شبِ قدر ۔۔۔ نزول قرآن اور تجلیات رحمت کی شب جاوداں


 

شبِ قدر ۔۔۔ نزول قرآن اور تجلیات رحمت کی شب جاوداں


رمضان المبارک کی نور افشاں ساعتوں میں ایک ایسی مقدّس رات بھی جلوہ گر ہوتی ہے جس کے احترام میں زمانہ بھی ادب سے سرِ تعظیم خم کر دیتا ہے۔ یہ وہ مبارک ساعت ہے جسے رب کریم نے شب قدر کے نام سے موسوم فرمایا اور جسے نزول قرآن جیسی عظیم نعمت کے لیے منتخب کیا۔

قرآنِ حکیم نے اس شب کی رفعت و عظمت کو نہایت بلیغ انداز میں یوں بیان فرمایا ہے۔۔۔


اِنَّاۤ اَنْزَلْنٰهُ فِیْ لَیْلَةِ الْقَدْرِۚ

وَمَاۤ اَدْرٰىكَ مَا لَیْلَةُ الْقَدْرِؕ

لَیْلَةُ الْقَدْرِ خَیْرٌ مِّنْ اَلْفِ شَهْرٍؕ

تَنَزَّلُ الْمَلٰٓىٕكَةُ وَالرُّوْحُ فِیْهَا بِاِذْنِ رَبِّهِمْۚ مِّنْ كُلِّ اَمْرٍؕ

سَلٰمٌ هِیَ حَتّٰى مَطْلَعِ الْفَجْرِ

(سورۃ القدر: 1–5)

ترجمہ۔۔۔۔۔ 

ہم نے اس (قرآن) کو شب قدر میں نازل کیا۔ اور تمہیں کیا معلوم کہ شب قدر کیا ہے؟ شبِ قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ اس میں فرشتے اور روح امین (جبرئیل علیہ السلام) اپنے رب کے حکم سے ہر کام کے لیے اترتے ہیں۔ یہ رات سراسر سلامتی ہے، فجر کے طلوع ہونے تک۔

اسی حقیقت کی جانب ایک اور آیت میں یوں اشارہ فرمایا گیا۔۔۔۔


اِنَّاۤ اَنْزَلْنٰهُ فِیْ لَیْلَةٍ مُّبٰرَكَةٍ اِنَّا كُنَّا مُنْذِرِیْنَ

(سورۃ الدخان: 3)

ترجمہ۔۔۔۔۔ 

بے شک ہم نے اس (قرآن) کو ایک بابرکت رات میں نازل کیا، اور ہم ہی لوگوں کو آگاہ کرنے والے ہیں۔


یہی وہ شب مبارک ہے جس میں رحمت الہی کی بارشیں موسلا دھار برستی ہیں، ملائکۂ رحمت کی نورانی جماعتیں آسمانوں سے اترتی ہیں اور زمین کا ہر گوشہ سلامتی و سکون کی فضا سے معمور ہو جاتا ہے۔ اہل ایمان اس شب کو عبادت و ریاضت، تلاوت قرآن، ذکر و دعا اور استغفار سے مزین کرتے ہیں۔ ہر سجدہ بندگی کی داستان بن جاتا ہے اور ہر دعا امید و یقین کی شمع فروزاں کر دیتی ہے۔


اہل علم کی تصریحات کے مطابق رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں اس شب کے پائے جانے کی زیادہ امید کی جاتی ہے۔ یہی سبب ہے کہ ارباب شوق ان مبارک راتوں کو بیداری دل کے ساتھ گزارتے ہیں، تاکہ کہیں وہ ساعت نصیب ہو جائے جس میں ایک لمحے کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے بھی زیادہ قدر و منزلت رکھتی ہے۔


شب قدر دراصل بندے اور رب کے درمیان قرب خاص کی وہ ساعت ہے جس میں ماضی کی لغزشیں معاف ہو سکتی ہیں اور تقدیر کے صحیفوں میں رحمت کے نئے عنوان رقم ہو سکتے ہیں۔ سعادت مند وہی ہیں جو اس مبارک رات کو غفلت میں نہیں بلکہ خشوع و خضوع کے ساتھ گزاریں، لبوں پر ذکر الہی ہو، آنکھوں میں عجز کے آنسو ہوں اور دل میں یہ یقین راسخ ہو کہ ربِ کریم اپنے در سے آنے والوں کو محروم نہیں لوٹاتا۔


اے رب کریم۔ اس بابرکت شب قدر کے صدقے ہماری خطاؤں اور لغزشوں کو معاف فرما، ہمارے دلوں کو نور ایمان سے منور کر دے اور ہماری عاجزانہ عبادتوں اور دعاؤں کو شرف قبول عطا فرما۔

یا اللہ، ہمارے تمام مرحومین، والدین، اساتذہ، عزیز و اقارب اور اہل ایمان کی مغفرت فرما، ان کی قبروں کو نور سے بھر دے اور انہیں اپنی رحمت کے سائے میں جگہ عطا فرما۔

پروردگار عالم، امت مسلمہ کے حال پر رحم فرما، ہمارے دلوں میں اخوت و محبت پیدا کر، ہمیں اتحاد و اتفاق کی دولت نصیب فرما، ہمیں دین کی سربلندی، حق کی نصرت اور ہر میدان میں عزت و کامیابی عطا فرما۔

اے اللہ، دنیا و آخرت کی ہر بھلائی ہمیں عطا فرما، مصیبتوں اور آزمائشوں سے ہماری حفاظت فرما اور ہمیں اپنی رضا اور اپنی رحمت کے راستے پر قائم رکھ۔


آمین یا رب العالمین۔


طالب دعا ۔ اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ