محسن نقی صاحب۔ "فن و فکاہت کا روشن چراغ"


 محسن نقی صاحب۔

"فن و فکاہت کا روشن چراغ"


محافل ادب میں کچھ چہرے ایسے بھی ہوا کرتے ہیں جو نہ شورش برپا کرتے ہیں نہ دھوم مچاتے ہیں، پر اپنی موجودگی سے فضا کو یکسر روشن کر جاتے ہیں۔ محسن نقی صاحب بھی ایسی ہی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ کبھی وہ کیمرے کی معصوم آنکھ سے لمحوں کو قید کرتے نظر آتے ہیں، کبھی کسی ادبی نشست کی روداد قلم بند فرماتے ہیں، اور کبھی طنز و مزاح کی شگفتہ چھیڑ سے محفل کو مسکرا دیتے ہیں۔ فن کے کئی رنگ ان کی شخصیت میں اس طرح گھل مل گئے ہیں کہ ان کا احاطہ چند سطروں میں ممکن ہی نہیں۔ زیر نظر خاکہ اسی ہمہ جہت ہستی کی فنی و ادبی مسافت کی ایک جھلک محض ہے، گویا ایک وسیع دریا کا کنارہ دیکھ لینا۔


جناب سید محسن نقی جعفری، قلمی نام محسن نقی، ان خوش نصیب اور خوش ذوق لوگوں میں شمار ہوتے ہیں جن کے مزاج میں فن بھی رچا بسا ہو اور محنت کا جوہر بھی۔ اصل تعلق یوپی کے علمی و ادبی شہر بریلی سے ہے، مگر پرورش اور فن کی آبیاری کراچی کے اُس علاقے میں ہوئی جو اپنے اندر فنکاروں، کھلاڑیوں، قوالوں اور کامیڈینوں کی ایک زندہ روایت سموئے ہوئے تھا، یعنی لیاقت آباد۔ مادری زبان اردو، تعلیم بی اے اور فاضل اردو، اور طبیعت میں بچپن ہی سے اداکاری، نقل اور ظرافت کی چاشنی شامل تھی۔

پانچ چھ برس کی عمر ہی میں محفلوں کی جان بن جانا، اداکاروں کی نقل اتارنا اور کیسٹوں پر محفوظ لطیفے اسی انداز میں دہرا دینا، اُن کے اندر چھپے فنکار کی ابتدائی جھلک تھی۔ لیاقت آباد کے موسیقی کلبوں اور ورائٹی پروگراموں نے اس شوق کو جلا بخشی، اور اسٹیج پر گلوکاری، کامیڈی اور رقص کے ذریعے محسن نقی نے اپنے فن کا پہلا عملی اظہار کیا۔

انیس سو پچھتر میں ریڈیو پاکستان کراچی کا دروازہ اُن کے لیے کھلا، جب بڑے بھائی کے ایک دوست کے توسط سے فخر الزماں ملک سے ملاقات ہوئی۔ یوں بچوں کے مقبول پروگرام بچوں کی دنیا میں صداکاری کا آغاز ہوا، جہاں سیدہ ناز کاظمی اور منی باجی کی رہنمائی میں بچپن کی آواز نے ڈرامائی دنیا میں پہلا قدم رکھا۔ اسٹوڈیو نمبر نو کے ڈراموں میں بھی جب کسی بچے کے کردار کی ضرورت ہوتی تو ایس ایم سلیم انہیں بلا لیتے۔ اس زمانے میں قمر علی عباسی اسٹیشن ڈائریکٹر تھے۔

وقت کے ساتھ عمر بڑھی تو صلاحیتوں کے رنگ بھی گہرے ہوتے گئے۔ پروگرام بزم طلباء میں مزاحیہ خاکے لکھے اور ان میں صداکاری بھی کی۔ انیس سو چھہتر میں بچوں کے عالمی سال کے موقع پر تھیوسوفیکل ہال میں ریڈیو پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام اسٹیج ڈراموں کے مقابلے میں اپنی اداکاری کا لوہا منواتے ہوئے پہلا انعام حاصل کیا۔

انیس سو اسی میں معروف اداکار شہزاد رضا کے ذریعے کراچی ٹی وی تک رسائی ہوئی اور ڈراما سیریل راجو سے ٹی وی اداکاری کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد رہ گذر، چمن اپارٹمنٹس، بہادر علی، بند گلاب، گھر کے چراغ، سچے رشتے اور سیڑھیاں جیسے متعدد ڈراموں میں اہم کردار ادا کیے۔ شفیع محمد شاہ، طلعت حسین، شکیل، محمود علی اور دیگر بڑے فنکاروں کے ساتھ اسکرین شیئر کرنا اُن کے فن کی پختگی کا ثبوت ہے۔

مزاحیہ پروگرام ففٹی ففٹی میں شعیب منصور کے ساتھ شرکت نے اُن کے ظریفانہ انداز کو مزید نمایاں کیا۔ ریڈیو پر چار سو سے زائد ڈراموں میں صداکاری، ٹی وی پر ساٹھ کے قریب ڈراموں میں اداکاری، اسٹیج پر متنوع کردار، اور اشتہارات میں شرکت، یہ سب اُن کی ہمہ جہت فنی زندگی کے روشن باب ہیں۔

تاہم زندگی کی اصل اسٹیج تو گھر کی دہلیز پر سجی ہوتی ہے۔ بچوں کی تعلیم و تربیت اور گھریلو ذمہ داریوں نے انہیں شوبز کی رنگین دنیا سے کچھ فاصلے پر کر دیا۔ مگر یہی محنت اور جفاکشی رنگ لائی کہ بیٹا ایم بی اے فنانس اور بیٹی ڈاکٹر آف فزیوتھراپی کے ساتھ ایم بی اے فنانس کی ڈگری کی حامل ہے۔

آج محسن نقی ادبی محفلوں میں فوٹوگرافی، رپورٹنگ اور طنز و مزاح پر مبنی کالم نگاری کے ذریعے اپنی تخلیقی شناخت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ محکمہ تعلیم میں سرکاری ملازمت کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور مارچ 2027 میں ریٹائرمنٹ کے دہانے پر کھڑے ہیں۔

محسن نقی ایک عمدہ لکھاری، روداد نگار اور ہمہ جہتی شخصیت ہیں، فن اور ہنر سے والہانہ محبت رکھنے والے، جفاکش اور محنتی انسان، جن کی زندگی اس بات کی مثال ہے کہ اصل فنکار وہی ہوتا ہے جو ہر دور میں اپنے اندر کے چراغ کو روشن رکھتا ہے۔ ایک ایسی شخصیت، جو بیک وقت فنکار بھی ہے، لکھاری بھی، اور زندگی کی آزمائشوں میں ثابت قدم رہنے والا ایک باوقار انسان بھی۔۔ اور یوں محسن نقی کی یہ فنی و ادبی مسافت کسی ایک عہد یا اسٹیج تک محدود نہیں رہی بلکہ ہر دور میں نئی صورت اور نئے آہنگ کے ساتھ جلوہ گر ہوتی رہی۔ آج بھی وہ اپنے کیمرے، قلم اور ظریفانہ لب و لہجے کے ساتھ محفلوں میں ایک نرم و گداز روشنی کی مانند موجود رہتے ہیں۔ وہ روشنی جو نہ شورش کرتی ہے نہ دھوم مچاتی ہے، پر نرمی سے دلوں میں اتر جاتی ہے۔


جو فن سے فکر کی تدبیر گفتگو کرے گی

تو گونگی بہری بھی تصویر گفتگو کرے گی


ہیچ ہیں میری نظر میں آشیان و گلستاں

آدمی ہوں عزم تعمیر جہاں رکھتا ہوں میں


یہ اشعار گویا ان کی پوری زندگی کا نچوڑ ہیں۔ وہ فنکار جو حالات کے جبر میں راستہ بدل لے مگر اپنے باطن کے چراغ کو ہمیشہ تابندہ رکھے۔ اور آج وہی چراغ، وہی جگنو، ناظم آباد کی گلیوں میں بھی نرم روشنی بکھیرتا ہے۔ ادبی محفلوں میں، تصویروں کے پردۂ رنگ پر، الفاظ کی مرصع کاری میں اور دوستانہ بزموں میں یہ روشنی مسلسل پھیلتی جاتی ہے۔ گویا پرانے چراغ کی لو تازہ ہوا پا کر ازسرنو زندہ ہو گئی ہو۔ یہی تابندگی محسن نقی کی پہچان ہے، اور یہی ان کے فن کی بقا کا راز۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ