ہمت کا سفر، شفقت کا سایہ
ہمت کا سفر، شفقت کا سایہ
مجھے نثر نگاری سے ایسی دلدادگی تھی کہ گویا یہ شغف میرے خون میں دوڑتا، سانسوں میں اترتا، اور خوابوں تک میں اپنا نقش چھوڑ جاتا۔ گویا یہ کوئی شوق نہیں، بلکہ وجود کا لازمی جزو بن چکا تھا۔ ابتدائی ایام میں مختصر تحریریں دوستوں کے سامنے رکھتا، مگر چند قابل احترام دوستوں کے تبصرے اور بعض کی ناموزوں توجیہات نے حوصلہ پست کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ کبھی کبھی یہ خیال بھی دل میں ابھرتا کہ شاید یہ سفر میرے بس کا نہیں، مگر نہ جانے کیوں قلم سے بے وفائی بھی ممکن نہ تھی۔
ایسے میں جب چاروں طرف مایوسی کے سوا کچھ نظر نہ آتا تھا، اس وقت میرے بڑے بھائی کے مانند دوست سعود سلیم صاحب ہی وہ واحد شخصیت تھیں جنہوں نے مسلسل پیغامات اور بار بار کیے گئے موبائل مکالمات سے نہ صرف میری ہمت بندھائی بلکہ میرے اندر چھپی ادبی صلاحیتوں کو پہچان کر انہیں ابھارنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ ان کی شفقت، راہ نمائی اور اصلاحی نکات نے نہ صرف ہمت افزائی کی بلکہ نثر کے میدان میں قدم رکھنے کی سعادت بخشی۔ وہ نہ صرف مشورے دیتے، بلکہ میرے قلم کی ہر ناکامی کو اپنی ناکامی سمجھ کر دکھ اٹھاتے اور ہر کامیابی پر ایسی محبت سے نوازتے کہ گویا وہ اپنی ہی کامیابی سے سرشار ہوں۔ ان کے مقام ارشاد کو اگر میں اپنا استاد کہتا ہوں تو یہ کوئی محض تعارف نہیں، حقیقت کا اقرار ہے۔
دوسرے درجے پر میرے شاعر استاد معتبر شاہجہاں پوری صاحب کا نام آتا ہے جن کی شفقت، توجہ اور اصلاحی نصائح نے میرے ادبی ذوق کو اس طرح سنوارا کہ قلم نے راہ پا لی اور خیالات میں نکھار پیدا ہوا۔ نعتیہ مضامین میں ہمیشہ ان کی محبت و شفقت اور رہنمائی شامل رہتی ہے، ان کی صحبت نے مجھے یہ سکھایا کہ لفظ کیا ہے، جملہ کس طرح مہکتا ہے، اور اردو کا آہنگ کس طرح دلوں میں اترتا ہے۔ ان کی ہر اصلاح میرے لیے درسگاہ تھی، ہر خاموشی بھی نصیحت سے کم نہ تھی۔
آج اگر میری ادنی سی ادبی پہچان ہے تو یہ مقام انہی کی محبت، شفقت اور راہ نمائی کا ثمر ہے۔ میں جب بھی قلم اٹھاتا ہوں تو محسوس کرتا ہوں کہ ان دونوں کا سایہ میرے ہاتھ پر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر کامیابی کے لمحے میں میرا دل انہی دو شخصیتوں کے نام سے دھڑکتا ہے۔ اللہ رب العزت کا یہ شرف خاص بھی انہی کی محبت و راہ نمائی کی بدولت حاصل ہوا۔
میں دعا گو ہوں کہ رب کریم ان دونوں گرامی قدر ہستیوں کو صحت و عافیت سے نوازے، ان کے سایہ کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، اور ان کی عمر میں برکت عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔
قلم اگر آج کچھ لکھ پاتا ہے تو وہ صرف انہی کی بھرپور ہمت و حوصلہ افزائی کا عکس اور تربیت کا فیض ہے۔ یہ میرے لیے محض اعزاز نہیں، بلکہ ایک امانت ہے جسے نبھانے کا جذبہ انہی کی محبت سے پروان چڑھا۔
اس موقع پر اسحاق وردگ کا یہ شعر میرے احساسات کا آئینہ ہے۔۔۔۔
اساتذہ نے مرا ہاتھ تھام رکھا ہے
اسی لیے تو میں پہنچا ہوں اپنی منزل پر
(اسحاق وردگ)
اور قیصر حیات کی غزل کے یہ اشعار بھی اس احسان استاد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔۔۔۔
سنگ بے قیمت تراشا اور جوہر کر دیا
شمع علم و آگہی سے دل منور کر دیا
چشم فیض اور دست وہ پارس صفت جب چھو گئے
مجھ کو مٹی سے اٹھایا اور فلک پر کر دیا
دے جزا اللہ تو اس باغبان علم کو
جس نے غنچوں کو کھلایا اور گل تر کر دیا
خاکۂ تصویر تھا میں خالی از رنگ حیات
یوں سجایا آپ نے مجھ کو کہ قیصر کر دیا
(قیصر حیات)
اختر شیخ

Comments
Post a Comment