیشہ ساتھ رہتی ہے۔
وقت نے یہ منظر بھی اب عام کر دیا ہے کہ ۔۔۔۔
اب تو بیٹے بھی چلے جاتے ہیں ہو کر رخصت
صرف بیٹی کو ہی مہمان نہ سمجھا جائے
(ریحانہ روحی)
بیٹی والدین پر وقت کے پہیے میں بوجھ نہیں بنتی، بلکہ زندگی کی ہر کروٹ پر سایۂ ہمدردی ثابت ہوتی ہے۔ اس کی محبت میں معاوضے کی تمنا نہیں، اس کی خدمت میں صلے کی کوئی آس نہیں۔ شاید اسی لیے کہا گیا ہے۔۔۔
بیٹیاں سب کے نصیب میں کہاں ہوتی ہیں
گھر جو خدا کو پسند آ جائے
وہاں ہوتی ہیں
حقیقت میں یہ فرق ذکر و اناث کا نہیں، بلکہ سرشت و مزاج کا ہے، یہ تفریق مدت کی نہیں، دوام کی ہے۔ بیٹا ایک عرصے تک بیٹا کہلاتا ہے اور بیٹی تا حیات بیٹی رہتی ہے۔ یہی وہ نکتۂ امتیاز ہے جہاں قرابت کی قیمت تولی جاتی ہے اور اسی کسوٹی پر بیٹی کی عظمت خود بخود آب زر سے لکھی ہوئی نظر آتی ہے۔
اور شاید اسی احساس کی تہہ میں یہ سادہ مگر اٹل سچ بھی پوشیدہ ہے۔۔۔
ہر بیٹی کا باپ بادشاہ نہیں ہوتا
پر ہر بیٹی اپنے باپ کے لیے شہزادی ضرور ہوتی ہے
بیٹا وقت کی رفتار کے ساتھ نسبتیں بدل لیتا ہے، مگر بیٹی زمانے کی ہر کروٹ پر اپنی پہچان سنبھالے رکھتی ہے۔ وہ رشتوں کی کتاب میں وہ واحد عنوان ہے جس پر کبھی گرد نہیں پڑتی۔ اسی دوام محبت کے سبب بیٹی محض اولاد نہیں، والدین کے لیے زندگی بھر کا سہارا، دعا اور حوالہ بن کر رہتی ہے۔
اختر شیخ
۴ فروری ۲۰۲۶۔

بہت اعلیٰ ۔
ReplyDeleteحوصلہ افزائی کا شکریہ
Delete