"نصف صدی بعد ایک ملاقات


 

"یادوں کے جگنو" 

"نصف صدی بعد ایک ملاقات"


  زندگی کے طویل اور پُرپیچ سفر میں بعض لمحے ایسے بھی آتے ہیں جو محض وقت کا حصہ نہیں رہتے بلکہ یادوں کے اوراق پر سنہرے حروف سے ثبت ہو جاتے ہیں۔ یہ وہ ساعتیں ہوتی ہیں جب ماضی اچانک حال کے دریچوں میں جھانکنے لگتا ہے اور بیتے ہوئے دن اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ لوٹ آتے ہیں

آج کا دن میرے لیے نہایت یادگار اور دل نشیں ثابت ہوا کہ بچپن کے عزیز دوست اور ہاکی ٹیم کے رفیق برادر حنان سے سنہ 1976 کے بعد بالمشافہ ملاقات نصیب ہوئی۔ زمانے کی تیز رفتاری، جوانی کی مصروفیات اور روزگار کی الجھنوں نے ایسا گھیرا کہ ملاقاتوں کا سلسلہ منقطع ہو کر رہ گیا۔ البتہ اس دوران برادر من حنان کے بڑے بھائی رشید بھائی اور چھوٹے بھائی افتخار سے اس وقت تک ملاقات رہی جب تک ان کا کارخانہ فردوس کالونی میں قائم رہا۔ پھر حالات نے کروٹ بدلی، ہم فردوس کالونی سے نارتھ ناظم آباد منتقل ہو گئے اور وہ حضرات بھی اپنی رہائش گاہیں تبدیل کر گئے، یہاں تک کہ ناظم آباد نمبر 2 کے مکان نمبر 2-F-7/4 کو بھی فروخت کر دیا گیا اور یوں رابطوں کی ڈور بالکل ٹوٹ گئی۔


گزشتہ برس ہماری ٹیم کے ایک اور ساتھی اور ناظم آباد نمبر 2 کے ہم عصر برادر مسرور خان، جو بچپن سے اب تک رابطے میں ہیں، میرے گھر تشریف لائے۔ دوران گفتگو جب حنان، افتخار اور منان بھائی کا ذکر چھڑا تو معلوم ہوا کہ مسرور کا حنان  سے رابطہ برقرار ہے۔ مسرور بھائی نے ازراہ کرم یہ اطلاع دی کہ حنان لاہور منتقل ہو چکے ہیں اور بڑی محبت سے ان کا نمبر بھی عنایت فرمایا۔ انہی کی وساطت سے مجھے حنان بھائی کا نمبر ملا اور اگلے ہی روز صبح سے گفتگو کا سلسلہ شروع ہوا جو بتدریج دلوں کی قربت میں بدلتا چلا گیا۔

چند روز قبل برادر حنان نے واٹس ایپ پر اطلاع دی کہ وہ عید کے سلسلے میں کراچی آئے ہوئے ہیں اور کوئٹہ ٹاؤن میں اپنی بہن کے ہاں قیام پذیر ہیں، اور 30 مارچ کو لاہور واپسی کا ارادہ ہے۔ میں نے بروقت انہیں اپنے گھر کھانے کی دعوت دی، جسے انہوں نے ازراہ کرم قبول فرمایا۔ آج وہ مقررہ وقت پر تشریف لے آئے اور یوں برسوں کی جدائی ایک دل آویز ملاقات میں ڈھل گئی۔ بس ایک ہلکا سا افسوس یہ رہا کہ بھابھی ساتھ نہ آ سکیں، اس لیے کہ انہیں منان بھائی کی فیملی کے ساتھ کہیں اور جانا پڑ گیا تھا۔ برادر من حنان بھی یہاں سے فراغت کے بعد وہیں تشریف لے گئے۔

اس ملاقات میں جہاں دیگر احباب کی خیریت دریافت ہوئی، وہیں افتخار کے انتقال کی دل خراش خبر بھی سننی پڑی۔ دل نے بے اختیار دعا مانگی کہ رب کریم ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کی اولاد کو صبر جمیل عطا کرے اور شاد و آباد رکھے،  آمین ثم آمین۔

حنان بھائی سے مل کر یوں محسوس ہوا جیسے ماضی کی ایک ایک تصویر آنکھوں کے سامنے زندہ ہو اٹھی ہو۔ یادوں کے دریچے کھلتے گئے اور بچپن کے سبھی ساتھیوں کا ذکر خیر ہوتا رہا۔ اسی دوران میں نے برادر محمد علی سے بھی فون پر گفتگو کرائی، یہ وہی محمد علی ہیں جنہیں میں نے 51 برس بعد اپنے ایک اور اسکول کے ساتھی طارق اے خان بھائی، جو آج کل مشی گن امریکہ میں مقیم ہیں، کی معاونت سے تلاش کیا تھا۔

اس نشست میں اعجاز، مسرور، سہیل عزیز، زبیر، اقرار، نظر، اقبال مصطفی، سلمان، حسن اکبر، نیر، شاہد، صلاح الدین، نیز حنان بھائی کے بھائی رشید اور مرحوم افتخار سبھی کا ذکر بڑی محبت سے ہوتا رہا۔ تین چار گھنٹوں کی یہ محفل ہمیں بچپن کی ان حسین وادیوں میں لے گئی جہاں خلوص بے غرض تھا اور رفاقت بے مثال تھی۔

برادر عزیز حنان، آپ کا بے حد شکریہ کہ آپ نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر میرے نعمت کدے کو رونق بخشی۔ آپ کے لیے اور آپ کے خاندان کے لیے دل سے دعائیں ہیں، اور ان سبھی بچپن کے دوستوں کے لیے بھی جو آج ہماری گفتگو میں یادوں کی صورت شریک رہے۔ اللہ کریم سب کو شاد و آباد رکھے۔

یوں لگتا ہے کہ وقت چاہے کتنی ہی گرد کیوں نہ اڑا دے، سچے رشتوں کی چمک مدھم نہیں پڑتی۔ وہ یادوں کی صورت دل کے نہاں خانوں میں جگنوؤں کی طرح روشن رہتے ہیں اور کسی ایک خوشگوار لمحے میں پھر سے جگمگا اٹھتے ہیں۔ آج کی یہ ملاقات بھی انہی جگنوؤں کی ایک روشن لڑی تھی، جس نے بیتے ہوئے زمانوں کو پھر سے زندہ کر دیا اور دل کو ایک انجانی سی تر و تازگی سے بھر دیا۔

اختر شیخ 

کیونکہ ۔۔۔۔۔۔۔

دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ