عالمی کشیدگی اور مقامی فیصلے: سب سے بڑا نقصان تعلیم کا


 

*عالمی کشیدگی اور مقامی فیصلے. سب سے بڑا نقصان تعلیم کا*


جنگ کہیں اور ہو رہی ہے، میزائل کہیں اور چل رہے ہیں، سفارتی بیان بازی کہیں اور ہو رہی ہے، مگر عجیب تماشہ ہے کہ اس جنگ کی سب سے تیز بازگشت اگر کہیں سنائی دے رہی ہے تو وہ ہمارے اپنے ملک کے اندر ہے۔ گویا میدان جنگ میں نہیں بلکہ یہاں کے ایوانوں میں کوئی غیر معمولی ہنگامی حالت نافذ ہو چکی ہو۔


دنیا کے نقشے پر نظر دوڑائیے۔ کہیں ایران اور امریکہ کے بیانات ہیں، کہیں اسرائیل کی دھمکیاں، کہیں عالمی طاقتوں کی سفارتی سرگرمیاں۔ مگر کسی ملک کے حکمرانوں کو اس قدر پھرتیاں کرتے نہیں دیکھا گیا جیسی ہمارے یہاں دکھائی جا رہی ہیں۔ دنیا بھر کے حکمران شاید اب تک صورتحال کا جائزہ لے رہے ہوں گے، مگر ہمارے ہاں تو گویا کسی نے اعلان کر دیا ہو کہ جلدی کرو، جو کچھ کرنا ہے فوراً کر ڈالو۔


سب سے پہلی توپ جو داغی گئی وہ عوام پر پیٹرول بم کی صورت میں گری۔ یہ وہ ہتھیار ہے جو دنیا کے کسی اور ملک نے اپنی ہی قوم پر استعمال نہیں کیا۔ ابھی عالمی منڈی میں قیمتیں پوری طرح بڑھی بھی نہیں تھیں کہ یہاں پہلے ہی اضافہ کر دیا گیا، اور ساتھ یہ نوید بھی سنائی جا رہی ہے کہ مزید اضافے کے لیے بھی دل مضبوط رکھئے۔ ادھر گزشتہ دو روز سے عالمی منڈی میں قیمتیں کچھ نیچے آئی ہیں مگر ہمارے ایوانوں میں شاید اس خبر کے داخلے پر پابندی ہے، اس لئے کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔


یہ بھی ایک دلچسپ منظر ہے کہ دنیا کے کسی ملک میں دفاتر کے اوقات کار بدلنے یا اضافی چھٹیوں کا کوئی اعلان نہیں ہوا، مگر یہاں اس معاملے میں بھی غیر معمولی سرعت دکھائی جا رہی ہے۔ گویا پوری ریاستی مشینری کو اچانک یاد آ گیا ہو کہ نظم و ضبط کا اصل مظاہرہ اب ہی ہونا چاہئے۔


اور اس سب میں سب سے حیرت انگیز بلکہ افسوسناک فیصلہ تعلیمی اداروں کی بندش ہے۔ جنگ کہیں اور ہے، مگر اس کی پہلی سزا یہاں کے طلبہ کو دی جا رہی ہے۔ دنیا کے کسی ملک میں ایسا منظر دیکھنے کو نہیں ملا کہ عالمی سیاسی کشیدگی کے جواب میں سب سے پہلے اسکولوں اور کالجوں کے دروازے بند کر دیے جائیں۔ مگر یہاں شاید یہ خیال غالب ہے کہ اگر بچے تعلیم حاصل کرتے رہے تو کہیں باشعور معاشرہ نہ بن جائے۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ تعلیم یافتہ اور سوچنے سمجھنے والی نسل پیدا ہونا کچھ لوگوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ اس لئے بہتر یہی سمجھا گیا کہ قوم کے معماروں کو کچھ دیر کے لیے ہی سہی، مگر گھروں میں بٹھا دیا جائے۔ شاید یہ سوچ بھی کار فرما ہو کہ جب معاشرے میں شعور کم ہوگا تو سوال بھی کم اٹھیں گے۔


ایسے میں ایک شاعر کی یہ صدا بے ساختہ یاد آتی ہے


میرے ہم عصروں نے شاہوں کے قصیدے لکھے

میرے حصے میں بغاوت کے ترانے آئے


ادھر کچھ عرصے سے قوم کو باقاعدگی سے یہ خوشخبریاں سنائی جا رہی تھیں کہ ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، معیشت سنبھل رہی ہے اور حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ اگر واقعی ایسا ہے تو پھر یہ ساری عجلت اور ہنگامی اقدامات کس بات کے ہیں؟ اگر کشتی مضبوطی سے چل رہی ہے تو ملاحوں کے چہروں پر یہ اضطراب کیوں ہے؟


بعض اوقات یوں لگتا ہے کہ سب کچھ دیکھنے اور سمجھنے کے باوجود ایک عجیب سی خاموشی طاری ہے۔ جیسے پورا منظر کسی اجتماعی غفلت میں ڈوبا ہوا ہو۔ اسی کیفیت کو شاید یوں کہا گیا تھا


تو جاگ کے کیا کرے گا محسن

جب ملک ہی سارا سو رہا ہے


(محسن احسان)


عوام کا سوال بہرحال اپنی جگہ قائم ہے۔ جنگ کہیں اور ہو رہی ہے، میزائل کہیں اور چل رہے ہیں، مگر اس کے اثرات سب سے پہلے اگر کہیں نظر آ رہے ہیں تو وہ ہماری جیبوں، ہمارے گھروں اور ہمارے تعلیمی اداروں میں۔ اب یہ سمجھنا واقعی مشکل ہو گیا ہے کہ ہم جنگ دیکھ رہے ہیں یا اس کے نام پر ایک اور معاشی اور انتظامی تجربہ۔


اور جب احتساب اور جواب دہی کا وقت آتا ہے تو کبھی کبھی منظر کچھ یوں بھی دکھائی دیتا ہے


محتسب جرم مرا دیکھ کے خاموش رہا

خود خطا کار تھا احکام سزا کیا دیتا


( محسن احسان )


البتہ ایک بات ضرور طے ہے کہ دنیا شاید اس صورتحال کو سیاسی یا عسکری زاویے سے دیکھ رہی ہوگی، مگر یہاں کا عام آدمی اسے سیدھا اپنی جیب، اپنے بچوں کی تعلیم اور اپنی روزمرہ زندگی کے پیمانے سے دیکھ رہا ہے۔ اور یہی وہ پیمانہ ہے جس پر ہر حکومت کو آخرکار پرکھا جاتا ہے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ