آزادی سے ذمہ داری تک، ایک دلنشین داستان


 

آزادی سے ذمہ داری تک، ایک دلنشین داستان


نہایت مسرت اور انبساط کا مقام ہے کہ کل میرے عزیز برادر عزیز فاروق شیخ کی جانب سے چند تصاویر موصول ہوئیں۔ یہ وہ تصاویر تھیں کہ جنہیں دیکھتے ہی طبیعت ماضی کی نذر ہو گئی اور آنکھوں کے سامنے وہ سب کچھ پھر سے رقصاں ہو گیا جو کب کا دھندلا چکا تھا۔


بات دراصل یوں ہے کہ چند روز قبل ایک شادی کی تقریب میں اپنے کزن فاروق شیخ سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے بڑی محبت سے ارشاد فرمایا کہ یار، چند دن پہلے ایک گم شدہ فوٹو البم ہاتھ لگی ہے جس میں ہماری سیون، دادو اور سکھر کی سیر و تفریحی کی تصاویر محفوظ ہیں، فرصت ملتے ہی تمہیں بھیجوں گا۔ اور کل وہ تصاویر واٹس ایپ پر ارسال فرما دیں۔ تصاویر اگرچہ زمانے کی گرد سے کچھ مدھم پڑ گئی تھیں، مگر ہماری بیٹی نے ان پر ایسا دسترس سے کام کیا، انہیں اس خوبصورتی سے صاف کیا اور رنگوں کو اس گہرائی سے بحال کیا کہ دیکھنے والا یہ سمجھنے لگا کہ گویا ہم خود بھی دوبارہ جوان ہو گئے ہوں۔ کم از کم تصاویر کی حد تک تو یہ ضرور ہوا۔


جب یہ تصاویر سامنے آئیں تو دل یکایک 1983 کی حسین اور شوخ یادوں میں جا ٹھہرا۔ وہ بھی کیا دور تھا کہ محبتیں بے ساختہ تھیں، وقت فراواں تھا اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ہم میں سے کسی کو گھریلو ذمہ داریوں کی عمر قید سنائے جانے کا مرحلہ پیش نہ آیا تھا۔ ہم سب آزاد منش قیدی تھے کہ جن کی گرفتاری ابھی عمل میں نہیں آئی تھی۔ جب جی چاہتا، جہاں جانے کا ارادہ ہوتا، کزن جمع ہوتے، پروگرام بنتا اور فوراً نافذ ہو جاتا۔ بس والدین کی منظوری درکار ہوتی تھی جو خوش قسمتی سے اکثر مل ہی جایا کرتی تھی۔ آج کل تو محسوس ہوتا ہے جیسے ایک چھوٹے سے سفر کی اجازت کے لیے بھی کوئی غیر مرئی کابینہ طلب کرنی پڑتی ہے، گویا کوئی پارلیمانی کارروائی درکار ہو۔


ان تصاویر میں میرے کزن فاروق شیخ، عبدالرفیع خان، خاکسار اور مرحوم علی احمد خان جلوہ گر ہیں۔ اللہ تعالی اس مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور ان کی مغفرت فرمائے، آمین ثم آمین۔


ہم سب نے مل کر سیون کا قصد کیا، وہاں سے دادو، لاڑکانہ، شکارپور اور پھر اپنے خاندانی سنگم سکھر جا پہنچے۔ ہمارا آدھا خاندان کراچی میں اور آدھا سکھر میں آباد تھا۔ سکھر میں دیگر کزن کے ساتھ کی تصاویر میرے پاس سے بھی گم ہو گئیں اور فاروق کے پاس بھی محفوظ نہ رہ سکیں۔ شاید وہ بھی آزادی کے اسی دور کی طرح بے فکر ہو کر کہیں نکل کھڑی ہوئیں۔


کیا زمانہ تھا کہ حدود کے اندر رہتے ہوئے بڑوں کی طرف سے ایک باوقار آزادی حاصل تھی۔ نہ غم معاش کا بوجھ تھا، نہ گھر داری کا حساب کتاب۔ جب ہماری آزادانہ پرواز کچھ زیادہ بلند ہونے لگی تو بڑوں نے نہایت شفقت سے ہمیں غم روزگار کی راہ دکھائی، اور پھر اسی راہ نے ہمیں بتدریج گھریلو ذمہ داریوں کی عمر قید میں داخل کر دیا۔ البتہ انصاف کا تقاضا ہے کہ عرض کیا جائے کہ اس عمر قید کا اپنا ہی لطف ہے، قیدی بھی ہم خود ہیں اور جیلر بھی ہمارے اپنے ہی۔ یوں یہ قید بھی گویا ایک نعمت ہے۔


آج صورت حال یہ ہے کہ ہمارے کچھ بچے بالفعل اسیر ہو چکے ہیں اور کچھ کو قید کی سزا سنائی جا چکی ہے، جن پر جلد ہی عمل درآمد متوقع ہے۔ یوں یہ سلسلہ خوش اسلوبی سے جاری و ساری ہے اور یہی دستور قدرت ہے۔


میرے پیارے فاروق، تم خوش رہو، ہمیشہ خوش رہو۔ تم نے جوانی کے وہ سنہرے دن یاد دلا دیے کہ جن کی مٹھاس آج بھی دل کو تر و تازہ کر گئی۔ اللہ تمہیں اور تمام اہل خانہ کو شاد و آباد رکھے، تمہاری عمر میں برکت عطا فرمائے۔ اللہ رفیع اور ان کے اہل خانہ کو صحت و سلامتی عطا فرمائے۔ اللہ علی احمد کے درجات بلند فرمائے اور ان کی اولاد کو شاد و آباد رکھے۔ اور اللہ مجھ پر بھی اپنا کرم و فضل قائم رکھے کہ میں ان یادوں کو محفوظ رکھ سکوں اور ان سے سبق حاصل کر سکوں۔ آمین ثمہ آمین۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ