بچھڑی بیٹھک کے روشن لمحے
"یادوں کے جگنو"
بچھڑی بیٹھک کے روشن لمحے
کچھ ملاقاتیں وقت کے طے شدہ دائروں میں نہیں آتیں، وہ بس دل کے کسی کونے میں رہتی ہیں اور برسوں بعد اچانک آواز دے اٹھتی ہیں۔ پرانی رفاقتوں کی مہک ایسی ہی ہوتی ہے کہ فاصلے اور مصروفیتیں اسے ماند نہیں کر پاتیں۔ کبھی ایک فون کال، کبھی کسی موڑ پر اچانک آمنا سامنا، اور یوں لگتا ہے جیسے وقت نے اپنی رفتار کچھ دیر کے لیے روک دی ہو۔
ایسے ہی لمحوں کے لیے فاخرہ بتول نے کیا خوب کہا ہے
دن، جگہ، وقت بتانے کی بھی زحمت ہو جناب
آپ سے شرفِ ملاقات کہاں ممکن ہے
ناظم آباد نمبر ایک میں جبار بھائی کی پان کی دکان محض ایک دکان نہ تھی، وہ ہماری روزمرہ زندگی کی ایک روشن بیٹھک تھی۔ وہیں برادر عزیز سیف الرحمن المعروف پرویز بھائی ہر روز لازمی طور پر موجود ہوتے۔ پان کی خوشبو میں گھلی ہوئی وہ محفلیں، ہنسی کے چھوٹے چھوٹے فوارے، دوستوں کی چہل پہل اور وقت کا بے ساختہ بہاؤ، سب کچھ آج بھی یادوں کے دریچوں میں زندہ ہے۔ مگر وقت نے وہ منظر بھی بدل دیا۔ نہ جبار بھائی رہے اور نہ ان کی دکان۔ یوں چالیس پچاس برس پر محیط وہ روزانہ کی بیٹھک بھی قصۂ ماضی بن گئی۔
اب ملاقاتیں صرف خوشی یا غم کے کسی موقعے پر ہی نصیب ہوتی ہیں۔
گزشتہ ہفتے کے روز اچانک دل میں خیال آیا کہ برادر سیف الرحمن کے دیدار کو مدت بیت گئی۔ فون ملایا اور کہا بھیا، آپ سے ملے ایک زمانہ گزر گیا، کیا کل اتوار کو ملاقات ممکن ہے۔ مجھے ان کے بھائی ارشد کے میڈیکل اسٹور جانا تھا جو عباسی شہید اسپتال کے سامنے واقع ہے۔ طے پایا کہ دو ڈھائی بجے وہیں ملاقات ہوگی۔ میں مقررہ وقت پر پہنچ گیا۔ کچھ ہی دیر بعد برادر سیف الرحمن بھی آ گئے۔ چہرے پر وہی مانوس مسکراہٹ، لہجے میں وہی پرانا اپنائیت بھرا انداز۔
ڈیڑھ دو گھنٹے کی اس بیٹھک نے دل کو عجیب سی سرشاری سے بھر دیا۔ باتوں کا سلسلہ چلا تو عرشی بھائی، برادر محمد علی ظفر اور ناظم آباد کے دوسرے دوستوں کا ذکر خیر ہونے لگا۔ عمیر اکرم سے سیف بھائی کی حالیہ ملاقات کا تذکرہ بھی محفل میں ایک تازہ خوشبو کی طرح گھل گیا۔ پرانی باتوں کے چراغ یوں ایک ایک کر کے جلتے گئے اور دل کی ویران گلیاں پھر سے روشن ہوتی چلی گئیں۔ اس لمحے یوں محسوس ہوا جیسے یہ ملاقات محض ایک اتفاق نہیں بلکہ برسوں کی رفاقت کا تسلسل ہو۔۔۔۔۔
یاد آیا کہ کسی شاعر نے کتنی سچائی سے کہا ہے
اب ملاقات ہوئی ہے تو ملاقات رہے
نہ ملاقات تھی جب تک کہ ملاقات نہ تھی
وہ دکان تو اب نہیں رہی، جبار بھائی کی آواز بھی سنائی نہیں دیتی، مگر ان کے گرد جمی وہ بیٹھک آج بھی دل کے کسی کونے میں اسی طرح آباد ہے۔ کبھی کسی فون کال، کبھی کسی اچانک ملاقات کے بہانے وہ جگنو پھر سے روشن ہو اٹھتے ہیں۔ وقت بدل جاتا ہے، جگہیں بدل جاتی ہیں، مگر رفاقت کے یہ چھوٹے چھوٹے چراغ بجھتے نہیں، بس دل کے اندر کہیں ٹمٹماتے رہتے ہیں۔
کیونکہ…
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment