لیلۃ الجائزہ ۔۔ انعام الہی کی پرنور ساعت رحمت و مغفرت



 

لیلۃ الجائزہ ۔۔ انعام الہی کی پرنور ساعت رحمت و مغفرت ۔۔۔۔ 


رمضان المبارک کی فیض بار گھڑیاں جب اپنے انجام کو پہنچتی ہیں اور افلاک عالم پر عید کا ماہتاب اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہوتا ہے تو اس ساعت کو "لیلۃ الجائزہ" یعنی انعام بخش رات کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ یہ وہ مبارک موقع ہے جب ایک ماہ کی ریاضتوں، سحر و افطار کی روح پرور کیفیات، قیام و تلاوت کی برکات، صبر و استقامت کی منزلوں کے بعد خالق کائنات اپنے بندوں پر اپنی خاص عنایات و برکات کی بارش فرما دیتا ہے۔

احادیثِ نبوی میں اس رات کی عظمت و فضیلت نہایت والہانہ انداز میں بیان کی گئی ہے۔ چنانچہ حضرت ابوہریرہؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا۔۔۔۔


رمضان کی آخری رات میں روزہ داروں کی مغفرت کردی جاتی ہے۔

صحابہ کرامؓ نے عرض کیا، یا رسول اللہ، کیا یہ شب قدر ہے؟ تو آپ ﷺ نے جواب دیا۔۔

نہیں، بلکہ مزدور کو اس کی مزدوری اس وقت دی جاتی ہے جب وہ اپنا کام پورا کرچکا ہو۔


(مسند احمد، البزار، شعب الایمان للبیہقی)


گویا یہ وہ مبارک موقع ہے جب بندے اپنی ماہ بھر کی عبادات کا صلہ پاتے ہیں اور رب العالمین اپنی شان جود و سخا کے ساتھ ان کے دامن کو اجر و ثواب سے بھر دیتا ہے۔

اس رات کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے آپ ﷺ نے یہ بھی ارشاد فرمایا۔۔۔۔

جو شخص دونوں عیدوں کی راتوں میں ثواب کی نیت سے جاگ کر عبادت کرے تو اس کا دل اس دن زندہ رہے گا جب تمام دل مردہ ہو جائیں گے۔


(سنن ابن ماجہ)


یہ بشارت اس امر کی دلیل ہے کہ لیلۃ الجائزہ صرف ایک رسمی رات نہیں بلکہ روحانی حیات کی ضمانت ہے۔

ائمہ و فقہا نے بھی اس رات کی اہمیت کو واضح کیا ہے۔ 


امام شافعیؒ سے منقول ہے۔۔۔

پانچ راتیں ایسی ہیں جن میں دعائیں رد نہیں ہوتیں۔ شب جمعہ، شب عیدالفطر، شب عیدالاضحی، رجب کی پہلی رات اور شعبان کی پندرھویں رات۔


(ماثبت بالسنۃ، شیخ عبد الحق محدث دہلویؒ)


سلف صالحین کا معمول تھا کہ وہ ان مبارک راتوں کو عبادت، ذکر، تلاوت اور مناجات میں گزارتے اور انہیں غفلت کی نذر نہ ہونے دیتے۔

افسوس صد افسوس کہ آج کی دنیا میں ہم نے اس مقدس رات کو بازاروں کی رونقوں اور دنیاوی مشاغل کی نذر کر دیا ہے۔ چاند رات، جو دراصل آہ و زاری، استغفار اور شکرانے کی رات ہونی چاہیے تھی، وہ تفریحات اور خریداری کی رات بن کر رہ گئی ہے۔ حالانکہ یہ وہ موقع ہے جب بندہ اپنے رب کے سامنے جھک کر عرض کرے کہ ۔۔۔ 

اے پروردگار، ہم نے جو کچھ کیا، تیری توفیق سے کیا۔ اب اسے اپنی بارگاہ میں قبول فرما، ہماری لغزشوں کو معاف کر دے، اور ہمیں اپنی رضا کا مستحق بنا دے۔


لیلۃ الجائزہ دراصل رمضان المبارک کے اس روحانی سفر کا نقطۂ عروج ہے۔ یہ وہ در ہے جہاں سے مغفرت کے پروانے جاری ہوتے ہیں اور جہاں سے رحمت کی ہوائیں چلتی ہیں۔ اہل ایمان کو چاہیے کہ وہ اس رات کی قدر کریں اور اسے عبادت و ریاضت میں گزاریں، کہیں ایسا نہ ہو کہ ایک ماہ کی کمائی ایک لمحے کی غفلت سے ضائع ہو جائے۔ یہ رات ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ رمضان تو چلا گیا، مگر اس کی تعلیمات ہمارے دلوں میں زندہ رہنی چاہئیں، کہ حقیقی کامیابی اسی میں ہے کہ بندہ ہر حال میں اپنے رب کا ہو کر رہے۔


اللہ کرے کہ یہ شب انعام ہمارے حق میں قبولیت کا پروانہ بن جائے اور ہم ہمیشہ کے لیے اپنے رب کے ہو کر رہ جائیں۔

اختر شیخ

۳۰ رمضان المبارک ۱۴۴۷ھ

 

۲۰ مارچ ۲۰۲۶

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ