'گفتگو کے آئینے میں ذہنی سطحیں
'گفتگو کے آئینے میں ذہنی سطحیں"
سخنور جب نشست کی تہذیب کو معراج عطا کرتے ہیں تو لفظ محض آواز کا پردہ نہیں رہتا بلکہ معانی کی سیڑھی بن جاتا ہے کہ جس کے زینے طے کرتے ہوئے فکر کے نئے آفاق وا ہوتے ہیں۔ ان کی انجمن میں تخلیق کا ذکر ہوتا ہے، خیال کی آبیاری ہوتی ہے، اور گفتگو یوں نمو پاتی ہے گویا زمین خاموش سے ہریالی پھوٹتی ہو۔ وہ لفظ کو صرف زبان پر نہیں لاتے بلکہ اسے گوندھتے ہیں، سنوارتے ہیں، پھر اس میں اپنی روح کی تپش شامل کر کے اسے زندگی بخشتے ہیں۔ ان کے ہاں گفتگو صرف کہنا نہیں بلکہ ایک تخلیقی واردات ہے جو سننے والے کے باطن میں بھی روشنی کی لکیر کھینچ جاتی ہے۔
اکثر اہل نشست کی دنیا کا رنگ کچھ اور ہے۔ یہاں گفتگو کا مدار تقریبات ہیں، دعوتوں کی رونقیں، محفلوں کی آب و تاب، اور رسومات کی باریکیاں۔ ان کے ہاں کلام کا وزن موضوع سے زیادہ ظاہری چمک دمک سے تولا جاتا ہے۔ کس نے کیا پہنا، کس نے کیا کہا، کس موقع پر کون سا جملہ زیادہ داد سمیٹ گیا۔ یہی ان کی فکری معیشت کا سرمایہ ہے۔ یوں لگتا ہے کہ زندگی ایک مستقل تقریب ہے جس میں اصل مقصد کہیں پیچھے چلا جاتا ہے اور سجاوٹ سارے اسٹیج پر چھا جاتی ہے۔
پھر ایک طبقہ ایسا بھی ہے جن کی گفتگو کا دائرہ اشخاص کے گرد ہی گھومتا ہے۔ یہاں نہ تخلیق کا ذکر ہے نہ تقریب کی وسعت، بس شخصیتوں کی چھان بین ہے، گویا ہر انسان ایک چلتی پھرتی خبر ہے۔ فلاں نے کیا کہا، فلاں کیوں نہ آیا، فلاں کی نیت میں کتنا کھوٹ ہے۔ یہی سوالات ان کے روزمرہ کے تسبیحی دانے ہیں۔ ان کی باتوں میں سچ کم اور قیاس زیادہ ہوتا ہے، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ہر نئی روایت پچھلی سے زیادہ معتبر ٹھہرتی ہے، شاید اس لیے کہ اس میں رنگ آمیزی کی مقدار کچھ بڑھا دی جاتی ہے۔
اور ایک طبقہ وہ بھی ہے جس کی ہر نشست کا حاصل بے مقصد سیاست ہوتی ہے۔ نہ موضوع کی مناسبت باقی رہتی ہے نہ موقع کی نزاکت، بس گفتگو کا رخ کسی نہ کسی طرح سیاست کی گلیوں میں جا کر ٹھہر جاتا ہے۔ چائے کی پیالی ہو یا خوشی کی محفل، ہر جگہ وہی تجزیے، وہی قیاس آرائیاں، اور وہی لا حاصل بحثیں جن کا انجام نہ کسی نتیجے تک پہنچتا ہے نہ کسی فکر کو روشنی بخشتا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ گویا گفتگو نہیں ہو رہی بلکہ الفاظ ایک دائرے میں چکر لگا رہے ہیں، جہاں ہر کوئی خود کو صاحب رائے سمجھتا ہے مگر کسی کی رائے میں ٹھہراؤ نہیں ہوتا۔
یہ حقیقت اپنی جگہ قابل غور ہے کہ تخلیق پر گفتگو کرنا آسان نہیں، اس کے لیے فکر کی گہرائی درکار ہے۔ تقریبات کا ذکر نسبتاً سہل ہے کہ وہ آنکھ کے سامنے کی دنیا ہے، جبکہ لوگوں پر بات کرنا تو سب سے سہل مشغلہ ہے، جہاں نہ تحقیق کی زحمت ہے نہ احتیاط کی قید۔ اور بے مقصد سیاست پر گفتگو ایک ایسی عادت بن جاتی ہے جو سنجیدہ محفل کو بھی بے سمت کر دیتی ہے۔ یوں معلوم ہوتا ہے کہ گفتگو کے موضوعات ہی دراصل ذہنی سطحوں کے آئینہ دار ہوتے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ معاشرہ انہی دائروں میں سانس لیتا ہے، مگر ارتقا کا راستہ ہمیشہ تخلیق کے دائرے سے ہو کر گزرتا ہے۔ جہاں تخلیق کا چراغ جلتا ہے، وہیں شعور کی روشنی پھیلتی ہے۔ ورنہ تقریبات کی چکاچوند، لوگوں کی باتوں کا شور، اور سیاست کی بے سمت بحثیں مل کر ایسا ہنگامہ برپا کرتی ہیں کہ اصل سوال کہیں دب کر رہ جاتا ہے۔
سو اگر گفتگو کو معیار بنانا ہو تو موضوع کا انتخاب ہی پہلا امتحان ہے۔ ورنہ زبان تو ہر کسی کے پاس ہے، مگر بات ہر کسی کے پاس نہیں ہوتی۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment